ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا
سوال
کیا ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا جائز ہے؟ جیسے کرسی پر رکھ کر بیٹھا جاتا ہے۔ سنا ہے کہ یہ تکبر کی نشانی ہے؟
جواب
ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا جائز ہے،کسی کتاب میں اس کو تکبر کی علامت قرار دیا جانا نظر سے نہیں گزرا، البتہ جس شخص کو اس طرح بیٹھنے سے دل میں تکبر آتا ہو اس کو اس طرح بیٹھنے سے بچنا چاہیے، لیکن کسی کو اس طرح بیٹھنے کی وجہ سے ٹوکنا درست نہیں ہے۔
ہاں بعض احادیث میں تہبندیا چادر باندھ کر اس طرح لیٹنے سے منع کیا گیا ہے کہ ایک ٹانگ پر دوسری ٹانگ رکھی گئی ہو، کیوں کہ اس میں بے پردگی کا احتمال زیادہ ہے، لہٰذا اگر کرسی وغیرہ پر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے میں بے پردگی کا امکان ہو تو اس کیفیت سے اجتناب کرنا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

