مقروض کی کمائی اگر حرام کی ہو تو کیا اس سے قرضہ واپس وصول کرسکتے ہیں؟
سوال
میں نے ایک شخص کو بطور قرض کچھ رقم دی تھی، اب مجھے یقین کے ساتھ پتا چلا ہے کہ اس شخص کی کمائی صاف طور پر حرام کی ہے تو کیا میرے لیے اس کے حرام پیسوں سے اپنا قرض وصول کرنے کی گنجائش ہے؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر مقروض شخص صراحت کے ساتھ یہ کہہ کر قرضہ واپس کرے کہ یہ حرام پیسہ ہے تو ایسی صورت میں آپ کے لیے مذکورہ رقم لینے کی اجازت نہ ہوگی اور آپ کو مقروض سے اس بات کے مطالبہ کا حق ہوگا کہ وہ حلال مال سے قرضہ واپس کرے، البتہ اگر اس نے قرضہ ادا کرتے وقت کسی قسم کی صراحت نہیں کی ہو، تو ایسی صورت میں اپنا قرضہ وصول کرسکتے ہیں۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

