بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

1 جُمادى الأولى 1448ھ 13 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

منی سے باہر دم شکر ادا کرنے والے کا حکم

سوال

1-ایک شخص نے منی سے باہر قربانی کی تو اس کا کیا حکم ہے؟

 2-اگر اس پر دم واجب ہے اور وہ حج سے واپس آگیا ہے تو دم اپنے ملک میں ادا کرے یا حدودِ حرم یا منی میں کسی کو پیسہ دے کر دم ادا کرے؟

جواب

1۔2۔ حجِ قران (حج وعمرہ دونوں کی اکٹھے نیت کرنا)اور حج تمتع(عمرہ کرکے پھر حج کی نیت )کرنے والے کے لیے  ایامِ نحر  (10،11،12 ذوالحجہ) میں  حلق (سرمنڈوانے) یا بال کٹوانے سے پہلے منیٰ یا حدود حرم میں یہ قربانی(دم شکرادا) کرنا واجب ہے، لہذا اگر کسی شخص نے منیٰ میں قربانی نہیں کی لیکن حدودِ حرم کے اندر قربانی کی تو دمِ شکر کی قربانی ادا ہوجائے گی۔ لیکن اگر کسی شخص نے حدودِ حرم میں قربانی نہ کی اور حلق کرواکر احرام کھول دیااور اپنے ملک واپس آگیا اب ایسے شخص پر تین دم لازم ہوں گے، ایک دمِ شکر، اور دو دم جنایت، ایک دم اس لیے کہ اس شخص نے حدودِ حرم میں قربانی میں تاخیر کردی اور دوسرا دم اس بنا پر کہ حدودِ حرم میں قربانی سے قبل اس شخص نے حلق کروادیا۔اب یہ تینوں دم حدودِ حرم میں ذبح کروانے لازم ہیں، چاہے خود اس کا انتظام کرے یاوہاں کسی کو اپنا وکیل بنادے دونوں صورتیں جائز ہیں، اپنے ملک میں ادا کرنے سے دم ادا نہیں ہوگا۔فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 143906200032
تاریخ25-02-2018

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں