فرض نماز کے بعد دعا کرنے کا حکم
سوال
فرض نمازوں کے بعد دعا کرنا کیسا ہے؟ فرض کے بعد دعا کرنی چاہیے یا نہیں؟ بعض علماء اس کے بہت خلاف ہیں کہ فرض کے بعد کوئی دعا یا ذکر کیا جائے۔
جواب
سنن و نوافل فرض نمازوں کے مکملات (مکمل کرنے والے) اور توابع میں سے ہیں ؛ اس لیے جن فرض نمازوں (ظہر، مغرب اور عشاء) کے بعد سنن مؤکدہ ہیں ان فرض نمازوں کے بعد مختصر دعا پر اکتفا کر کے سنن و نوافل میں مشغول ہو جانا زیادہ بہتر ہے، فرض نماز کے بعد جو دعائیں یا اذکار احادیث میں وارد ہیں وہ اذکار پڑھے جائیں یا مختصر دعا کی جائے تو کوئی حرج نہیں ہے، لمبی دعا مانگنی ہو یا طویل اذکار کرنے ہوں تو سنن مؤکدہ ادا کرنے کے بعد کریں۔ اور جن فرض نمازوں کے بعد سنن نہیں ہیں، جیسے فجر اور عصر ان کے بعد طویل دعا مانگنے اور طویل ذکر کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

