حاجی کی 28 ذو القعدہ سے 19 ذوالحجہ تک مکہ میں رہنے کی نیت ہو تو مقیم ہو گا یا مسافر؟
سوال
ایک حاجی 28 ذیقعدہ کو مکہ مکرمہ پہنچتا ہے اور اسے حج کے بعد 19 ذی الحجہ تک مکہ ہی میں قیام کرنا ہے، یہ حاجی ان ایام میں مسافر ہے یا مقیم ؟
جواب
سفر کے دوران مقیم ہونے کے لیے یہ شرط ہے کہ ایک ہی مقام پر لگاتار پندرہ دن یا اس سے زیادہ اقامت کی نیت کرلے،جب کہ مذکورہ بالا صورت میں حاجی کی مسلسل ایک جگہ پندر ہ دن قیام کی نیت نہٰیں ہوگی، بلکہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے لیے پندرہ دن پورے ہونے سے پہلے مکہ سے نکل کر منی جانے کی نیت ہوتی ہے جو کہ مکہ مکرمہ سے الگ ایک جگہ ہے، اس لیے مذکورہ حاجی ان ایام میں مسافر ہی رہے گا۔فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

