بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

3 جمادى الاخرى 1448ھ 14 نومبر 2026 ء

بینات

 

عیب جوئی کی قباحت ومذمت قرآن وسنت کی روشنی میں

  • موضوعربیع الاول 1448ھ - ستمبر 2026ء
  • مصنفمولانا عصمت اللہ نظامانی
  • تاریخ01 / 09 / 2026

عیب جوئی کی قباحت ومذمت

قرآن وسنت کی روشنی میں


موجودہ دور میں دیکھا جارہا ہے کہ مسلمانوں میں آپس کے اختلافات، اور باہمی جھگڑے بڑھتے جارہے ہیں، خاندانوں میں پہلی سی اُلفت ومحبت کے بجائے فسادات جنم لے رہے ہیں، اور رشتہ داروں کے مابین لڑائیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اگر ہم ان اسباب پر غور وفکر کریں جن کی وجہ سے یہ سماجی فساد اور معاشرہ کا بگاڑ پیدا ہوا ہے تو ہمیں معلوم ہوگا کہ اس کی اہم وجہ دوسروں کی عیب جوئی ہے۔
دوسروں میں عیب نکالنا، غیروں کی کوتاہیوں کی ٹوہ میں رہنا، اوروں کی خامیاں تلاش کرنا، اور اپنی نظریں دیگر انسانوں کے نقص ڈھونڈنے میں لگانا ایک ایسی روحانی بیماری اور قبیح عادت ہے، جس کی وجہ سے انسان پر دوسروں کی خوبیاں اور اچھائیاں مخفی ہوجاتی ہیں، اور نادیدہ، بلکہ غیرموجود عیوب بھی نظر آنے لگتے ہیں، اور بالآخر یہ بری خصلت لڑائی جھگڑوں کا سبب بنتی ہے۔ اسی وجہ سے قرآن پاک اور سنتِ طیبہ میں دوسروں کی عیب جوئی کرنے کی بڑی مذمت آئی ہے، اور سخت الفاظ میں اس سے روکا گیاہے، لہٰذا قرآن وسنت کی روشنی میں عیب جوئی کی قباحت و مذمت کا ذکر کیا جارہا ہے، تاکہ ہم اس کے برےنتائج سے محفوظ رہیں۔
عیب جوئی منافقوں کی خاصیت
دوسروں کی عیب جوئی کرنا، اپنی بصیرت وبصارت پر نفرت کا سیاہ چشمہ لگاکر لوگوں کے اچھے اعمال میں بھی خامیاں ڈھونڈنا، بھلائی سے صرفِ نظر کرکے کمی کو نمایاں کرنا منافقوں کی خاصیت وعادت ہے، وہ اوروں کے نیک اعمال پر بھی نکتہ چینی اور طعن وتشنیع کا مشغلہ جاری رکھتے ہیں،چنانچہ سورۂ توبہ (آیت:79) میں ہے:
’’الَّذِيْنَ يَلْمِزُوْنَ الْمُطَّوِّعِيْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ فِي الصَّدَقٰتِ وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُہْدَہُمْ‘‘
ترجمہ: ’’(یہ منافق وہی ہیں) جو خوشی سے صدقہ کرنے والے مومنوں کو بھی طعنے دیتے ہیں، اور ان لوگوں کو بھی جنہیں اپنی محنت (کی آمدنی) کے سوا کچھ میسر نہیں ہے۔‘‘
عیب نکالنے والے کے لیے بربادی
عیب نکالنا ایسی بری صفت ہے کہ ایسے شخص کے لیے بربادی وخرابی کا ذکر قرآن پاک میں آیا ہے، کیونکہ اس کی اس عادت کی وجہ سے لوگوں کے درمیان فتنہ وفساد اور دلوں میں نفرت وعناد پیدا ہوتا ہے، اور ایک بیمار معاشرہ جنم لیتا ہے، چنانچہ قرآن پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
’’وَيْلٌ لِّکُلِّ ہُمَزَۃٍ لُمَزَۃٍ‘‘                                                    (الہمزۃ: 1)
ترجمہ: ’’ویل یعنی بڑی خرابی ہے اس شخص کی جو پیٹھ پیچھے دوسروں پر عیب لگانے والا (اور) منہ پر طعنے دینے کا عادی ہو۔‘‘
دوسروں کے عیب پر نظر
انسان عموماً اپنے عیوب اور خامیوں کی طرف نظر نہیں کرتا، خواہ وہ کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، لیکن دوسرے انسان کا چھوٹاعیب بھی دکھائی دیتا ہے، اس حقیقت کو نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے مندرجہ ذیل الفاظ سے بیان کیا ہے:
’’يبصر أحدکم القذاۃ في عين أخيہ، وينسی الجذع في عينہ۔‘‘ (1)
ترجمہ: ’’تم میں سے بعض کو اپنے بھائی کی آنکھ میں موجود تنکا دکھائی دیتا ہے، لیکن اپنی آنکھ میں موجود شہتیر کو بھول جاتا ہے۔‘‘
اس حدیث میں ایک اہم حقیقت سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ دوسروں پر زیادہ نظر رکھنے کے بجائے سب سے پہلے اپنی اصلاح اور خود میں موجود خامیوں سے نجات حاصل کرنے کی فکر کی جائے، دوسرے مسلمان بھائیوں کے عیوب دیکھنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ کہیں وہ عیوب ہم میں تو موجود نہیں۔
عیب جوئی معاشرہ کے بگاڑ کا سبب
عیب گوئی ایسا گناہ ہے جس کے بداثرات صرف اس کا ارتکاب کرنے والے تک محدود نہیں رہتے، بلکہ دوسرے لوگ بھی اس کی نحوست سے متاثر ہوتے ہیں۔ دوسروں کی ٹوہ میں لگنا، نکتہ چینی اور عیب بیان کرنا معاشرہ کے بگاڑ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، چنانچہ سنن ابوداود کی ایک روایت میں ہے:
’’إِنَّکَ إِنِ اتَّبَعْتَ عَوْرَاتِ النَّاسِ اَفْسَدْتَّہُمْ اَوْ کِدْتَّ اَنْ تَفْسُدَہُمْ۔‘‘(2)
ترجمہ: ’’بیشک اگر تم لوگوں کے عیوب کی ٹوہ میں لگے رہو گے تو انہیں بگاڑ دو گے۔‘‘
شکل وصورت میں عیب نکالنا
شریعت میں ہر قسم کی عیب جوئی ممنوع ہے، خواہ زبان سے دوسروں کے عیوب بیان کیے جائیں، یا اشارہ، کنایہ اور کسی دوسرے طریقہ سے دوسروں کی شکل وصورت میں عیب نکالا جائے، یا ان کے جسم کے دیگر اعضاء میں، بہرصورت ناجائز ہے، اور عیب جوئی اتنی قبیح خصلت ہے کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زوجہ محترمہ حضرت عائشہ  رضی اللہ عنہا کو تنبیہ فرمائی؛ کیونکہ ان سے نادانستہ طور پر بی بی صفیہ  رضی اللہ عنہا کے قدوقامت سے متعلق ایک طرح سے اظہارِ عیب کا ارتکاب ہوگیا تھا، چنانچہ حضرت عائشہ  رضی اللہ عنہا سے روایت ہے:
’’قلت للنبي صلی اللہ عليہ وسلم: حسبک من صفيۃ کذا وکذا قال غير مسدد تعنی قصيرۃ. فقال : ’’ لقد قلت کلمۃ لو مزجت بماء البحر لمزجتہ ‘‘ قالت: وحکيت لہ إنسانًا فقال: ما أحب أني حکيت إنسانًا وأن لي کذا وکذا ۔‘‘ (3)
ترجمہ: ’’میں نے نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ آپ کو صفیہ کا فلاں فلاں عیب کافی ہے۔ (راوی مسدد کے علاوہ دوسرے رواۃ نے کہا کہ ان کے کو تاہ قد کی طرف اشارہ کر رہی تھیں) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بیشک تم نے ایسی بات کہی ہے کہ اگر سمندر کے پانی میں گھول دی جائے تو اسے بھی بگاڑ دے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا مزید فرماتی ہیں: میں نےآپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ایک شخص کی نقل اتاری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے پسند نہیں ہے کہ کسی آدمی کی نقل اتاروں، اگرچہ مجھے ایسا کرنے پر اتنی اتنی دولت ملے۔‘‘
 اس حدیث مبارک سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ کسی کی خامی پر نظر رکھنا، اور کسی کے عیب بیان کرنا انتہائی بری حرکت ہے، اور جس طرح زبان سے عیب جوئی ممنوع ہے، اسی طرح دیگر اعضاء کے ذریعے بھی ممنوع ہے۔
رنگ ونسل کی وجہ سے عیب لگانا
جس طرح دوسروں کے کاموں میں عیب نکالنا، ان کی ظاہری صورت، اعضاء وغیرہ میں خامیاں نکالنا جائز نہیں، اسی طرح رنگ ونسل کی وجہ سے عیب لگانا شرعاً ممنوع ہے، اور سخت قابلِ مؤاخذہ ہے، جس کا اندازہ بخاری شریف کی درجِ ذیل حدیث سے لگایا جاسکتا ہے:
’’عن المعرور بن سويد، قال: لقيت أبا ذر بالربذۃ، وعليہ حلۃ، وعلی غلامہ حلۃ، فسألتہ عن ذٰلک، فقال: إني ساببت رجلًا فعيرتہ بأمہ، فقال لي النبي صلی اللہ عليہ وسلم: يا أبا ذر أعيرتہ بأمہ؟ إنک امرؤ فيک جاہليۃ۔‘‘ (4)
ترجمہ: ’’حضرت معرور بن سوید کہتے ہیں کہ میں حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سےمقامِ ربذہ پر ملا، اس حال میں کہ ان کے جسم پر ایک جوڑا تھااور اسی قسم کا جوڑاان کے غلام کے جسم پر بھی تھا۔ میں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے اس کا سبب پوچھا تو وہ کہنے لگے کہ میں نے ایک آدمی کو برا بھلا کہا اور اسے اس کی ماں کی وجہ سے عیب لگایا، (جب یہ خبر نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچی تو) حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے پوچھا: اے ابوذر! کیا تم نے اس کو اس کی ماں کے ذریعے عار دلائی ہے؟ اقرار کرنے پر فرمایا: تم ایسے آدمی ہو کہ ابھی تک تم میں جاہلیت ہے۔‘‘
اور ایک دوسری روایت میں وضاحت ہے کہ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو ’’یا ابن السوداء؟‘‘(5)یعنی ’’اے سیاہ عورت کے بیٹے!‘‘ کہہ کر عار دلائی تھی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی کے رنگ کو لے کر عیب جوئی کرنے اور عار دلانےکی سخت ممانعت ہے۔ بہرحال حضرت ابوذر غفاری  رضی اللہ عنہ بھی جلیل القدر صحابیؓ تھے، چنانچہ انہوں نے اپنی غلطی کی تلافی کے لیے جو طریقہ اختیار کیا، اس کاکوئی تصور بھی نہیں کرسکتا:
’’فألقی أبوذر نفسہٗ بالأرض، ثم وضع خدہٗ علی التراب، وقال: واللہ لا أرفع خدي من التراب حتی يطأ بلال خدي بقدمہ۔‘‘(6)
ترجمہ: ’’حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ نے اپنے آپ کو زمین پر ڈالا، اور اپنا رخسار مٹی پر رکھا، اور کہا: اللہ کی قسم! میں اپنا چہرہ مٹی سے نہیں اٹھاؤں گا، یہاں تک کہ بلالؓ اپنے پاؤں سے میرا رخسار روندے۔‘‘
سبحان اللہ! صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم بڑے اولو العزم اور اعلیٰ صفات وکردار کے مالک تھے، غلطی کا اِدراک ہوتے ہی اس کی تلافی کرتے، ہمیں بھی ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
عیب گوئی پر وعید
عیب جوئی کی ایک بہت بڑی وعید یہ ہے کہ عیب گوئی کرنے والا مرنے سے پہلے خودبھی اس عیب میں مبتلا ہوگا، جو اس نے لوگوں کے سامنے بیان کیا ہوگا، چاہے کتنا ہی اس سے بچنے کی کوشش کرے،لیکن پھر بھی دسرے مسلمان کو ایذا دینے اور اس کی عیب جوئی کرنے کا وبال بھگتے گا، چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمرr سے روایت ہے:
’’صعد رسول اللہ صلی اللہ عليہ و سلم المنبر فنادی بصوت رفيع، فقال: يا معشر من قد أسلم بلسانہٖ ولم يفض الإيمان إلٰی قلبہٖ، لاتؤذوا المسلمين ولا تعيروہم ولا تتبعوا عوراتہم، فإنہٗ من تتبع عورۃ أخيہ المسلم تتبع اللہ عورتہٗ، ومن تتبع اللہ عورتہٗ يفضحہٗ ولو في جوف رحلۃ۔‘‘(7)
ترجمہ: ’’ایک مرتبہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف فرما ہوئے اور بلند آواز سے فرمایا: اے وہ لوگو! جو زبان سے اسلام لائے ہو، لیکن دل میں ایمان نہیں پہنچا، مسلمانوں کو اذیت مت دو، انہیں عار نہ دلاؤ، اور نہ ان میں عیوب تلاش کرو؛ کیونکہ جو شخص اپنے کسی مسلمان بھائی کے عیب کے پیچھے پڑے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے عیب کے پیچھے پڑے گا، اور اللہ تعالیٰ اگر کسی کے عیب کے پیچھے لگ جائے تو اس کو رسوا کرکے چھوڑے گا، خواہ وہ گھر کے اندر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘
کھانے میں عیب نکالنا
عیب نکالنے کی قباحت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ کسی انسان کے عیوب پر نظر رکھنا، اور لوگوں میں پھیلانا تو دور کی بات نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات کے ذریعے کھانے کا عیب نکالنے سے بھی روکا ہے، چنانچہ حضرت ابوہریرہ  رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
’’ما عاب النبي صلی اللہ عليہ وسلم طعامًا قط، إن اشتہاہ أکلہ وإلا ترکہ۔‘‘(10)
ترجمہ: ’’نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بھی کسی کھانے میں عیب نہیں نکالا، اگر آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانا پسند ہوتا تو تناول فرماتے، ورنہ (خاموشی سے) چھوڑ دیتے۔‘‘
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ معاشرہ کے بگاڑ، آپس کے نزاعات، خاندانی جھگڑوں اور فتنہ وفساد کی جڑ عیب جوئی ہے، اس کے برے اثرات کی وجہ سے قرآن وسنت میں سختی سے عیب گوئی سے منع کیا گیا ہے، اور اس پر وعیدیں بیان کی گئی ہیں، لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اس بدخصلت سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں، اور ایک صحت مند معاشرہ کی تخلیق کا سبب بنیں۔

حواشی وحوالہ جات

1- صحيح ابن حبان، (13/73)، باب الغيبۃ، رقم الحديث: 5761، الناشر: مؤسسۃ الرسالۃ- بيروت، ط: 1408ھ- 1988م
2- سنن أبي داود، (4/423)، کتاب الأدب، باب في النہي عن التجسس، رقم الحديث: 4890، الناشر: دار الکتاب العربي، بيروت
3- سنن أبي داود، (4/420)، کتاب الأدب، باب في الغيبۃ، رقم الحديث: 4877
4- صحيح البخاري، (1/15)، کتاب الإيمان، باب المعاصي من أمر الجاہليۃ، رقم الحديث: 30
5- شعب الإيمان، (7/131)، باب حفظ اللسان، رقم الحديث: 4772، الناشر: مکتبۃ الرشد، الرياض
6- شرح صحيح البخاري لابن بطال، (1/88)، الناشر: مکتبۃ الرشد- الرياض، ط: 1423ھ- 2003م
7- سنن الترمذي، (4/378)، کتاب البر والصلۃ، باب ماجاء في تعظيم المؤمن، رقم الحديث: 2032، الناشر: دار إحياء التراث العربي، بيروت
8- صحيح البخاري، (3/7)، أبواب العمرۃ، باب لا يطرق أہلہ إذا بلغ المدينۃ، رقم الحديث: 1801
9- صحيح البخاري، (7/39)، کتاب النکاح، باب طلب الولد، رقم الحديث: 5246
10- صحيح البخاري، (4/190)، کتاب المناقب، باب صفۃ النبي صلی اللہ عليہ وسلم، رقم الحديث: 3563