ڈھائی تولہ سونے پر زکاۃ کا کیا حکم ہے؟
سوال
اگر کسی کے پاس صرف ڈھائی تولہ سونا ہو اور نقد روپیہ نہ ہو کیا اس پر زکات واجب ہے?
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر ڈھائی تولہ سونے کے علاوہ کچھ بھی نقدی (چند روپے بھی) نہ ہوں اور کچھ چاندی کی مقدار بھی نہ ہو اور کوئی مالِ تجارت بھی نہ ہو تو ایسی صورت میں اس مقدار سونے پر کوئی زکاۃ واجب نہیں ہوگی۔ بصورتِ دیگر ڈھائی تولہ سونے کی مالیت معلوم کرکے موجود نقدی یا موجود چاندی یا مالِ تجارت کی مالیت کے ساتھ شامل کرکے کل کا ڈھائی فیصد زکاۃ کے طور پر ادا کرنا لازم ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

