بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

سالانہ، داخلہ اور امتحانی فیس کا حکم

سوال

اسکولوں میں رائج سالانہ اور داخلہ فیس لینے کا شرعی حکم کیا ہے؟ تنخواہیں، امتحانات اور دیگر متفرق اخراجات پورے نہ ہوتے ہوں تو کیا داخلہ کار روائی اور اس کی خدمات کے عوض داخلہ فیس لی جاسکتی ہے؟ اور امتحانات اور سال کے دوران دیگر اخراجات کی مد میں سالانہ فیس وصول کی جاسکتی ہے؟ یا امتحان کے نام سے ہی امتحانی فیس مقرر کی جائے؟

جواب

محض داخلہ فیس لینے کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے، اس لیے کہ یہ کسی چیز کے عوض میں نہیں ہے، ہاں اگر  داخلہ کی کار روائی، امتحان، فارم اور عملہ کی خدمات کے عوض اس کام کی فیس لی جائے تو اس کی گنجائش ہے۔

 اسکولوں میں تعلیمی و نصابی سرگرمیوں کے علاوہ، طلبہ کے لیے ہم نصابی سرگرمیاں اور ضمنًا و تبعًا بہت سے امور سرانجام  دیے جاتے ہیں جن کے لیے عرف کے مطابق فیسیں وصول کی جاتی ہیں، مروجہ سالانہ فیس بھی عمومًا ان اخراجات کی غرض سےلی جاتی ہے؛  لہٰذا  اس کا وصول کرنا جائز ہے۔

البتہ اگر پورے سال کے دوران طلبہ کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کی علیحدہ علیحدہ فیس وصول کی جاتی ہے تومحض  سالانہ فیس کے عنوان سے رقم وصول نہیں کرنی چاہیے۔

مشكوة المصابيح میں ہے: 

"و عن عمرو بن عوف المزني عن النبي صلى الله عليه و سلم قال: الصلح جائز بين المسلمين إلا صلحًا حرّم حلالًا أو أحلّ حرامًا، و المسلمون على شروطهم إلا شرطًا حرّم حلالًا أو أحلّ حرامًا."

(کتاب البیوع، باب الإفلاس و الانظار، ج: 1، ص: 259، ط: رحمانیة)

الاشباہ و النظائر میں ہے:

‌العادة ‌محكمة، وأصلها قوله - عليه الصلاة والسلام - «ما رآه المسلمون حسنا فهو عند الله حسن» قال العلائي لم أجده مرفوعا في شيء من كتب الحديث أصلا، ولا بسند ضعيف بعد طول البحث، وكثرة الكشف والسؤال، وإنما هو من قول عبد الله بن مسعود - رضي الله تعالى عنه - مرفوعا عليه، أخرجه أحمد في مسنده

(غمز عيون البصائر في شرح الأشباه والنظائر، الفن الأول، القاعدة السادسة 1/ 295 ط: دار الكتب العلمية)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144003200390
تاریخ17-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں