حصول علم دین کا صحیح منہج ۔۔۔ کتابی مطالعہ، اساتذہ کی صحبت اور اسلاف کا طرز عمل
حصول علم دین کا صحیح منہج
کتابی مطالعہ، اساتذہ کی صحبت اور اسلاف کا طرز عمل
علم کی بنیادی حقیقت یہ ہے کہ یہ صرف محض کتابی مطالعے سے نہیں، بلکہ باقاعدہ سیکھنے اور حاصل کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
’’عَنْ مُعَاوِيَۃَ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ يَقُوْلُ: ’’يَا اَيُّہَا النَّاسُ إِنَّمَا الْعِلْمُ بِالتَّعَلُّمِ، وَالْفِقْہُ بِالتَّفَقُّہِ، وَمَنْ يُّرِدِ اللہُ بِہٖ خَيْرًا يُفَقِّہْہُ فِي الدِّيْنِ، وَإِنَّمَا يَخْشَی اللہَ مِنْ عِبَادِہِ الْعُلَمَاءُ۔‘‘ (المعجم الكبير للطبراني، رجال لم يسموا عن معاويۃ، ج:19، ص:395، ط:دار الصميعي - الرياض)
ترجمہ:’’حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:’’اے لوگو! علم صرف حاصل کرنے (اور سیکھنے) ہی سے حاصل ہوتا ہے، اور فقہ (دین کی گہری سمجھ) تفُقّہ ہی سے حاصل ہوتی ہے، اور اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ خیر اور بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے، اسے دین میں فہم (سمجھ) عطا فرماتا ہے، اور بندوں میں سے اللہ سے ڈرنے والے تو صرف علم والے ہی ہیں۔‘‘
اورعلم دین کو صحیح طور پر سیکھنے کا بنیادی اور مستند طریقہ یہ ہے کہ اسے اہل علم کی زیر نگرانی اور ان کی صحبت میں رہ کر حاصل کیا جائے۔ جب اسلامی علوم باقاعدہ مدون اور کتب کی شکل میں مرتب نہیں ہوئے تھے، تو صحابہؓ و تابعینؒ نے یہ علم سینہ بہ سینہ، صحبت اور حفظ کے ذریعے منتقل کیا۔ پھر جب علوم کو کتب کی شکل میں محفوظ کر لیا گیا، تب بھی کتابیں پڑھنے کے لیے استاذ کا توسط اور رہنمائی لازمی قرار دی گئی۔ محض کتابوں کو سامنے رکھ کر خود مطالعہ کرنے (خودسری) کو کبھی علم کا معتبر ذریعہ نہیں مانا گیا۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دین متین کی صحیح سمجھ کے لیے مستند علماء کی صحبت ناگزیر ہے:
’’عَنْ اَبِيْ أمَامَۃَ، عَنْ رَسُوْلِ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ اَنَّہٗ قَالَ: ’’خُذُوْا الْعِلْمَ قَبْلَ اَنْ يَّذْہَبَ۔‘‘ قَالُوْا: وَكَيْفَ يَذْہَبُ الْعِلْمُ يَا نَبِيَّ اللہِ! وَفِيْنَا كِتَابُ اللہِ؟ قَالَ: فَغَضِبَ، ثُمَّ قَالَ: ’’ثَكِلَتْكُمْ أمَّہَاتُكُمْ! اَوَلَمْ تَكُنِ التَّوْرَاۃُ وَالْإِنْجِيلُ فِيْ بَنِيْ إِسْرَائِيْلَ، فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْہُمْ شَيْئًا؟ إِنَّ ذَہَابَ الْعِلْمِ اَنْ يَّذْہَبَ حَمَلَتُہٗ، إِنَّ ذَہَابَ الْعِلْمِ اَنْ يَّذْہَبَ حَمَلَتُہٗ‘‘ (مسند الدارمي، باب في ذہاب العلم، ج:1، ص: 308، رقم:246، ط:دار المغني، المملكۃ العربيۃ السعوديۃ)
ترجمہ: ’’حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’علم کے اٹھائے جانے سے پہلے اسے حاصل کر لو۔‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: اے اللہ کے نبی! علم کیسے اٹھ جائے گا جبکہ ہمارے پاس کتاب اللہ (قرآن) موجود ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جلالی انداز میں فرمایا: ’’تمہاری مائیں تمہیں روئیں! کیا تورات اور انجیل بنی اسرائیل کے پاس موجود نہ تھیں؟ لیکن (استاذ اور صحیح فہم نہ ہونے کی وجہ سے) وہ ان کے کچھ کام نہ آئیں۔ بےشک علم کا اٹھ جانا یہ ہے کہ اس کے حاملین (علماء) دنیا سے رخصت ہو جائیں۔‘‘
جس طرح شریعت کے تمام علوم متصل سند سے ہم تک پہنچے ہیں، اسی طرح شریعت کا صحیح فہم اور اس کی روح بھی علماء کے مسلسل فیض سے ہی منتقل ہوتی ہے۔ امام ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرماتے ہیں:
’’إِنَّ ہٰذَا الْعِلْمَ دِيْنٌ، فَانْظُرُوْا عَمَّنْ تَأخُذُوْنَ دِيْنَكُمْ‘‘ (العلل ومعرفۃ الرجال لأحمد روايۃ ابنہ عبد اللہ، ج:1، ص: 25، ط:دار الخاني - الرياض)
ترجمہ: ’’بے شک یہ علم دین ہے، لہٰذا تم یہ دیکھ لیا کرو کہ تم اپنا دین کس سے حاصل کر رہے ہو؟‘‘
اسی طرح حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
’’عَنْ اَبِي الدَّرْدَاءِ قَالَ: ’’مَا لِيَ اَرٰی عُلَمَاءَكُمْ يَذْہَبُوْنَ وَجُہَّالَكُمْ لَايَتَعَلَّمُونَ؟ تَعَلَّمُوْا قَبْلَ اَنْ يُّرْفَعَ الْعِلْمُ، فَإِنَّ رَفْعَ الْعِلْمِ ذَہَابُ الْعُلَمَاءِ‘‘ (جامع بيان العلم وفضلہ لابن عبد البر، باب ما روي في قبض العلم وذہاب العلماء، ج:1، ص: 608، ط:دار ابن الجوزي - السعوديۃ)
ترجمہ:’’حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں: ’’مجھے کیا ہوا ہے کہ میں تمہارے علماء کو دیکھتا ہوں کہ وہ (دنیا سے) رخصت ہو رہے ہیں اور تمہارے جاہل (اور ناخواندہ لوگ) علم نہیں سیکھتے؟ علم کے اٹھائے جانے سے پہلے اسے حاصل کر لو، کیونکہ علم کا اٹھایا جانا علماء کے دنیا سے چلے جانے ہی کی صورت میں ہے۔‘‘
تاریخ کے ہر دور میں جلیل القدر ائمہ نے خود ساختہ اور محض کتب پر انحصار کرنے والے مطالعے کی سختی سے مذمت کی ہے۔’’المجموع شرح المہذب‘‘ میں ہے:
’’فَقَدْ رُوِيْنَا عَنْ عُمَرَ رَضِيَ اللہُ عَنْہُ: تَفَقَّہُوْا قَبْلَ اَنْ تسَوَّدُوْا، وَقَالَ الشَّافِعِيُّ: تَفَقَّہْ قَبْلَ اَنْ تَرْاَسَ، فَإِذَا رَاَسْتَ فَلَا سَبِيْلَ إِلَی التَّفَقُّہِ... وَلَا يَحْفَظُ ابْتِدَاءً مِنَ الْكُتُبِ اسْتِقْلَالًا بَلْ يُصَحِّحُ عَلَی الشَّيْخِ كَمَا ذَكَرْنَا فَالاسْتِقْلَالُ بِذٰلِكَ مِنْ اَضَرِّ الْـمَفَاسِدِ، وَإِلٰی ہٰذَا اَشَارَ الشَّافِعِيُّ رَحِمَہُ اللہُ بِقَوْلِہٖ: مَنْ تَفَقَّہَ مِنَ الْكُتُبِ ضَيَّعَ الْاَحْكَامَ‘‘ (المجموع شرح المہذب)
ترجمہ:’’ہم سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا گیا ہے کہ انہوں نے فرمایا: سردار (یا بڑا) بنائے جانے سے پہلے فقہ (دین کی تفہیم) حاصل کر لو۔ اور امام شافعیؒ نے فرمایا: سربراہ بننے سے پہلے فہم دین حاصل کر لو، کیونکہ جب تم سربراہ بن جاؤ گے تو پھر تفقہ (سیکھنے) کا موقع نہیں ملے گا۔ اور طالب علم کو چاہیے کہ وہ ابتداء ً خود سے صرف کتابوں سے حفظ کرنا شروع نہ کرے، بلکہ پہلے استاذ سے تصحیح کروائے، جیسا کہ ہم نے ذکر کیا، کیونکہ اس معاملے میں خود سر ہونا (بغیر استاذ کے پڑھنا) سب سے شدید نقصان دہ چیزوں میں سے ہے۔ اسی طرف امام شافعی ؒ نے اپنے اس قول سے اشارہ فرمایا ہے کہ جس نے صرف کتابوں سے تفقہ (علم) حاصل کیا، اس نے احکام کو ضائع کر دیا۔‘‘
اور ’’تذكرۃ السامع والمتكلم في أدب العالم والمتعلم‘‘ میں بعض سلف صالحین کا قول بیان کیا گیا ہے:
’’وَكَانَ بَعْضُہُمْ يَقُوْلُ: مِنْ اَعْظَمِ الْبَلِيَّۃِ تَشَيُّخُ الصَّحِيْفَۃِ اَيِ الَّذِيْنَ تَعَلَّمُوْا مِنَ الصُّحُفِ‘‘ (الفصل الثاني في آدابہ مع شيخہ وقدوتہ، ص:87، ط:دار الكتب العلميۃ، بيروت)
ترجمہ: ’’اور (سلف و علماء میں سے) بعض فرمایا کرتے تھے: سب سے بڑی آزمائش اور مصیبت یہ ہے کہ کوئی شخص صرف صحائف (کتابوں اور ورقوں) کو اپنا استاذ/شیخ بنا لے، یعنی وہ لوگ جو صرف کتابوں سے (بغیر کسی استاذ کے) علم حاصل کرتے ہیں۔‘‘
اسی طرح ’’الآداب الشرعيۃ والمنح المرعيۃ‘‘ میں مذکور ہے:
’’وَقِيْلَ: لِاَبِيْ حَنِيْفَۃَ فِيْ مَسْجِدِ كَذَا حَلْقَۃٌ يَتَنَاظَرُوْنَ فِي الْفِقْہِ، فَقَالَ: لَہُمْ رَأسٌ؟ فَقَالُوْا: لَا، قَالَ: لَا يَفْقَہُوْنَ اَبَدًا۔‘‘ (فصل صيانۃ المسجد عن اللغط ورفع الصوت، ج:3، ص: 382، ط:عالم الكتب)
ترجمہ: ’’امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے جب ایک مسجد کے حلقے کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ فقہ میں مناظرہ کر رہے ہیں، تو آپ نے پوچھا: ’’کیا ان کا کوئی سرپرست (استاذ) ہے؟‘‘ لوگوں نے کہا: ’’نہیں‘‘ تو آپ نے فرمایا: ’’وہ کبھی فقیہ نہیں ہو سکتے۔‘‘
صرف یہی نہیں بلکہ علامہ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ کے فتاویٰ میں دیکھا گیا کہ ان سے ایک ایسے شخص کے بارے میں سوال پوچھا گیا جو خود ہی فقہی کتابیں پڑھتا اور مطالعہ کرتا ہے، اس کا کوئی استاذ (شیخ) نہیں ہے، اور وہ اپنے اسی کتابی مطالعے پر بھروسہ کر کے فتوے دیتا ہے؛ تو کیا اس کے لیے ایسا کرنا جائز ہے یا نہیں؟ انہوں نے جواب دیتے ہوئے فرمایا: اس کے لیے کسی بھی صورت میں فتویٰ دینا جائز نہیں ہے؛ کیونکہ وہ ایک عامی (عام ناخواندہ/غیر عالم) اور جاہل ہے، اسے معلوم ہی نہیں کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ بلکہ جو شخص معتبر اساتذہ اور شیوخ سے علم حاصل کرتا ہے، اس کے لیے بھی صرف ایک یا دو کتابوں کو دیکھ کر فتویٰ دینا جائز نہیں ہے، حتیٰ کہ امام نوویؒ نے فرمایا: دس کتابوں کو دیکھ کر بھی (فتویٰ دینا جائز) نہیں ہے؛ کیونکہ ہو سکتا ہے کہ دس کی دس یا بیس کی بیس کتابیں مذہب کی کسی ایک ضعیف (کمزور) بات پر متفق ہو بیٹھی ہوں، لہٰذا ان معاملات میں ان کی تقلید جائز نہیں۔
برخلاف اس ماہر کے جس نے علم کو اس کے اہلیت رکھنے والے اساتذہ سے حاصل کیا ہو اور اس کے اندر علم کی ایک راسخ اور پختہ صلاحیت (ملکہ) پیدا ہو چکی ہو؛ وہ صحیح اور غیر صحیح میں تمیز کر سکتا ہو اور مسائل کو ان سے متعلقہ تمام امور کے ساتھ قابل اعتماد طریقے پر جانتا ہو، پس یہی وہ شخص ہے جو لوگوں کو فتویٰ دے سکتا ہے اور اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے درمیان (علمی) واسطہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رہا اس کے علاوہ کوئی اور شخص، تو جب وہ اس شریف اور بلند منصب پر زبردستی چڑھنے کی کوشش کرے، تو اس کو سخت تعزیر (سزا) اور شدید ڈانٹ ڈپٹ لازماً کی جانی چاہیے، تاکہ وہ اور اس جیسے دیگر لوگ اس قبیح (برے) کام سے باز رہیں، جو بے شمار مفاسد اور خرابیوں کا باعث بنتا ہے۔ (شرح عقود رسم المفتي، ص: 15-16، ط:عالم الكتب)
لہٰذا علم سیکھنے کا مستند، محفوظ اور اسلم طریقہ یہی ہے کہ علم براہ راست اور بالمشافہ معتمد و باسند اساتذہ سے حاصل کیا جائے۔ ہاں! جب کسی طالب علم یا عالم کو اس طریقہ کار سے علم حاصل کرتے کرتے علوم کے مقاصد اور اصطلاحات کی تفہیم و بصیرت حاصل ہو جائے، تب اس کے لیے محض کتابوں کے مطالعے سے استفادہ کرنے اور علم میں وسعت پیدا کرنے کی اجازت ہے اور اس سے واقعی تفقہ حاصل ہوتا ہے۔ لیکن اس مرحلے تک پہنچے بغیر جو شخص صرف کتابوں پر اعتماد کر کے علم حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے، اس سے فتنہ اور گمراہی کا صادر ہونا ایک عام سی بات ہے۔
اس حقیقت پر علامہ شاطبی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’الموافقات‘‘ میں وضاحت کے ساتھ بحث کی ہے:
’’وَإِذَا ثَبَتَ اَنَّہٗ لَا بُدَّ مِنْ اَخْذِ الْعِلْمِ عَنْ اَہْلِہٖ؛ فَلِذٰلِكَ طَرِيْقَانِ: اَحَدُہُمَا: الْمُشَافَہَۃُ... وَالطَّرِيْقُ الثَّانِيْ: مُطَالَعَۃُ كُتُبِ الْمُصَنِّفِيْنَ...الخ‘‘ (الموافقات للشاطبي، المقدمۃ الثانيۃ عشرۃ، ج:1، ص:140-148، ط:دار ابن عفان)
ترجمہ: ’’اور جب یہ بات ثابت ہو گئی کہ علم کو اس کے اہل (علماء) سے حاصل کرنا ہی ضروری ہے، تو اس کے دو طریقے ہیں:
پہلا طریقہ: بالمشافہ (براہ راست آمنے سامنے) بیٹھ کر حاصل کرنا، اور یہ دونوں طریقوں میں سے زیادہ فائدہ مند اور محفوظ ترین طریقہ ہے، اس کی دو وجوہات ہیں:
پہلی وجہ: وہ خاصیت جو اللہ تعالیٰ نے استاذ اور شاگرد کے درمیان رکھی ہے، جس کا شاہد ہر وہ شخص ہے جس نے علم اور علماء کے ساتھ وقت گزارا ہو، چنانچہ کتنے ہی ایسے مسائل ہیں جنہیں طالب علم کتاب میں پڑھتا ہے، یاد کرتا ہے اور اپنے دل میں دہراتا ہے، لیکن وہ اسے نہیں سمجھ پاتا، پھر جب وہی مسئلہ استاذ اس کے سامنے پیش کرتا ہے تو وہ اسے اچانک سمجھ جاتا ہے اور مجلس میں ہی اسے اس کا علم حاصل ہو جاتا ہے۔ اور یہ فہم یا تو کسی عادی سبب کی وجہ سے حاصل ہوتا ہے یا پھر کسی غیر معمولی غیبی فیض کے ذریعے جو اللہ تعالیٰ طالب علم کو استاذ کی مجلس میں عطا فرماتا ہے۔
اور اس بات کا انکار نہیں کیا جا سکتا؛ کیونکہ صحابہ کرامؓ کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد اپنے احوال میں تبدیلی محسوس کرنا اور حضرت حنظلہ رضی اللہ عنہ کی حدیث اس پر شاہد ہے۔ پس یہ طریقہ ہر لحاظ سے نفع بخش ہے۔ اور متقدمین میں سے بہت کم لوگ لکھا کرتے تھے، امام مالکؒ نے بھی لکھنے کو ناپسند فرمایا اور حفظ و فہم پر زور دیا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے بھی لکھنے کی کراہت منقول ہے۔ لوگوں نے اس کی اجازت صرف اس وقت دی جب بھولنے کی بیماری عام ہوئی اور شریعت کے مٹ جانے کا اندیشہ ہوا۔
دوسرا طریقہ: مصنفین کی کتابوں اور تدوین شدہ دفاتر کا مطالعہ کرنا، اور یہ طریقہ بھی اپنے باب میں مفید ہے؛ لیکن دو شرطوں کے ساتھ:
پہلی شرط: طالب علم کو اس مطلوبہ علم کے مقاصد کی تفہیم اور اس کی اصطلاحات کی اتنی معرفت حاصل ہو چکی ہو، جس سے وہ کتابوں میں غور و فکر کرنے کے قابل ہو سکے۔ اور یہ چیز پہلے طریقے (علماء سے بالمشافہہ پڑھنے) سے حاصل ہوتی ہے۔ اور یہی اس مقولے کا مطلب ہے کہ: علم پہلے لوگوں کے سینوں میں تھا، پھر کتابوں میں منتقل ہو گیا، لیکن اس کی چابیاں اب بھی رجال (علماء) کے ہاتھوں میں ہیں۔
دوسری شرط: وہ متعلقہ علم کے متقدمین (بنیادی و سابقہ) علماء کی کتابوں کو تلاش کر کے انہی کا مطالعہ کرے؛ کیونکہ وہ بعد میں آنے والے متأخرین کے مقابلے میں اس علم میں زیادہ پختہ اور ماہر ہیں۔ اور اس اصول کی بنیادی دلیل تجربہ اور مشاہدہ ہے۔‘‘ (الموافقات للشاطبي، المقدمۃ الثانيۃ عشرۃ)
درس نظامی اور عصری تقاضے
نتیجتاً مذکورہ اصولوں کی روشنی میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ حصول علم کے لیے کوئی خاص ادارہ یا صرف ’’درس نظامی‘‘ کا رواجی نصاب ہی واحد ذریعہ نہیں ہے، بلکہ اصل اہمیت ان اصولوں، شرائط اور منہج کی ہے جن پر عمل کر کے علم دین حاصل کیا جاتا ہے۔ جہاں کہیں بھی شرعی اصولوں، ماہر فن اساتذہ کی زیر نگرانی ، اور سلف صالحین کے منہج کے مطابق ہونے کی شرائط پوری ہوں، وہاں سے علم حاصل کرنا شرعاً درست ہے۔
ہاں! درس نظامی دینی علم سیکھنے کے لیے ایک منظم، آزمودہ اور مؤثر تعلیمی نظام ہے، جس سے صدیوں سے قابل اعتماد علماء کرام تیار ہوتے رہے ہیں۔ آج کے دور میں اگر یونیورسٹیز کے اسکالرز بھی علوم اسلامیہ کی تمام بنیادی شرائط کو پورا کرتے ہوئے کسی مستند استاذ کی نگرانی میں علم حاصل کر لیں اور اس درجے کو پہنچ جائیں کہ انہیں اعتماد کے ساتھ ’’عالم‘‘ کہا جا سکے، تو ان سے مستفید ہونے میں کوئی حرج نہیں۔
اس کے برعکس جو شخص کسی استاذ کی رہنمائی اور صحبت کے بغیر محض کتب کے مطالعے پر انحصار کرتے ہوئے خود دین کی تشریح کرنے لگے، اس کا علم ناقص اور غیر معتبر ہوتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس فتنے کے بارے میں پہلے ہی خبردار فرما دیا تھا، جیسا کہ صحیح مسلم میں حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما سے مروی ہے:
’’إِنَّ اللہَ لَا يَقْبِضُ الْعِلْمَ انْتِزَاعًا يَنْتَزِعُہٗ مِنَ النَّاسِ، وَلَكِنْ يَقْبِضُ الْعِلْمَ بِقَبْضِ الْعُلَمَاءِ، حَتَّی إِذَا لَمْ يَتْرُكْ عَالِـمًا، اتَّخَذَ النَّاسُ رُؤوْسًا جُہَّالًا، فَسُئِلُوْا فَاَفْتَوْا بِغَيْرِ عِلْمٍ، فَضَلُّوْا وَاَضَلُّوْا۔‘‘ (صحيح مسلم، باب رفع العلم وقبضہ، وظہور الجہل والفتن في اٰخر الزمان، ج:4، ص: 2058، رقم:2673، ط: دار إحياء التراث العربي، بيروت)
ترجمہ: ’’بے شک اللہ تعالیٰ علم کو لوگوں سے چھین کر نہیں اٹھائے گا، بلکہ علماء کو اٹھا کر علم کو قبض کر لے گا، یہاں تک کہ جب وہ کسی عالم کو باقی نہیں چھوڑے گا تو لوگ جاہلوں کو اپنا پیشوا بنا لیں گے، ان سے سوال کیا جائے گا تو وہ بغیر علم کے فتویٰ دیں گے، خود بھی گمراہ ہوں گے اور دوسروں کو بھی گمراہ کریں گے۔‘‘
لہٰذا تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی لوگوں نے اہل علم کا دامن چھوڑ کر من مانا اور خود ساختہ مطالعہ کیا، معاشرے میں فکری گمراہی اور فتنوں نے جنم لیا۔ سلف صالحین کے منہج سے ہٹ کر بغیر استاذ اور اصول کے دین حاصل کرنا یا اس کی تبلیغ کرنا شرعاً سخت ناپسندیدہ اور خطرناک رویہ ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو علوم شرعیہ، ان کے صحیح اور مستند منہج کے مطابق معتمد و باسنَد علماء کی سرپرستی میں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، علم نافع سے سرفراز فرمائے اور تمام فتنوں اور گمراہیوں سے محفوظ رکھے۔

