بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

3 جمادى الاخرى 1448ھ 14 نومبر 2026 ء

بینات

 

بدگوئی، بدزبانی اور فحش کلامی 

  • موضوعربیع الاول 1448ھ - ستمبر 2026ء
  • مصنفمولانا قاری محمد سلمان عثمانی
  • تاریخ01 / 09 / 2026

بدگوئی، بدزبانی اور فحش کلامی 


دین اسلام کی بنیاد ہی اچھے اخلاق، نرم لہجے اور پاکیزہ گفتگو پر ہے۔ بدگوئی، فحش کلامی، گالی گلوچ نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، بلکہ یہ انسان کے اخلاقی زوال کی بھی علامات ہیں۔ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں متعدد بار زبان کی حفاظت کی تلقین کی گئی ہے۔ سورۃالحجرات میں اللہ تعالیٰ نے ایک دوسرے کا تمسخر  اُڑانے سے منع فرمایا ہے اور اسی طرح سورۃ البقرہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ لوگوں سے اچھی بات کہو۔ ان آیات میں ایک دوسرے کا مذاق اڑانے، طعنہ دینے اور فحش کلامی سے منع کیا گیا ہے:
’’تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جو تم سب میں زیادہ بااخلاق ہو۔‘‘   (صحیح بخاری) 
اسی طرح ایک اور حدیث میں بیان ہوتا ہے:
’’جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اس کو چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔‘‘                                                                 (صحیح بخاری) 
اسی طرح ایک مرتبہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ :
’’بندے کو سب سے اچھی چیز کیا عطا کی گئی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: خوش خلقی۔‘‘ (سنن ابن ماجہ)
مسلمان کو گالی دینا فسق یعنی گناہ ہے۔ ایک اور مقام پر نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
’’وہ دو شخص جو ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں، وہ دونوں شیطان ہوتے ہیں جو بکواس اور جھوٹ بولتے ہیں۔‘‘                                                       (مسند احمد)
اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منافق کی خصلتوں میں سے ایک خصلت یہ بتائی ہے کہ جب بھی وہ کسی سے اختلاف کرے تو گالیاں بکے۔ (صحیح بخاری)
رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: 
’’مسلمان کو اذیت نہ دو، انہیں عار نہ دلاؤ، اور ان میں عیوب تلاش مت کرو، کیونکہ جو شخص اپنے کسی مسلمان بھائی کی عیب جوئی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی عیب گیری کرتا اور جس کی عیب گیری اللہ تعالیٰ کرنے لگے وہ ذلیل ہو جائے گا، اگرچہ وہ اپنے گھر کے اندر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘    (جامع ترمذی)
حضرت ابو سعید خدری  رضی اللہ عنہ نے نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا:
’’ یا رسو ل اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم ! مجھے کوئی نصیحت فرما دیں۔ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، ساری بھلائی اسی میں ہے، جہاد کو اپنے اوپر لازم کر لو، کیونکہ یہ مسلمانوں کے لیے ریاضت ہے، اپنی زبان کو اللہ تعالیٰ کے ذکراور قرآن مجید کی تلاوت میں مصروف رکھو، کیونکہ یہ زمین پر نور کا سر چشمہ ہیں اور آسمان پر معروف ہیں۔ (نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے مزید ارشاد فرمایاکہ:) جب بھی زبان سے کچھ بولو تو اچھی بات بولو، ورنہ خاموش رہو، کیونکہ ایسا کرنے سے تمہیں شیطان پر غلبہ پانے اور دینی امور احسن طریقے سے ادا کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘   (المعجم الکبیر، ابن حبان)
حضرت عبداللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: 
’’جو مسلمان ہے وہ طعنے نہیں مارتا اور نہ لعنت بھیجتا ہے اور نہ فحش گوئی کرتا ہے اور نہ بد زبانی کرتا ہے۔‘‘                                                                (ترمذی شریف)
بیہودہ گوئی کی پہلی قسم کو قرآن وحدیث میں اس کی تمام صورتوں کے ساتھ ممنوع قرار دیا گیا ہے اور بدزبانی کو بے حیائی میں شامل کر کے اس سے روکا گیا ہے، چنانچہ ترمذی شریف کی حدیث میں آیا ہے کہ: 
’’جس کے اندر حیا آجائے تو وہ اس کو زینت یعنی شرافت وعزت دیتی ہے اور جس کے اندر بدزبانی اور تند خوئی آجائے تو اس کو عیب دار بنا دیتی ہے۔‘‘                     (سنن ترمذی)
 مطلب یہ ہے کہ بد زبانی ذلت ورسوائی کا اور شرم وحیا عزت وعظمت کا سبب ہے۔ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: 
’’جو کوئی اس دنیا میں لوگوں کے وقار کی حفاظت کرے گا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے بدلے اس کے گناہ مٹا دے گا، جو کوئی بھی دنیا میں لوگوں پرآنے والے غصے پر قابو کرے گا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے عذاب سے محفوظ رکھے گا۔‘‘                    (احیاء علوم الدین)
بخاری و مسلم کی روایت میں نبی اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے گالی گلوچ کو منافق کی نشانی قرار دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
’’منافق کی چار نشانیاں ہیں: جب بات کرے جھوٹ بولے،وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے، امین بنایا جائے توخیانت کرے اور جب جھگڑا ہوجائے توگالی گلوچ پر اتر آئے۔‘‘
حدیث شریف میں آتا ہے کہ :
’’جب دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کریں تو گناہ ابتدا کرنے والے پر ہی ہوگا، جب تک کہ مظلوم حد سے نہ بڑھے۔ ‘‘
ایک طرف تو نبی اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے گالی گلوچ سے منع کیا اورفرمایا کہ اس کاگناہ ابتدا کرنے والے پر ہوگااور دوسری طرف اخلاقی طور پر یہ بھی ہدایت کی ہے کہ گالی کا جواب گالی سے نہ دیا جائے،اس لیے کہ اس طرح کرنے سے دونوں میں کوئی فرق نہیں رہتا۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
’’جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے(اسے چاہیے یا تو) وہ بھلائی کی بات کہے، ورنہ خاموش رہے۔‘‘                                       (صحیح بخاری: 6018، صحیح مسلم:4774)
ابو اللیث سمر قندی ؒ فرماتے ہیں کہ: 
’’صالحین اپنی زبان کو قابو میں رکھنے کے لیے دوسروں سے کی جانے والی گفتگو کا خود سے محاسبہ کرتے تھے۔ اسی طرح ہر مسلمان کو چاہیے کہ اس سے پہلے کہ اس کا آخرت میں حساب ہو وہ دنیا میں ہی اپنا محاسبہ کرتا رہے۔ دنیا میں اپنا محاسبہ کر لینا آخرت میں حساب سے زیادہ آسان ہے۔ دنیا میں اپنی زبان پر قابو پالینا آخرت میں شرمندگی برداشت کرنے کی نسبت آسان ہے۔‘‘                                                                (تنبیہ الغافلین)
آج کل دیگر ذرائع ابلاغ اور عام گفتگو میں فحش کلمات کا استعمال زیادہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ مزاح کا حصہ بنتا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زبان کو بد گوئی اور فحش کلامی سے محفوظ رکھنا ہوگا۔ بد زبانی اور گالی گلوچ سے مغلظات ہی مراد نہیں، بلکہ ہر وہ بات اس میں داخل ہے جو دوسرے کی توہین وتحقیر یا دل آزاری کا سبب ہو، حضو راکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت بلیغ اور مؤثر انداز میں ارشاد فرمایا کہ :
’’تم میں سے کوئی اپنے ماں باپ کو بُرا بھلا نہ کہے، لوگوں نے عرض کیا کہ کیا کوئی اپنے ماں باپ کو بُرا بھلا کہہ سکتا ہے؟ (یعنی یہ بات تو کسی بھی شخص سے نہیں ہو سکتی) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: جو دوسرے کے ماں باپ کو گالی دے گا تو وہ پلٹ کر اس کے ماں باپ کو ایسا ہی کہے گا۔ (گویا اس کی گالی سبب بن گئی ہے، اپنے ماں باپ کی گالی کا، اس لیے ایسی بد زبانی نہ کی جائے)۔‘‘
بخاری شریف کی حدیث میں آیا ہے کہ :
’’کسی مسلمان کو گالی دینا بہت بڑا گناہ ہے او راس سے قتل وقتال کرنا تو گویا کفر ہے۔‘‘ 
بدزبانی یا گالی گلوچ کرنا اتنا سنگین گنا ہ ہے کہ اس کی معافی اس وقت تک نہ ہوگی جب تک وہ شخص معاف نہ کرے جس کے ساتھ بدزبانی کی گئی ہے، کیونکہ یہ حقوق العباد میں سے ہے۔
حضوراکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی اُمت کو بد زبانی او رگالی دینے سے اس حد تک روکا ہے کہ اپنے ماتحتوں، نوکر چاکر اور خادموں کے ساتھ بھی یہ معاملہ نہ صرف جُرم قرار دیا، بلکہ اس کو زمانۂ جاہلیت کی یاد گار قرار دے کر اس سے دلوں میں نفرت بھی پیدا کر دی۔ بخاری شریف میں آیا ہے کہ :
’’ایک مرتبہ حضرت ابو ذر غفاری  رضی اللہ عنہ نے اپنے غلام کو ڈانٹااور برا بھلا کہا، حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا تو آپ نے تنبیہ فرمائی اور فرمایا کہ تم میں ابھی تک دورِ جاہلیت کا اثر باقی ہے، یہ تمہارے خادم تمہارے بھائی ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے تمہاری خدمت پر لگا دیا ہے۔‘‘
 مطلب یہ ہے کہ ان سے بھائیوں جیسا معاملہ کرو۔مسلمان کی عزت کی اس قدر حرمت ہے کہ جو کوئی اسے نقصان پہنچائے، اس کی نمازیں تک قبول نہیں ہوتیں۔ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
’’جو کوئی کسی مسلمان کی آبروریزی کرتا ہے اس پر اللہ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہوتی ہے اور اس کی فرض عبادت قبول نہیں ہوتی۔‘‘                                 (صحیح بخاری) 
حدیث میں لعنت کرنے کو مومن کے قتل کا مترادف قرار دیا گیا۔ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
’’مومن پر لعنت کرنا اس کے قتل کرنے کی طرح ہے۔‘‘   (صحیح بخاری:جلد سوم:حدیث نمبر :1058)
یہ تو وہ سنگین بد زبانی اور فحش گوئی تھی جس کا تعلق انسانوں سے تھا، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے تو جانوروں کو بھی گالی اور کوسنے کو نہ صرف یہ کہ ناپسند فرمایا، بلکہ اس پر مناسب سزا بھی دی ہے، چنانچہ ابوداؤد شریف میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ سفر میں تھے، مسافروں میں ایک خاتون بھی تھیں، جس اُونٹنی پر وہ سوار تھیں اس نے کچھ شوخی کی، اس خاتون نے اُونٹنی پر لعنت بھیج دی، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے تنبیہ فرمائی اور حکم دیا کہ انہیں اُس اُونٹنی سے اتار دیا جائے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اونٹنی سے محروم کرکے گویا سزا دی، تاکہ آئندہ ان کو عبرت ہو۔ اللہ جل شانہُ ہمیں صحیح معنی میں دین پر چلنے والا بنائے، گالی، بے ہو دہ کلام اور بدگوئی سے بچنے کی توفیق نصیب فرمائے، آمین