حرمین شریفین کی خدمت و حفاظت فضیلت اور تقاضے
حرمین شریفین کی خدمت و حفاظت
فضیلت اور تقاضے
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے پورا جزیرۃ العرب قبائلی تصادم اور خانہ جنگیوں میں گھرا ہوا تھا، معمولی معمولی بات پر خون بہانا ایک عام سی بات سمجھی جاتی تھی۔ قبائل کے اسفار بے امنی کے خطرات سے دوچار رہتے تھے، سفر سے قبل قافلہ بندی کرنا پڑتی، تاکہ کوئی قبیلہ قافلہ پر حملہ کرکے مال نہ لوٹ لے یا جان سے نہ ماردے۔ دوسری طرف بیت اللہ کے اطراف میں آباد قبیلۂ قریش کے لوگ بیت اللہ کے متولی تھے، بیت اللہ کی نسبت سے دوسرے قبائل ان کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے کہ یہ بیت اللہ کی حفاظت کرنے والے اور بیت اللہ کے متولی ہیں۔ کوئی قبیلہ ان سے لڑائی نہ کرتا، تجارتی اسفار میں جن قبائل سےگزر ہوتا وہ بیت اللہ کے رکھوالوں کی عزت وتکریم کو تعظیم بیت ہی کی نظر سے دیکھتے تھے۔ نیز بیت اللہ کی وجہ سے ان کو مکہ میں بھی امن و اطمینان حاصل تھا۔
قریش نے جب دین اسلام کی مخالفت کی اور اسلام قبول کرنے کی صورت میں دیگر قبائل کی طرف سے ناراضی اور عزت و احترام میں کمی کا اندیشہ ظاہر کیا تو اللہ تعالیٰ نے ’’اَوَ لَمْ یَرَوْا اَنَّا جَعَلْنَا حَرَمًا اٰمِنًا وَیُتَخَطَّفُ النَّاسُ مِنْ حَوْلِہِمْ ‘‘ (العنکبوت: 67) نازل فرماکر ان کے اس بے بنیاد شبہے کو رد فرمادیا، یعنی ہم نے کیا حرم کو امن کی جگہ نہیں بنایا؟ حالانکہ ان کے اطراف میں جو لوگ ہیں ان کو اُچکا اور قتل کیا جارہا ہے۔ قریش کو جتلایا گیا کہ تمہارا امن و اطمینان اور عزت و احترام سب بیت اللہ کی برکت سے ہے، جب تم بیت اللہ کے پروردگار کو نہیں مان رہے تھے، تب اللہ تعالیٰ نے تم کو اتنی عزت اور شرافت دی ، اب جب تم بیت اللہ کے پروردگار کو مان لوگے تو کیا اللہ تعالیٰ تم کو بےیارومددگار چھوڑدیں گے؟ ایسا ہرگز نہیں ہوگا، بلکہ ماضی شاہد ہے کہ بیت اللہ شریف کے ساتھ حفاظت و خدمت کی نسبت رکھنے والوں کے دفاع اور معاش کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے خود اٹھا رکھا ہے، چنانچہ قرآن کریم کی سورۂ فیل میں دفاعی ضمانت کی مثال پیش کی گئی ہے اور سورۂ قریش میں معاشی بندوبست کا بیان فرمایا گیا ہے: ’’الَّذِیْٓ اَطْعَمَہُمْ مِّنْ جُوْعٍ وَاٰمَنَہُمْ مِّنْ خَوْفٍ‘‘۔
پوری دنیا کے اندر اشیاء ضروریہ کی قلت ہوا کرتی ہے، لیکن اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین میں فراوانی عطا فرمائی ہے، لاکھوں لوگ حج وعمرہ کرنے آتے ہیں، لیکن کسی نعمت کی کمی نہیں ہوتی اور پھر اللہ تعالیٰ نے اس سرزمین میں اتنا تیل رکھا کہ ساری دنیا اس کی طرف للچائی ہوئی نگاہوں سے دیکھتی ہے۔ یہ تمام نعمتیں بیت اللہ کی نسبت سے ملی ہیں۔ یہ نسبت اتنا بڑا اعزاز ہے کہ وہاں کے شاہی حکمرانوں نے اپنا نام جلالۃ الملک سے تبدیل کرکے ’’خادم الحرمین الشریفین‘‘ رکھا۔
مگر اس حفاظتی انتظام اور معاشی انعام پر مقام شکر کے طور پر یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ: ’’فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ ہٰذَا الْبَیْتِ‘‘ یعنی جب معاشی آسودگی اور امن و اطمینان اللہ تعالیٰ نے عطا فرمایا ہے تو اس کا تقاضا ہے کہ عبادت بھی اسی کی کی جائے، اطاعت و فرمانبرداری بھی اسی کی کی جائے۔
مکہ معاہدہ کی شکل میں پاکستان اور پاکستانی عوام کو بھی ایک اعزاز عطا کیا گیا ہے، حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت ملی ہے:
ایں سعادت بزور بازو نیست
تا نہ بخشد خدائے بخشندہ
اب اس سعادت کے بعد پاکستان کی ذمہ داری کیا ہے؟! ایک طرف بیت اللہ کے متولی ہیں اور دوسری طرف بیت اللہ کے محافظین ہیں، ان دونوں میں ایک قدر مشترک ہے، وہ یہ کہ بیت اللہ‘ اللہ کی بندگی کے لیے قائم ہوا ہے اور پاکستان بھی اسی مقصد کے لیے قائم ہوا ہے ، پرانے لوگ جانتے ہیں کہ آزادی کے موقع پر نعرہ لگایا گیا: پاکستان کا مطلب کیا: ’’ لا إِلٰہ إلّا اللہ‘‘ جس خصوصیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے کلمہ ’’ لا إِلٰہ إلّا اللہ‘‘ کی بنیاد پر پاکستان جیسی نعمت عطا کی، اس نعمت کی قدر دانی کی ضرورت ہے اور اس کے کچھ تقاضے ہیں، لہٰذا جس طریقے سے بیت اللہ کے متولیوں اور خدام کے لیے قیامت تک اللہ تعالیٰ کا حکم ہے: ’’فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ ہٰذَا الْبَیْتِ ‘‘ اسی طریقے سے بالواسطہ یہ حکم محافظین حرمین شریفین کی طرف بھی متوجہ ہے۔ گویا اللہ تعالیٰ قیامت تک آنے والے حرمین شریفین کے تمام متولیوں، خدام اور محافظین کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ: ’’فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ ہٰذَا الْبَیْتِ ‘‘ تم اپنے پروردگار کی بندگی کرو، اور عبادت و بندگی صرف نماز پڑھنا نہیں ہے، بلکہ سرسے لے کر پاؤں تک پوری زندگی کو اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق ڈھالنا ہے۔
حرمین شریفین کے متولی، خدام اور محافظین اللہ تعالیٰ کے اس وعدے پر یقین کرتے ہوئے اپنے اپنے معاشرے اور ملک میں اسلامی ، عبادات، آداب اوراقدار کو فروغ دیں گے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت و اطاعت کا ماحول بنائیں گے تو اللہ تعالیٰ اپنے وعدے کے مطابق ان کی مدد فرمائیں گے اور انہیں امن و سکون اور معاشی ترقی عطا فرمائیں گے۔
اللہ تعالیٰ کے احکامات کی رعایت و عمل درآمد کی برکت سے ہمارا ملک بھی ترقی کرسکتا ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا جو اللہ کے گھر کی حفاظت کرے اللہ اس کی حفاظت نہ کرے: ’’اِنْ تَنْصُرُوْا اللہَ یَنْصُرْکُمْ‘‘ (سورۂ محمد:۷)۔ جو بیت اللہ کے متولی تھے اور مسلمان نہیں تھے اللہ نے ان کو ’’الَّذِيْٓ اَطْعَمَہُمْ مِّنْ جُوْعٍ ڏ وَّاٰمَنَہُمْ مِّنْ خَوْفٍ ‘‘کا اعزاز بخشا، جو ایمان لائیں اور نیک عمل کریں اور حرمین شریفین کی حفاظت کریں کیا اللہ تعالیٰ ان کے لیے اس وعدہ کو پورا نہیں کرے گا؟ یقیناً پورا کرے گا۔
اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک موقع دیا ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کو زیادہ سے زیادہ اپنے دامن میں سمیٹ لیں، تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں وہ عزت اور شرافت عطا کرےجو حرمین شریفین کی خدمت کے صدقہ میں قوموں کو ملی ہے۔
ہم یہ سمجھتے ہیں کہ حرمین شریفین سارے عالم کے مسلمانوں کی ریڈ لائن ہے اور حرمین شریفین کی حفاظت ہر مسلمان کی آرزو بھی ہے اور ہر مسلمان کی کوشش بھی۔ اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کی حفاظت فرمائے، خدانخواستہ اگر حرمین شریفین کے خلاف کوئی جارحیت ہوئی تو مملکت پاکستان اور ہر پاکستانی ان شاء اللہ حرمین کی حفاظت کے لیے تیار ہے اور اس سعادت کے حصول کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لیے تیار ہے:
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تا بخاک کاشغر

