میں تجھے طلاق دوں گا سے طلاق کا حکم
سوال
ایک شخص نے اپنی بیوی کو میسج کیا کہ فون آن کر، میں تجھے طلاق دوں گا، اور اس کے بعد میسج کیا کہ ماں کے گھر گئی ہے تو ساری زندگی ماں کے پاس رہنا، تو مذکور الفاظ کنایات میں سے ہیں کہ نہیں؟ اب ان کی وجہ سے طلاقِ بائن واقع ہوگی کہ نہیں؟
جواب
اس صورت میں پہلے مسیج (میں طلاق دوں گا) سے تو طلاق واقع نہیں ہوئی ، البتہ دوسرا میسج کہ ہمیشہ ماں کے گھر رہنا یہ طلاق کے کنائی الفاظ ہیں ، اس میں اگر شوہر کی نیت ہو اور بیوی ماں کے گھر بھی گئی ہو تو ایک طلاقِ بائن واقع ہوگئی ، ورنہ نہیں ۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

