قربانی کا جانور گم ہوجائے یا مرجائے تو کیا حکم ہے؟
سوال
سوال یہ ہے کہ ایک شخص نے قربانی کے لئے جانورلیا،قربانی کے دن سے پہلے ہی جانورمرگیایاگم ہوگیا،اوراس شخص کے پاس اس وقت مزیدنقدرقم موجودنہیں،اوروہ شخص کوئی چیزبیچ بھی نہیں سکتاوقت کی کمی کے باعث،اوراس شخص کوکوئی ادھاربھی نہیں مل سکتا،ایسی صورت میں اس شخص کے لئے کیاحکم ہے؟
جواب
اگر صاحب نصاب آدمی نے قربانی کے لئے جانورخریداتھااورجانورقربانی سے قبل ہی مرگیایاگم ہوگیاتواس صورت میں اس شخص پر دوسری قربانی کرناواجب ہے،چاہے جانورادھارپرلے یاکوئی چیزفروخت کرکے قربانی کرے۔اگرقربانی کے ایام میں اس شخص نے قربانی نہیں کی توقربانی کے دن گزرنے کے بعداس پرایک متوسط جانور کی قیمت فقراء ومساکین پرصدقہ کرناواجب ہے۔
اوراگرجانورخریدنے والاشخص غریب تھااورجانورقربانی سے پہلے مرگیایاگم ہوگیاتودوسری قربانی واجب نہیں۔فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

