علمی انحطاط اور شوقِ اجتہاد
علمی انحطاط اور شوقِ اجتہاد
تمہید
کچھ حضرات کو مجلس میں بیٹھے مذاہبِ فقہیہ کے درمیان ترجیح دیتے دیکھا، منظریہ تھا کہ ایک صاحب نے کہا: ’’امام ابوحنیفہ ؒ کا یہ قول ہے، مگر امام شافعیؒ یوں فرماتے ہیں اور انہی کی بات دل کو لگتی ہے۔‘‘ اب کیوں دل کو لگتی ہے؟ اور کیسے لگتی ہے؟ اس سے قطع نظر بندہ تو اس بات پر حیران تھا کہ یہ کون سی نئی دلیل ہے تر جیح کی کہ’’ دل کو لگتی ہے ‘‘؟ پھر ایک صاحب کہتے ہیں کہ: ’’یوں ہونا چاہیے۔‘‘ پھر ان حضرت کی مجلس شوریٰ اپنی رائے پیش کرتی ہے، کچھ حکَم بنے ان اقوال میں ترجیح کی خدمت سرانجام دے رہے ہوتے ہیں، جبکہ اگر ’’ترجیح‘‘ سے فعلِ معروف کی گردان سنانے کو کہا جائے تو چار غلطیاں کریں، ـاس پر ظلم یہ کہ کچھ تو قرآن مجید اور احادیث کو لے کر مسائل فقہ پر اعتراض کرتے ہیں کہ جیسے فقہ قرآن و سنت سے ماخوذ نہیں، مخا لفِ قرآن و سنت ہے۔ دکھ اس پہ ہے کہ انھوں نے مسائل کو سمجھا ہوتا ہے نہ قرآن و حدیث کو ، بلکہ فقہ اسلامی کو لہو ولعب بنا کر جس کے دل میں جو آیا کہہ ڈالا، فقہاء پر طعن کرنا تھا کر ڈالا، علماء پر الزام دھرنا تھا دھر ڈالا۔ خیال ہوا اور کچھ نہیں تو دو چار الفاظ ہی لکھ دیے جائیں، شاید یہ تحریر ان کی آنکھوں تک پہنچے، ان کے فہم کا دروازہ کھٹکھٹائے اور ان کے دل میں اتر جائے۔ کچھ باتیں جو اللہ تعالیٰ کی توفیق سے اپنے بڑوں سے سنیں اور کتابوں میں پڑھیں عرض کردیں، بس ان اسباب کو بیان کیا گیا ہے جن کی وجہ سے یہ بیماری لگتی ہے اور پھر اس کے علاج کا بھی ذکر کر دیا گیا ہے، واللہ الموفق۔
وہ اجتہاد کرتے ہیں تو ہم کیوں نہ کریں؟
کہتے ہیں کہ :’’چاروں مذاہب بر حق ہیں، ہر ایک کا قول اللہ کے ہاں ماجور (باعث ثواب) ہے ، صحیح ہوا تو دو اجر ورنہ ایک تو ہے ہی (1) ، تو بس ہمیں کیوں روکتے ہو؟۔‘‘
اب یہاں غور کیجیے تو معلوم ہوگا کہ دعویٰ یہ ہے کہ: ’’ہمیں کیوں روکتے ہو؟‘‘ اور دلیل یہ ہے کہ: ’’ہر ایک کا قول اللہ کے ہاں ماجور ہے۔‘‘ جبکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ اجر مجتہدین کے لیے خاص ہے نہ کہ عام لوگوں کے لیے، لیکن یہ بات بول کر حقیقتاً یہ دعویٰ کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم میں اور ائمہ مجتہدین میں فرق ہی کیا ہے؟ اور کبھی صراحتاً کہہ بھی دیتے ہیں: ’’ھم رجال ونحن رجال‘‘
اور جب انہیں ان ائمہ کی عبادت کا کچھ حال سنا دیا جائے تو ان کی عقل اسے قبول کرنے سے قاصر ہوتی ہے، کہتے ہیں یہ تو ممکن ہی نہیں، اب خود سوچیے کہ جس بات کو ان کی عقل قبول کرنے سے عاجز ہے، وہ حضرات اُسے بالفعل انجام دے چکے ہیں، جہاں وہ بالفعل پہنچے ہیں وہاں یہ بالقوہ پہنچنے کے بھی منکر ہیں:
من یھتدي في الفعل ما لاتھتدي
في القول حتی یفعل الشعراء
پھر اگر ان حضرات کے علم کے احوال سنائے جائیں تو ان کی عقلیں دنگ رہ جاتی ہیں، چہرے پر تعجب کے آثارہوتے ہیں، اور ہونے بھی چاہئیں۔ لاکھوں احادیث کا حفظ، پھر اسانید اور ہر راوی کے حالات مستحضر، رات میں کتاب عاریۃً لیتے ہیں تو صبح حافظے میں محفوظ کرکے واپس لوٹا دیتے ہیں، اپنے شیخ کے کہنے پر حفظ ِقرآن کے لیے نکلے ہیں اور ایک ہفتے بعد امر کی تکمیل کیے واپس حاضر ہیں، ایک بار سن لیں تو بھولتے نہیں، سو احادیث مجلس میں ان کے سامنے غلط و بے ترتیب اسناد کے ساتھ پڑھی جائیں تو سو کی سو ترتیب وار غلط اسانید پر مشتمل روایات بھی سناتے ہیں اور پھرتصحیح بھی کرتے ہیں۔ حافظے کے ایسے حیرت ناک واقعات سے ان کی سوانح بھری ہوئی ہیں، اور اگر یہی نقل کرتے جائیں تو صفحات کے صفحات بھر جائیں گے اور جو کہنا ہے وہ رہ جائے گا۔ اس پر مستزاد محنت ایسی کہ پوری پوری رات جاگنا، ساری توجہ ان ہی مسائل پر ہونا، اوڑھنا بچھونا یہی علم، ساری زندگی اسی میں کھپا دینا، پھر خیر القرون کا زمانہ جس کی بہتری کی گواہی ایسی زبان مبارک سے ہے کہ جھوٹ کی نسبت ان کی طرف (معاذ اللہ) قبول نہیں کی جا سکتی، پھر اجتہاد کی شرائط اتم طریقے پر ان میں جمع اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کا انتخاب ایسا کہ ان کی سوانح پڑھنے والا ہرشخص یہ محسوس کرے گا کہ یہ تو اسی کام کے لیے پیدا کیے گئے تھے، یعنی مختصراً ’’اَللہُ یَجْتَبِيْ اِلَیْہِ مَنْ یَّشَاءُ‘‘(2) کا مظہر تھے، اور آخر میں ایسی مقبولیت کہ ساری امت انہی پر جمع تھی، جبکہ امت کا گمراہی پر جمع ہونا ناممکن ہے، کیونکہ حدیث میں ہے: ’’إِنَّ اللہَ لَا یَجْمَعُ أمَّتِيْ عَلَی الضَّلَالَۃِ‘‘(3) ، اور ایسی کتنی ہی صفات ہیں کہ طوالت کے خوف سے پہلو تہی کرنی پڑ رہی ہے اور نہ ہی ان کا استقصاء مقصود ہے، مقصود تو برابری کا دعویٰ کرنے والوں کو آئینہ دکھانا ہے۔
اب ہم ان سے کہتے ہیں کہ اگر وہ اپنے آپ کو ان تمام اوصاف سے متصف سمجھتے ہیں تو ان جیسا ہونے کا دعویٰ ضرورکریں، بے شک اجتہاد کے لیے اس کی شرائط کا ہونا ضروری ہے، نہ کہ ان جیسا ہونا، مگر چوں کہ دعویٰ ان جیسا ہونے کا ہوتا ہے، اس لیے جواب بمطابق دعویٰ کے عرض کر دیا۔
اگر آیت یا حدیث‘ فقہ کے خلاف ملے؟
کہتے ہیں: ’’ اگر ہمیں مجتہدین کے حکم کے خلاف قرآن مجید کا صریح حکم مل جائے تب بھی تقلید کریں گے؟ یا احادیث نبویہ l اس کے صریح متعارض ہوں تب بھی؟‘‘
ایسا سوال انسان کو خوفزدہ کر دیتا ہے، اور ڈرنا بھی چاہیے :
اگر میں جیتا تو تم ہو میرے
اگر میں ہارا تو میں تمہارا
عرض ہے کہ آپ کو یہ کیسے معلوم ہوا کہ یہ نص کے مخالف ہے؟ یعنی آپ خود کو اس بات کااہل سمجھتے ہیں کہ آپ بتلائیں کونسا حکم نص کے مخالف ہے اور کونسا موافق؟ جبکہ حال یہ ہے کہ اگر انہیں معلوم ہوجائے کہ فقہاء‘ بیوی کے لیے وصیت کے قائل نہیں اور آیت ’’وَاللَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْکُمْ وَیَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا وَّصِیَّۃً لِّاَزْوَاجِھِمْ‘‘ سامنے آجائے تو مخالفِ قرآن ہونے کا فتویٰ صادر کرنے میں دیر نہ لگائیں، اور آیت ’’وَحَلَائِلُ اَبْنَائِکُمُ الَّذِیْنَ مِنْ اَصْلَابِکُمْ‘‘ میں قید ’’الَّذِیْنَ مِنْ اَصْلَابِکُمْ‘‘ دیکھ کر رضاعی بہو کو حلال قرار دے دیں، اور حرمت کو فقہاء کی بنائی ہوئی چیز قرار دے دیں۔ آیت ’’اِذَا قُمْتُمْ اِلَی الصَّلَاۃِ فَاغْسِلُوْا‘‘ کو پڑھ کرباوضو کے لیے بھی نماز کے کھڑے ہوتے وقت وضو کو فرض قرار دے دیں اور کہیں کہ علماء فقہاء کو اس کا کیا پتہ؟ آیت ’’وَعَلَی الَّذِیْنَ یُطِیْقُوْنَہٗ فِدْیَۃٌ طَعَامُ مِسْکِیْنٍ‘‘ پڑھیں تو غنی آدمی کو اختیار دے دیں کہ چاہے تو روزہ رکھے اور چاہے تو چھوڑ دے۔ آیت ’’اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَالَّذِیْنَ ھَادُوْا‘‘ پڑھ کر منکر نبوت کی نجات کا پروانہ جاری کر دیں۔ آیت ’’ وَاعْبُدْ رَبَّکَ حَتّٰی یَاْتِیَکَ الْیَقِیْنُ‘‘ پڑھ کر کہیں کہ اگر اللہ کی ذات پر یقین آگیا ہو تو اب عبادت کی چنداں ضرورت نہیں۔ جب بغیر علم کے اجتہاد ہو گا تو یہ سب ممکن ہے، اوریہ کوئی فرضی باتیں نہیں، بلکہ ان میں سے کئی نام نہاد اجتہادات تو ایسے ہیں جو کیے جا چکے ہیں۔ الغرض ایسی ایسی باتیں سامنے آئیں گی کہ اہل علم حیران رہ جائیں گے کہ ایسے بھی اجتہاد ہوتا ہے؟ اور پھر انجام کار کا سوچ کر رد دیں گے کہ یہی تو سارا دین ڈبونے کا پیش خیمہ ہے۔
یہاں یہ بات مختصراً عرض ہے کہ کسی بھی نص(قرآن وحدیث) کے صرف ظاہری ترجمے سے حکم ثابت کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟ جیسے نئے نئے عصری علوم کے طلبہ یا عام لوگ جب دین کی طرف آتے ہیں تو حدیث پڑھتے ہیں :’’رَأیْتُ رَسُوْلَ اللہِ ﷺ إِذَا افْتَتَحَ الصَّلَاۃَ رَفَعَ یَدَیْہِ۔۔۔الخ‘‘ (4) اور فوراً اجتہاد کا کام شروع کر دیتے ہیں، بس رفع الیدین شروع ہوجاتا ہے اور علماء کے بارے میں تأثر یہ ہوتا ہے کہ انہیں کیا پتہ؟ ان نئے مجتہدین کا بھی یہی حال ہے کہ بس ترجمہ معلوم ہوا اور حکم لگا دیا، گویا حکم کا استنباط اور نص کے درمیان صرف ترجمہ کی سیڑھی ہے، جس نے یہ عبور کر لی وہ مجتہد ہوا، اس اعتبار سے سب عرب اورعربی دان بھی مجتہد ہوئے۔ اگر اتنا ہی آسان تھا توپھر کیا وجہ ہے کہ ہر عالم مجتہد بن کر فتویٰ نہیں دیتا؟
اس اشکال کے صحیح جواب کے لیے تو علمِ اصول فقہ ہے، مگر مختصراً عرض ہے کہ حکم کا استنباط ایسے نہیں ہوتا جیسے انہوں نے سمجھا ہے:
ستم سکھلائیں گے رسم وفا ایسے نہیں ہوتا
صنم دکھلائیں گے راہِ خدا ایسے نہیں ہوتا
نص سے حکم ثابت کرنے کے لیے شرائط ہیں کہ نص منسوخ نہ ہو، جیسے آیت ’’وَصِیَّۃً لِّاَزْوَاجِھِمْ۔۔۔‘‘، اب ترجمہ معلوم ہونے کے بعد بھی اس سے حکم ثابت نہ ہو گا، بلکہ اس کے لیے علمِ ناسخ و منسوخ کی مہارت ضروری ہے، اس نص کے معارض میں کوئی دوسری نص مساوی یا راجح نہ ہوجیسے رفع الیدین کے مقابل میں ترکِ رفع الیدین والی احادیث، اس کے لیے ذخیرہ احادیث کا مستحضر ہونا ضروری ہے، جن اقوال پر اجماع ہے ان کا علم ہونا ضروری ہے،وغیرہ وغیرہ۔
پھر یہ بھی معلوم ہو کہ کس درجہ کی دلیل سے کس قسم کا حکم ثابت ہوتا ہے؟ مثال کے طور پر قطعی الثبوت و قطعی الدلالت سے فرضیت یا حرمت ثابت ہوگی ، ظنی الثبوت وقطعی الدلالت یا اس کے عکس سے وجوب یا کراہت تحریمی ثابت ہوگی اور ظنی الثبوت وظنی الدلالت سے مستحب یا سنت وغیرہ کا ثبوت ہوگا، جیسے حدیث ظنی الثبوت وقطعی الدلالت ’’إِنَّ اللہَ زَادَکُمْ صَلَاۃً، وَھِيَ الْوِتْرُ‘‘(5) سے وتر کے وجوب کا ثبوت، وغیرہ ۔
اس کا بھی علم ہو کہ حکم کا اثبات کس کے لیے کیا جا رہا ہے؟، یعنی مکلف کون ہے؟ جیسے: نماز کا حکم ثابت تو ہوگیا، مگر بچے اور مجنون کے حق میں اس کا ثبوت نہ ہوگا، وغیرہ ۔
اسی طرح وہ الفاظ جو نص میں مذکور ہیں ان کا تعلق کس قسم سے ہے؟ اس کا علم ہونا بھی ضروری ہے ، جیسے: خاص، عام، مشترک، مؤول، حقیقت، مجاز، صریح، کنایہ، خفی، مشکل، وغیرہ، اور کلام کس قسم سے ہے؟ وہ بھی معلوم ہو، یعنی عبارۃ النص ہے یا اشارۃ النص یا دلالۃ النص یا پھر اقتضاء النص ، اس لیے کہ ہر ایک کے اعتبار سے احکام میں تبدیلی آتی ہے۔
اس کی پوری تفصیل تو علمِ اصولِ فقہ میں دیکھی جا سکتی ہے، یہاں استقصاء مقصود بھی نہ تھا، بلکہ صرف اس بات کو ثابت کرنا تھا کہ حکم کے لیے صرف عربی یا ترجمہ جاننا کافی نہیں ہوتا، اسی لیے جب بھی کوئی نص مخالفِ قرآن یاحدیث لگے تو اپنا اجتہاد کرنے کے بجائے علماء سے رجوع کیا جائے۔(6)
مذاہبِ برحق میں سے جسے چاہیں اختیار کریں!
کہتے ہیں: ’’تسلیم کیا کہ اجتہاد ہمارا کام نہیں، تو چلو انہی چار مذاہب میں -جنہیں تم برحق سمجھتے ہو- جس قول کو ہم چاہیں اختیار کریں، اس میں تو کوئی قباحت نہیں؟‘‘
عرض ہے کہ علماء کی اصطلاح میں اسے ’’ترجیح بین المذاہب‘‘ کہا جاتا ہے، فی نفسہ یہ کوئی بری چیز نہیں، اسی لیے مجتہدین حضرات یہ ترجیحات دیتے ہیں، مگر غیرمجتہدین کے لیے یہ چیز بری ہے، غور کرنے پر معلوم ہوگا کہ یہ ’’قبیح لغیرہ‘‘ہے، یعنی اس کا برا ہونا خارجی وجہ سے ہے، اس کی وضاحت یوں ہے کہ آپ کا ائمہ کے اقوال کے درمیان کوئی بھی قول چننا علم کی بنیاد پر تو ہے نہیں، چوں کہ اس کے لیے بھی اجتہاد کی شرائط کا ہونا ضروری ہے، اب اجتہاد کی شرائط تو دور کی بات ہے، اگر کوئی شخص آپ سے ’’اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ‘‘ کا ترجمہ کرائے تو آپ کا کہنا ہوگا:’’ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔‘‘ اور پھر وہ یہ پوچھ لے کہ یہ ’’تمام‘‘ کا لفظ کس عربی لفظ سے ماخوذ ہے؟ تو آپ بغلیں جھانکنے لگیں گے، آپ سے اسی آیت میں ’’رب‘‘ کے لفظ کا صیغہ پوچھ لیا جائے تو آپ پوچھیں گے کہ ’’صیغہ‘‘ کیا بلا ہے؟ سوال کیا جائے کہ ’’جو‘‘ کا ترجمہ کہاں سے کر رہے ہیں ؟ ’’بڑا‘‘ اور’’نہایت‘‘ کا لفظ کہاں سے لائے ہیں؟ تو آپ کہیں گے: بولنے سے خاموشی بہتر ہے، جبکہ یہ سوالات علم نحو و صرف اور لغت کے ہیں، جو درس نظامی کے مبتدی طلبہ بھی جانتے ہیں، اور اگر ٹھیٹھ علمی و فنی سوالات ہوں توپھر کیا حال ہوگا؟پھر باقی علوم یعنی تفسیر، اصول تفسیر، حدیث، اصول حدیث،فقہ، اصول فقہ، اسماء الرجال، معانی،بیان،بدیع، قراءت وغیرہ جو علمِ دین کی صحیح سمجھ کے لیےلازمی علوم ہیں ، آپ خود غور کریں کہ کتنے علوم سے آپ بالکل ہی ناآشنا ہیں؟ اور کتنوں پر آپ نے آج تک کوئی کتاب بھی نہیں دیکھی؟ اور کتنے علوم سے آشنائی ہے بھی تو کتنی مہارت ہے؟
غرض یہ کہ آپ کی ترجیح علم کی بنیاد پر نہ ہو گی، اور جب بنیاد علم نہیں تو آپ اسی قول کو چنیں گے جو آپ کے دل کو بھائے اور پسند آئے ، اسی کو آج کل کہتے ہیں: ’’یہ قول دل کو زیادہ لگ رہا ہے۔‘‘ اگرچہ ان کے پاس اس کی کوئی دلیل نہ ہو، اب آپ خود غور کریں تو معلوم ہوگاکہ اس انتخاب کی بنیاد سوائے آپ کے نفس کو اچھا لگنے کے اورکیا ہے؟ یعنی اصل میں نفس کی اتباع ہوئی، اور اس پر تو شدید وعید وارد ہوئی ہے: ’’اَفَرَاَیْتَ مَنِ اتَّخَذَ اِلٰھَہٗ ھَوَاہُ اَفَاَنْتَ تَکُوْنُ عَلَیْہِ وَکِیْلًا‘‘ (7) یہ ہے وہ ’’غیر‘‘ (یعنی ترجیح بین المذاہب کے ساتھ اتباع نفس کا ہونا جو اس کا غیر ہے) جس کی تفصیل کی جارہی تھی، خلاصہ یہ کہ علم نہ ہونے کی وجہ سے ’’ترجیح بین المذاہب‘‘ میں ’’اتباع ِنفس‘‘ پایا جاتا ہے، اس لیے یہ ممنوع ٹھہرا۔ اسی لیے اگر علم ہو اور شرائط اجتہاد موجود ہوں تو اس میں کوئی ممانعت نہیں، جیسے ہمارے کئی علماء نے ترجیحات دی ہیں اور اب بھی دیتے ہیں۔
اجتہاد کی شرائط
1-قرآن مجید کا علم ہو (معانی کے ساتھ لغت کے اعتبار سے اور شرعی اعتبار سے)، اور ان تمام اصولوں کا بھی جو اصولِ فقہ میں مذکور ہیں۔
2- حدیث کا علم بھی اپنے اصولوں کے ساتھ (جو اصولِ حدیث میں یا اصولِ فقہ کے باب السنہ میں مذکور ہیں) ۔
3- قیاس کے طریقوں کا علم ہو (جو اصول کی کتب میں مذکور ہیں)۔
4- اجماعی مسائل کا علم ہو۔(8)
کیا اجتہاد کی شرائط، قرآن وحدیث سے ثابت شدہ ہیں؟
کہتے ہیں: ’’کیا یہ شرائط قرآن و حدیث سے ثابت ہیں؟‘‘
اب اس سوال کے پس منظر میں موجود کم عقلی اور کج فہمی سے قطع نظر -کہ شریعت جن دلائل سے ثابت ہے ان دلائل کے علم کی شرط لگانا شریعت کے استنباط کے لیے بدیہی بات ہے- ’’اصولِ فقہ کے وجوہ کی شرط‘‘ (یعنی اصولِ فقہ کے طرق یا اصولوں کی شرط کیوں لگائی گئی ہے؟) کی کچھ وضاحت کی جاتی ہے۔
جب قرآن میں حکم مذکور ہو اور حدیث اس میں اضافہ کرے تو کیا حدیث سے قرآن مجید پر اضافہ کیا جائے گا یا نہیں؟ مثال کے طور پر وضو کی آیت ’’فاغسلوا۔۔‘‘ پر حدیث ’’إِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ‘‘ سے نیت کا اضافہ کیا جائے گا یا نہیں؟، قرآن مجید میں طواف کی آیت ’’وَلْیَطَّوَّفُوْا۔۔‘‘ پر حدیث ’’الطَّوَافُ حَوْلَ الْبَیْتِ مِثْلُ الصَّلَاۃِ‘‘سے وضو کا اضافہ کیا جائے گا یا نہیں؟ جب قرآن یا حدیث میں لفظِ مشترک استعمال ہو تو کس معنی کو ترجیح دیں گے؟ مثلاً مشہور مسئلہ ہے کہ آیتِ ’’قروء‘‘ میں حیض مراد لیں گے یا طہر؟ ’’امر‘‘ وجوب کے لیے ہے تو آیا ہر امر سے وجوب ثابت ہوگا یا نہیں؟ نصوص میں ظاہری تعارض کو رفع کیسے کیا جائے گا؟ مثلاً حدیث میں پیشاب کے چھینٹوں سے بھی بچنے کا حکم ہے : ’’اسْتَنْزِھُوْا مِنَ الْبَوْلِ‘‘ اور حدیثِ عرنییین میں اونٹوں کے پیشاب پینے کا حکم ہے: ’’اشْرَبُوْا مِنْ أبْوَالِھَا وَ ألْبَانِھَا‘‘، اب جمع یا ترجیح کیسے ہوگی؟ حدیث حضرت بریرہؓ میں ان کے شوہر کو آزاد مانا جائے گا : ’’وَ زَوْجُھَا حُرٌّ‘‘ کے مطابق یا غلام مانا جائے گا: ’’وَ زَوْجُھَا عَبْدٌ‘‘ کے مطابق؟ آیت ’’اِنَّا اَحْلَلْنَا لَکَ اَزْوَاجَکَ۔۔۔‘‘ اور آیت ’’لَا یَحِلُّ لَکَ النِّسَاءُ مِنْ بَعْدُ۔۔‘‘ وغیرہ میں دفعِ تعارض کیسے ہوگا؟ مطلق کو مقید پر محمول کیا جائے گا یا نہیں؟ مثلاً آیت ’’حُرِّمَتْ عَلَیْکُمُ الْمَیْتَۃُ وَالدَّمُ‘‘میں مطلق خون کی حرمت ہے اور آیت ’’دَمًا مَّسْفُوْحًا‘‘ میں ’’بہتا ہوا‘‘ ہونے کی شرط ہے، تو کیا اب خون کی مطلق حرمت ہوگی یا مقید پر محمول کیا جائے گا؟ ’’مفہومِ مخالف‘‘ مراد لیا جائے گا یا نہیں؟ احادیث کی کون سی اقسام حجت ہو ں گی؟ قیاس اور خبر واحد میں ترجیح کسے ہوگی؟ کیاآپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہر فعل لازمِ عمل ہوگا؟ مثلاً کچھ باتیں ہمارے لیے قابلِ عمل نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صومِ وصال سے منع فرمایا ، صحابہؓ کی جانب سے چپلوں کے اتارنے پر پوچھا کہ تم نے کیوں اتاریں؟ چار سے زائد بیویوں کا حکم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خاص ہونا وغیرہ ، اب اس کا کیا قاعدہ ہوگا؟ فرض، واجب، مندوب، مباح، مکروہ اور حرام میں فرق کیسے کیا جائے گا؟ ان سب سوالوں کا جواب اصولِ فقہ میں ہے، اصولِ فقہ ہی وہ علم ہے جو ان مشکلات سے نکالتا ہے ا ور منزل تک پہنچا تاہے،یہی وجہ ہے اصول فقہ کی وجوہ کی شرط کی وضاحت کے لیے کچھ اہم اہم سوالات درج کر دیے گئے، تاکہ اس کی ضرورت سمجھ میں آجائے، ورنہ فہرست تو بہت طویل ہے، ان مباحث کو انہی کتب میں دیکھ لیا جائے تو ان شاء اللہ بات بالکل واضح ہو جائے گی۔
بالفرض وہ مجتہد ہو گئے!
بالفرض تسلیم کرلیا جائے کہ ان میں شرائطِ اجتہاد جمع ہو گئی ہیںتو کیا وجہ ہے کہ اِن کے قول کو ان ’’متقدمین مجتہدین‘‘ کا قول چھوڑ کر اختیار کیا جائے؟
ائمہ مجتہدین میں سے بیشتر حضرات اس زمانے کے ہیں جس کے بارے میں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’خَیْرُکُمْ قَرْنِيْ، ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَھُمْ، ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَھُمْ ۔۔۔ الخ‘‘ (9) پھر ان کے اساتذہ یا اساتذہ کے اساتذہ کے بارے میں بعد از خدا بزرگ صلی اللہ علیہ وسلم خود فرمائیں: ’’ فَلَوْ اَنَّ اَحَدَکمْ اَنْفَقَ مِثْلَ اُحُدٍ ذَھَبًا مَا بَلَغَ مُدَّ اَحَدِھمْ، وَلاَ نَصِیْفہَ‘‘ (10)، ذہانت کا دعویٰ ہو تو کوئی لاکھوں احادیث کا حافظ لائیے، پھرامت ان پر جمع ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ’’إِنَّ اللہَ لَا یَجْمَعُ أمَّتِيْ عَلَی الضَّلَالَۃِ‘‘ (11) ، الغرض کون سی وجہ ہے کہ نئے مجتہدین کے قول کو لیا جائے اور متقدمین کے قول کو ترک کر دیا جائے؟ اگر ان کا کہنا یہ ہے کہ ان کا قول قرآن و حدیث کے مطابق ہے اور باقی حضرات کا مخالف، تو عرض ہے کہ وہ مسئلہ لے کر علماء کے پاس جائیں اور پوچھیں، ان شاء اللہ یہ شبہ بھی دور ہو جائے گا ۔
پوچھ لیتے کبھی دھنک سے کہ یہ
سات رنگوں کی ساحری کیا ہے؟
یہ بات اس وثوق سے کہنے کی وجہ یہ نہیں کہ فقہ کا ہر ایک مسئلہ منصوص ہے، بلکہ اس کی وجہ ہزاروں لاکھوں علماء کا ان مسائل پر اعتماد، ان پر دلائل کے انبار، اور صدیوں سے ان پر متوارث عمل ہے۔
مسائلِ فقہ پر وثوق کی وجہ
آج ان فقہی مسائل پر تیرہ صدیوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور ان صدیوں میں ہزاروں لاکھوں علماء نے انہیں پڑھا پڑھایا ہے، ان کی شرح کی ہے، حواشی لکھے ہیں، تفریعات کی ہیں،اور طرح طرح کی خدمات انجام دی ہیں، ان علماء کی تعداد کا اندازہ بھی مشکل ہے، کیا انہیں معلوم نہ ہوا کہ یہ مسائل مخالفِ قرآن ہیں؟ اور یہ علماء کوئی عام لوگ نہ تھے ، تاریخ کے اوراق پلٹتے جائیں تو اندازہ ہو گا کہ یہ کن صلاحیتوں کے حامل لوگ تھے۔ اب یہ بات کیسے مانی جائے کہ تقریباً تیرہ صدیوں بعد آج یہ لوگ ہیں جنہوں نے اصلاح کا بیڑا اُٹھایا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ نت نئے مسائل حل کرنے کی بجائے یہ پرانے مسائل میں نت نئی مشکلات پیدا کریں گے۔
حواشی و حوالہ جات
1-أخرجہ أبو داود (3574)، وابن ماجہ (2314)، وأحمد (17809) باختلاف يسير۔
2-’’اللہ اپنی ہی طرف جس کو چاہے کھینچ لیتا ہے اور جو شخص (خدا کی طرف) رجوع کرے اس کو اپنے تک رسائی دے دیتا ہے۔‘‘ (بیان القرآن)
3-أخرجہ الترمذي (2167)۔
4-أخرجہ أبو داود (728)، والبغوي في ’’شرح السنۃ‘‘ (564) كلاہما بلفظہ، والطحاوي في ’’شرح معاني الآثار‘‘ (1170) بلفظ مقارب، وأصلہ في مسلم (401) بنحوہ مطولًا۔
5-أخرجہٗ أحمد (23851) واللفظ لہ، والطحاوي في ’’مشكل الآثار‘‘ (4492)، والطبراني في ’’الكبير‘‘ (2/ 279) (2168) بنحوہٖ۔
6- توضیح (ص:29-31) طبعۃ ’’بشری‘‘، یہ بحث مذکور ہے۔
7-’’(اے پیغمبر!) آپ نے اس شخص کی حالت بھی دیکھی جس نے اپنا خدا اپنی خواہش نفسانی کو بنا رکھا ہے؟ سو کیا آپ اس کی نگرانی کرسکتے ہیں؟‘‘ (بیان القرآن)
8-شرائط اسی طریق پر اصول فقہ کی کتب میں مذکور ہیں۔(توضیح، نور الانوار، وغیرہ) ۔
9-صحيح البخاري، كتاب الشہادات، باب لايشہد علی شہادۃ جور إذا اُشہد، 3/171، رقم الحديث:2651، ط:دار طوق النجاۃ/صحيح مسلم، كتاب الفضائل، باب فضل الصحابۃؓ: 4/1964، رقم الحديث:2535، ط:دار إحياء التراث العربي۔
10- متفق عليہ، صحيح البخاري: (3673)
11- رواہ ابن ماجۃ، والطبراني، وغيرہ۔

