فقہ حنفی کی مشہور کتاب ’’ہدایہ‘‘ کا تعارف
فقہ حنفی کی مشہور کتاب ’’ہدایہ‘‘ کا تعارف
درسِ نظامی کے نصاب میں کچھ کتابیں ایسی ہیں جنہیں علمی قابلیت پیدا کرنے میں خاص دخل ہے۔ ان میں ہدایہ سرفہرست ہے، حتیٰ کہ حضرت مفتی محمد شفیع رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ’’میرے خیال میں مولوی وہ ہے جس میں اس قدر استعداد ہو کہ ہدایہ کی چاروں جلدوں میں جو جگہ اس کو بتلائی جائے، اس کو حل کرکے سمجھا اور پڑھا سکے۔‘‘ (البلاغ: 2/1090، خصوصی اشاعت) تاہم ہدایہ کو بصیرت اور اِتقان سے پڑھنے پڑھانے کے لیے کتاب کا مفصل تعارف ضروری ہے،اس لیے ہدایہ کے مقدمۃ الکتاب کے طور پر یہ مضمون پیشِ خدمت ہے۔ اس کے ذیلی موضوعات کی فہرست یہ ہے: 1- ہدایہ کی نصابی اہمیت۔ 2- ہدایہ کے تعارف پر لکھے گئے کچھ رسائل۔ 3- حالات مصنف۔ 4- عاداتِ مصنف۔ 5- کتاب کے نسخے۔ 6-شروح وحواشی وتخریجات۔ 7- ہدایہ میں حدیث کا حوالہ اور سند کیوں نہیں؟ 8- ہدایہ پڑھانے کا طریقہ۔ 9- ہدایہ کا امتحان لینے کا طریقہ۔ 10- ہدایہ اور بدائع الصنائع کا تقابل۔
1- ہدایہ کی نصابی اہمیت
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب ہدایہ کے بارے میں فرماتے ہیں:
’’اس کتاب کو اگر درسِ نظامی کا حاصل اور علوم دینیہ کی بنیاد کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، لہٰذا استاذ کو اسی اہمیت کے ساتھ اسے پڑھانا چاہیے۔ کتاب کا مقصد یہ ہے کہ طالب علم کو مسائل کے ساتھ ان کے نقلی اور عقلی دلائل اور فقہاء کے مدارکِ استنباط سے واقفیت ہو۔‘‘ (درسِ نظامی کی کتابیں کیسے پڑھیں اور پڑھائیں؟ ص:38)
مولانا مناظر احسن گیلانی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:
’’غور کیا جائے تو تعلیم کی غرض یہی دو باتیں ہوسکتی ہیں، یعنی آدمی خود سوچنے لگے اور دوسروں کی سوچی ہوئی باتیں سمجھنے لگے۔ اصولِ فقہ کی کتاب بزدوی، فقہ کی کتاب ہدایہ اور تفسیر کی کتاب کشاف درس میں ان ہی دونوں اغراض کے لیے رکھی گئی تھیں۔ ہدایہ کی یہ خوبی نہیں کہ اس میں فقہ کے تمام مسائل آگئے ہیں اور ان مختصر جلدوں میں فقہ جیسے بحرِ ذخار کا سمانا مشکل کیا ناممکن ہے، لیکن دماغ کی جتنی ورزش اس کی عجیب وغریب سہلِ ممتنع عبارتوں سے ہوجاتی ہے، میں نہیں جانتا کہ اس مقصد کے لیے ہدایہ سے بہتر کتاب مسلمانوں کے پاس موجود ہے، اس لیے شاعر کا بیان مبالغہ نہیں کہ ہدایہ کے پڑھنے والے کجراہی اور غلط روی کا شکار نہیں ہوسکتے۔ خود صحیح سوچنے اوردوسرے کے کلام کا صحیح مطلب سمجھنے کا جتنا اچھا سلیقہ یہ کتاب پیدا کرسکتی ہے، عام کتابوں میں اس کی نظیر مشکل ہی سے مل سکتی ہے۔‘‘ (نظامِ تعلیم وتربیت : 1/313، 314ب، تلخیص)
اس سے ایک تو یہ معلوم ہوا کہ ہدایہ صحیح طرح پڑھنے سے جو تحقیق وتدقیق کا ملکہ پید ا ہوتا ہے، اس کا کوئی متبادل نہیں، اور دوسرے حضرت نے ہدایہ کی عبارت کو سہلِ ممتنع کہا ہے، یہ ادب کی ایک اصطلاح ہے، اس کے معنی ہیں آسان الفاظ میں ایسے لطیف معنی ادا کردینا جنہیں اس طرح ادا کرنا بہت مشکل ہو۔ اردو میں مومن خاں مومن کا یہ شعر سہل ممتنع کی بہترین مثال ہے:
تم میرے پاس ہوتے ہو گویا
جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
حضرت تھانویؒ فرماتے ہیں:
’’اکبر حسین صاحب جج اور ناظر حسن صاحب رامپوری وکیل کی قابلیت جو حکام میں بھی مسلم تھی، وہ عربی ہی کی بدولت تھی، چنانچہ وکیل صاحب نے خود کہا کہ یہ جو وکالت میں میری نظر ایسی رسا ہے، یہ محض ہدایہ پڑھنے کی برکت ہے۔‘‘ (ملفوظات حکیم الامت : 10/73)
2 - ہدایہ کے تعارف پر لکھے گئے چند رسائل
1 - 5 : خمس رسائل علی کتاب الہدایۃ
یہ پانچ رسائل کا مجموعہ ہے۔ اس میں عمادی کا ’’العقد الثمین في ترجمۃ صاحب الہدایۃ‘‘، حمزاوی کا ’’مصباح الدرایۃ في اصطلاح الہدایۃ‘‘، لکھنوی کا ’’عادات الإمام المرغیناني‘‘ اور ’’المسامحات‘‘ اور مطیعی کا ’’بغیۃ أہل الدرایۃ من ختم کتاب الہدایۃ‘‘ شامل ہے۔
6 : المدخل إلٰی کتاب الہدایۃ
اس مجموعے میں مذکورہ پانچ رسائل کے علاوہ سندی کا ’’مہذب الہدایۃ‘‘ اورسلہٹی کا ’’مباحث عن الإمام المرغیناني وکتابہ الہدایۃ‘‘ شامل ہے۔
7: ماینبغي بہ العنایۃ لمن یطالع الہدایۃ
جامعہ بنوری ٹاؤن سے تخصص فی الفقہ کا مقالہ ہے۔ اس میں ان امور سے بحث کی گئی ہے جو مولانا لکھنوی اور مولانا سنبھلی کے مقدماتِ ہدایہ میں نہیں ہیں۔
8: دکتور سائد بکداش کی ہدایہ پر تحقیق کا مقدمہ۔
9: ہدایہ اور صاحب ہدایہ : مولانا عبد القیوم حقانی۔
10: آپ ہدایہ کیسے پڑھیں؟ : مفتی ابولبابہ شاہ منصور
3 - حالاتِ مصنف
برہان الدین ابوالحسن علی بن ابی بکر صدیقی فرغانی مرغینانی رِشدانی نام ہے۔ زمانہ 511 - 593ھ ہے۔ فرغانہ ماوراء النہر میں ہے۔ یہ جگہ اس وقت وسط ایشیا کے ملک ازبکستان میں ہے۔ مرغینان فرغانہ کے مشہور شہروں میں سے ہے اور رشدان مرغینان کی ایک بستی ہے۔ (مقدمہ سائد بکداش :1/16)
امام مرغینانی ؒ کو بعض نے اصحاب الترجیح میں، بعض نے اصحاب التخریج میں اور بعض نے مجتہدین فی المذہب میں شمار کیا ہے۔ مولانا لکھنوی کا میلان بھی اسی طرف ہے۔ (تقدمۃ البنوري علی نصب الرایۃ: ص:14)
تصانیف میں الزیادات، شرح الجامع الکبیر، التجنیس والمزید وغیرہ شامل ہیں۔
ذہبیؒ ان کے حالات میں فرماتے ہیں :
’’العلامۃ عالم ماوراء النہر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لم تبلغنا من أخبارہٖ وکان من أوعیۃ العلم رحمہ اللہ۔ ‘‘ (سیر اعلام النبلاء : 21/232)
علامہ ماوراء النہر کے عالم۔۔۔۔۔۔ ہمیں ان کے حالات( کی تفصیل) معلوم نہیں، (البتہ اتنا ہے کہ) علم کے ظروف میں سے تھے۔ قرشی کہتے ہیں:
’’أقر لہ أہل مصر بالفضل والتقدم۔ ۔ ۔ ۔ تفقہ علی جماعۃ۔ ۔ ۔ ۔ فاق شیوخہ وأقرانہ وأذعنوا لہ کلہم۔ ۔ ۔ وتفقہ علیہ الجم الغفیر۔‘‘ (الجواہر المضیۃ : 1/383)
’’اہلِ مصر نے ان کے کمال اور برتری کا اعترا ف کیا ہے۔ ۔۔۔ ایک جماعت سے فقہ (کی مہارت لی )۔ ۔۔۔ اپنے اساتذہ اور ہم جماعتوں سے آگے نکل گئے اور ان سب نے ان کی برتری تسلیم کی ہے۔۔۔۔ بہت بڑی جماعت نے ان سے فقہ (کی مہارت)لی ہے۔ ‘‘
یہاں امام مرغینانی ؒ کے کمال کی چاروں دلیلیں آگئیں۔ باکمال اساتذہ اور تلامذہ کی کثرت، اساتذہ اور اہل زمانہ کا اعتراف۔ کفوی ؒکہتے ہیں :
’’کان إمامًا فقیہًا حافظًا محدثًا مفسرًا جامعًا للعلوم ضابطًا للفنون متقنًا محققًا نظارًا مدققًا زاہدًا ورعًا بارعًا متورعًا فاضلًا ماہرًا فائقًا ماہرًا أصولیًا أدیبًا شاعرًا لم تر العیون مثلہٗ في عصرہٖ في العلم والأدب۔‘‘
’’وہ امام، فقیہ، حافظ، محدث، مفسر، علوم کے جامع، فنون کے ماہر، متقن، محقق، مناظر، باریک بین، زاہد، پرہیزگار، فائق الاقران، فاضل، ماہر،فائق، ماہر اصولی، ادیب وشاعر تھے۔ آنکھوں نے ان کے زمانے میں علم وادب میں ان جیسا نہیں دیکھا۔‘‘ (کتائب أعلام الأخیار، ص:220، مخطوط)
حضرت کشمیریؒ فرماتے ہیں :
’’ لایدرک شأو صاحب الہدایۃ في فقہہ ألف فقیہ مثل صاحب الدر المختار۔ فإن صاحب الہدایۃ فقیہ النفس، علمہ علم الصدر، وعلم صاحب الدر المختار علم الصحف والأسفار وأن البون بینہما لبعید۔ ‘‘ (تقدمۃ البنوري علی نصب الرایۃ، ص:14)
’’صاحب درِمختار جیسے ہزار فقیہ بھی صاحب ہدایہ کے درجے کو نہیں پہنچتے، کیونکہ صاحب ہدایہ فقیہ النفس ہیں اور ان کا علم سینے کا علم ہے۔ صاحب درِمختار کا علم کتابی ہے اور ان دونوں میں بہت فرق ہے۔‘‘
4 - عاداتِ مصنف
1 - ہدایہ شرح ہے، اس کے متن کا نام ’’بدایۃ المبتدي‘‘ ہے۔ متن میں جامع اور مختصر الفاظ میں اس علم کے مقاصد اور مسائل جمع کیے جاتے ہیں۔ متن گویا پورے علم کا خلاصہ ہوتا ہے۔ متن کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ مبتدی طلبہ کے لیے درسی کتاب بن جاتی ہے۔ دوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس علم کی تفصیل سے پہلے اجمال سامنے آتا ہے۔ اجمال کے بعد تفصیل زیادہ آسان اور مؤثر ہوتی ہے۔ تیسرا فائدہ یہ ہے کہ متن کے ذریعے مطولات میں مسائل تلاش کرنا آسان ہوجاتا ہے، اور مظانِ مسئلہ کا صحیح اندازہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجوہ ہیں کہ متن کے الفاظ بڑے نپے تلے اور جامع ہوتے ہیں۔ متن ماہرِ فن امام کی ذہنی کاوش کا نچوڑ ہوتا ہے۔ متن کی صحیح قدر وقیمت کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب آدمی اس کے ذریعے شروحات وفتاویٰ میں جزئیات تلاش کرکے فتاویٰ کے جوابات لکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ متن نگاری کرنے والے ائمہ فقہاء کو جزائے خیر دے کہ ہمارے لیے مطولات میں پہنچنے کا راستہ بہت آسان کردیا۔ متن میں اصل یہی ہے کہ مفتی بہ اور راجح قول پر اکتفا کیا جائے۔ مولانا ابو الوفاء افغانی نے مختصر الطحاوي کے مقدمۂ تحقیق میں فقہ حنفی کے مشہور مختصرا ت کا ترتیب وار ذکر کیا ہے۔ یہ بطور تمہید متون ومختصرات کے منہج اور منزلت کابیان ہو ا۔ تاہم مطولات کے بالاستیعاب مطالعے کی ضرورت اپنی جگہ ہے۔ حضرت کشمیری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :
’’ لایجوز لأحد أن یفتي مالم یطالع البحر أو رد المحتار بأسرہٖ أو کتابًا مبسوطًا آخر من مبسوطات الفقہ الحنفي، نعم صدق من قال : لاتقعن البحر إلا سابحا۔‘‘ (تراجم ستۃ من فقہاء العالم الإسلامي ، ص:39)
’’کسی کے لیے اس وقت تک فتویٰ دینا جائز نہیں جب تک بحر یا رد المحتار یا فقہ حنفی کی کسی اور مبسوط کتاب کا بالاستیعاب مطالعہ نہ کرلے۔ ہاں! یہ بات درست ہے کہ بحر میں تیراک ہوکر ہی جانا (یعنی اس سے صحیح طرح استفادہ کرنا سیکھ کر ہی مطالعہ کرنا)۔ ‘‘
اس سے معلوم ہوا کہ کم از کم تخصص میں اہم نکات کے ضبط کے ساتھ کسی ایک مبسوط کتاب کا بالاستیعاب مطالعہ کرانا ضروری ہے۔
2 - حضرت کشمیری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :
’’ لیس في أسفار مذاہب الأربعۃ کتاب بمثابۃ الہدایۃ في تلخیص کلام القوم، وحسن تعبیرہ الرائق والجمع للمہمات في تفقہ نفس بکلمات کلہا درر وغرر۔‘‘ (تقدمۃ البنوري علی نصب الرایۃ، ص:14)
’’مذاہبِ اربعہ کی کتابوں میں کوئی کتاب ہدایہ جیسی نہیں، فقہاء کے کلام کی تلخیص اور حسن تعبیر اور مہمات کو جمع کرنے میں تفقہ نفس کے ساتھ ایسے کلمات میں جو سارے قیمتی موتی ہیں۔ ہدایہ سے پہلے چار صدیوں کا فقہی ذخیرہ موجود تھا۔ امام مرغینانی ؒ نے مختصر جملوں میں اس کا نچوڑ نکال دیا۔ ‘‘
حضرت کشمیری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا :
’’مجھ سے ایک عالم نے پوچھا کہ آپ فتح القدیر جیسی کتاب لکھ سکتے ہیں ؟ میں نے کہا: ہاں! پھر پوچھا: ہدایہ جیسی؟ تو میں نے کہا: چھ سطر بھی نہیں۔‘‘ (بینات :ص55، رجب 1440ھ)
باغ و بہار کے بیان میں فصاحت وبلاغت تو سب لاتے ہیں، مگر قانون جیسے سنگلاخ مضمون کے بیان میں ادبی چاشنی لانا بڑے کمال کی بات ہے۔
3 - ہدایہ کے شارح شریف جلال الدین رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
’’ثم إنہٗ وإن کان شرحًا للبدایۃ کاشفًا لمشکلاتہٖ موضحًا لمعضلاتہٖ إلا أن فیہ غوامض أسرار محتجبۃ وراء الأستار لا یکشف عنہا من نحاریر العلماء إلا من أوتی کمال التیقظ في التحقیق۔‘‘ (مقدمۃ سائد بکداش: 1/38)
’’پھر ہدایہ اگرچہ بدایہ کی شرح ہے جو اس کی مشکلات کو کھولتی ہے، اور اس کی پیچیدگیوں کو دور کرتی ہے (اس حیثیت سے اسے آسان ہوناچاہیے تھا، کیونکہ خود شرح ہے )، لیکن اس میں پردوں کے پیچھے چھپے ہوئے ایسے گہرے راز ہیں کہ جنہیں علمائے محققین میں سے بھی وہی کھول سکتے ہیں جو تحقیق میں انتہائی چوکس ہوں۔‘‘
ہدایہ کے شارح قوام الدین کاکیؒ فرماتے ہیں :
’’ کتاب جامع لکل ما أمکن جمعہٗ في ہٰذا الفن من فنون الدرایۃ وعیون الروایۃ بحیث لا یعرف إلا بعد تجرید فکر وتدقیق نظر۔ وقد شرحہ الشارحون واشتغل بتدریسہ المشائخ المحققون۔ ‘‘ (مصدر سابق)
’’ہدایہ ایسی جامع کتاب ہے جس میں وہ ساری چیزیں جمع ہیں جو اس فن میں آسکتی ہیں، یعنی قوی دلائل اور راجح اقوال، اس طرح کہ فکر کو خالی کرنے اور نظر کو گہرا کرنے سے ہی معلوم ہوسکتے ہیں۔ شارحین نے اس کی شرح لکھی ہے اور مشائخ محققین اس کی تدریس میں مشغول ہوئے ہیں۔‘‘
اس سے معلوم ہوا کہ ہدایہ شرح ہونے کے باوجود بہت دقیق اور غامض ہے۔
4 - ہدایہ میں عقلی دلیل بیان کرنے کا اہتمام سمعی دلیل سے نسبتاً زیادہ ہے، چنانچہ بسا اوقات دلیل سمعی کو بیان نہیں کرتے اور بعض دفعہ دلیل عقلی کو پہلے بیان کرتے ہیں۔ اس سے یہ غلط فہمی نہ ہونی چاہیے کہ دلیل عقلی رتبتاً دلیل سمعی سے مقدم ہوگئی، معاذاللہ، بلکہ یہ انداز بعض عوارض کی بنا پر ہے۔ مولانا محمد عبد الرشید نعمانیؒ فرماتے ہیں :
’’قد علم من عادتہٖ (أی عادۃ صاحب الہدایۃ) أنہٗ صنف کتابہٗ ہذا لایراد الدلائل العقلیۃ دون النقلیۃ، فلذا یکتفي بایرادہا کثیرًا ومعہ أحادیث مثبتۃ لمدعاہ۔‘‘ (تعلیق ذب ذباب الدراسات:1 /75)
’’صاحب ہدایہ کی عادت معلوم ہے کہ انھوں نے یہ کتاب دلائلِ عقلیہ کے لیے لکھی ہے، نہ کہ دلائلِ نقلیہ کے لیے، یہی وجہ ہے کہ وہ بسا اوقات صرف دلائلِ عقلیہ پر اکتفا کرتے ہیں، حالانکہ اس مسئلے میں احادیث بھی ہوتی ہیں۔‘‘
دکتور سائد بکداش کہتے ہیں :
’’ومن منہج المرغیناني في الاستدلال في الہدایۃ أنہ في مسائل کثیرۃ یترک الاستدلال للمسئلۃ بماورد في السنۃ المرفوعۃ وآثار الصحابۃؓ مع وجود ذٰلک، ویقتصر علی الدلیل العقلي فقط۔ ‘‘ (مقدمۃ تحقیق الہدایۃ :1/ 83)
’’مرغینانی کا ہدایہ میں ایک منہجِ استدلال یہ بھی ہے کہ وہ بہت سے مسائل میں سنتِ مرفوعہ اور آثارِ صحابہؓ کے ہوتے ہوئے بھی انہیں دلیل کے طور پر ذکر نہیں کرتے، بلکہ صرف دلیل عقلی پر کفایت کرتے ہیں۔ ‘‘
باب الصلاۃ في الکعبۃ کے آخری مسئلے میں دلیل عقلی کا پہلے ذکر ہے اور دلیل سمعی کا بعد میں۔ اس پر محشی مفتی ابولبابہؒ کہتے ہیں:
’’دلیل نقلي أخرہ لیکون اختتام الکتاب والباب بالصلاۃ علی النبي ﷺ ولأن الدلیل العقلي مبني علی القاعدۃ الکلیۃ المستنبطۃ من النصوص الکثیرۃ وہی عدم جواز ما فیہ ترک تعظیم شعائراللہ؛ فإن تعظیم شعائر اللہ من تقوی القلوب۔ والحدیث مشتمل علی مسئلۃ جزئیۃ، فتقدیم ما ہو مستنبط من النصوص الکثیرۃ علی نص واحد من الحسن بمکان۔ فاحکم ہٰذا۔ فإن من لم یفہم ہذہ النکتۃ ربما یختلج في قلبہ صنیع المصنف في مثل ہٰذہ المواضع۔ ‘‘
’’دلیل نقلی کو مؤخر کیا ہے، تاکہ کتاب اور باب کا اختتام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود سے ہو، اور اس لیے بھی کہ دلیل عقلی کی بنیاد قاعدہ کلیہ ہے جو بہت سی نصوص سے مستنبط ہے، اور وہ یہ کہ جس کام میں شعائر اللہ کی تعظیم ترک ہو وہ کام جائز نہیں، کیونکہ شعائر اللہ کی تعظیم دلوں کے تقویٰ سے ہے، اور حدیث ایک مسئلہ جزئیہ پر مشتمل ہے۔ تو نصوصِ کثیرہ سے مستنبط دلیل کو ایک نص پر مقدم کرنے کا حسن ظاہر ہے۔ یہ با ت اچھی طرح سمجھ لو، کیونکہ جو یہ نکتہ نہیں سمجھتا، بسا اوقات اس کے دل میں اس طرح کے مواضع میں مصنف کا انداز باعثِ خلجان ہوتا ہے۔
(نیز دیکھیے : احسن التوجیہات، ہدایہ : 1/63، 64 ، مکتبہ بشریٰ، کراچی، ط:1445ھ)
5 - ہدایہ میں دلیل کے سب مقدمات بسااوقات مذکور نہیں ہوتے۔ اسی طرح دلیلِ سمعی کی وجہ دلالت علی الحکم بھی بہت دفعہ ذکر نہیں ہوتی۔ گویا پوری دلیل نہیں، بلکہ دلیل کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔ اب ان اشارات کو کھولنا اورسب مقدمات ذکر کرکے پوری تقریر کرنا، یہ اہم کام ہے ہدایہ کے سبق میں،مثلاً:’’ باب صلاۃ المسافر‘‘ میں مسافر کے مقیم کی اقتداء کے مسئلے میں فیکون اقتداء المفترض بالمتنفل في حق القعدۃ أو القراءۃ پر حاشیے میں بابرتی کا کلام دیکھیے۔
6 - ألا تری کہہ کر توضیح کرتے ہیں۔ اسے دلیل تنویری بھی کہتے ہیں۔ یہ لفظ اس مقام پر آتا ہے جہاں دلیل کا بہت ظاہر ہونا بتانا ہو، مثلاً ’’باب الماء ‘‘ میں دباغت کے مسئلے میں فرمایا : ’’ ألا تری أنہٗ ینتفع بہٖ حراسۃً واصطیادًا‘‘ اس پر عینی ؒ کہتے ہیں: ’’(ألاتری) کلمۃ ألابفتح الہمزۃ وتخفیف اللام للتنبیہ والتوضیح۔
باب الإمامۃ میں مسئلہ محاذات میں فرمایا: ألاتری أنہٗ یلزمہ الترتیب في المقام۔ اس پر بابرتی کہتے ہیں : ’’ألا تری توضیح لقولہ لأن الاشتراک لایثبت دونہا۔ ‘‘
7 - بعض مسائل استطراداً ذکر کردیتے ہیں، مثلاً: ’’فصل في البیر‘‘ میں بکری کے کنویں میں پیشاب کرنے کے مسئلے کے تحت تداوی بالمحرم کا ذکر استطراداً آیا ہے۔ اس طرح یہ غیر مظان میںمسئلہ ذکر کرنے کی ایک صورت بن جاتی ہے۔
8 - دعویٰ کے جزء پر دلیل لانے کے بعد کل پر دلیل لاتے ہیں، مثلاً ’’باب الماء‘‘ میں ’’ومطلق الاسم یطلق علی ہٰذہ المیاہ‘‘ پر سعدی آفندیؒ کہتے ہیں :’’ الاستدلال علٰی بعض المدعی، ثم الکل طریقۃ یسلکہا المصنف کثیر ا۔ ‘‘
9 - اختصار کی وجہ سے مصادر منقول عنہا کا پورا حوالہ نہیں دیتے اور بسا اوقات قائل کا نام بھی اسی غرض سے حذف کردیتے ہیں۔ اس زمانے میں تدین وتبحرِ علمی کی وجہ سے ایسا کرنا بالکل کافی تھا۔ البتہ ہمارے دور میں ایسا کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔
10 - مفتی ابولبابہ صاحب کے مقدمہ تعلیق میں 4 ؍ اصول اور 10 ؍ عادات مذکور ہیں۔ اور مکتبہ بشریٰ کے مقدمہ میں 20؍عادات مذکو ر ہیں۔ انہیں پیش نظر رکھنا چاہیے۔
5 - کتاب کے نسخے
1: ہدایہ کا بہترین نسخہ وہ ہے جو دکتور سائد بکداش کی تحقیق کے ساتھ 7 جلدوں میں مطبوع ہے۔ اس میں 20 سے زائد مخطوطات سے تصحیح کی گئی ہے۔ اس کی پی ڈی ایف آن لائن دستیاب ہے۔ 2: ایک نسخہ عبد السلام عبد الہادی کی تحقیق کے ساتھ 4 جلدوں میں مطبوع ہے۔ 3: ہمارے ہاں زیادہ تر مکتبہ بشریٰ کراچی کا نسخہ رائج ہے۔ اس پر مفتی ابولبابہ صاحب کے مفید حواشی ہیں جن سے حل کتاب میں بہت مدد ملتی ہے۔
6 - شروح و حواشی و تخریجات
ہدایہ پر ہونے والے مختلف نوعیت کے علمی کاموں کی کل تعداد 120 سے اوپر ہے۔ تاہم طبع شدہ شروح کی تعداد بہت کم ہے۔ دس سے کچھ زائد شروح مطبوع ہیں۔ ان اعمالِ علمیہ کی تفصیل مقدمہ سائد بکداش ص: 101 - 163 پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ ان میں سے کم از کم فتح القدیر، عنایہ، بنایہ، کفایہ، تخریج زیلعی، حاشیہ سعدی، لکھنوی اورسنبھلی کے مطالعے سے چارہ نہیں۔ مخرجین ہدایہ میں عبد القادر قرشی، علاء الدین ماردینی، جمال الدین زیلعی، بدرالدین عینی، ابن ہمام اورقاسم بن قطلوبغا شامل ہیں۔ ان میں سے یہاں تخریج زیلعی سے متعلق کچھ تفصیل ذکر کی جاتی ہے۔ یہ نصب الرایۃ لأحادیث الہدایۃ کے نام سے مشہور ہے، تاہم بعض اہلِ علم کی تحقیق کے مطابق اس کا اصلی نام تخریج أحادیث الہدایۃ ہے۔ اور نصب الرایۃ حافظ ابن حجرؒ کی تلخیص کا نام ہے۔
تخریجِ زیلعی احادیثِ احکام کا انسائیکلوپیڈیا ہے۔ حافظ ابن حجرؒ نے بھی اپنی تصانیف میں اس سے بہت استفادہ کیا ہے۔ اس کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ سب مذاہب کے دلائل پورے انصاف اور اعتدال کے ساتھ یکجا کردیتے ہیں اور بسا اوقات مخالفین کے دلائل پر کلام کی گنجائش ہونے کے باوجود بھی کلام نہیں کرتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیلعی ؒ حافظِ حدیث ہونے کے ساتھ ساتھ مشائخِ صوفیہ میں سے بھی ہیں، جن کے دل رذائل وشہوات سے پاک ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان میں ذرا بھی تعصب نہیں۔ ابن ہمام اور ابن دقیق عید دونوں بھی ایسے ہی منصف اور معتدل مزاج جامع بین الحدیث والفقہ ہیں۔
’’قال مولانا أنور شاہ الکشمیري : الحافظ ما أجاد في تلخیصہٖ کما کان یرجی من براعتہ في التنقیح والتحریر و علو کعبہ في التلخیص، وغادر کثیرا من النقول التي ما کان یحری ترکہا۔‘‘ (تقدمۃ البنوري علی نصب الرایۃ ، ص:6 - 8، 12)
’’امام العصر حضرت کشمیریؒ فرماتے ہیں: ’’حافظ ابن حجرؒ نے زیلعی ؒ کی تلخیص عمدہ نہیں کی، جیسے ان کے تنقیح وتحریر کے کمال اور تلخیص کے بلند مرتبے سے امید تھی۔ بہت سی قیمتی نقول چھوڑ دیں جو چھوڑنی نہیں چاہیے تھیں ۔ ‘‘
’’وقال : وہٰذا بخلاف الحافظ ابن حجرؒ، فیتطلب دائما مواقع العلل ویتوخی مواضع الوہن من الحنفیۃ۔ ولایأتي في أبحاثہٖ ما یفید الحنفیۃ۔ ویقول شیئًا وہویعلم خلاف ذٰلک، ولایلیق بجلالۃ قدرہٖ ذیل الصنیع۔ وحاشاي أن أغض من قدر الحافظ الذي یستحقہ۔ وإنما ہي حقائق ناصعۃ ووقائع ثابتۃ، یجب علی الباحث الناقد أن یعرفہا۔ عفا اللہ عنہ وبدل سیئاتہ حسنات۔‘‘ (مصدرِ سابق، ص:8)
’’اور فرماتے ہیں : یہ حافظ ابن حجرؒ کے برخلاف ہے کہ وہ ہمیشہ (حنفیہ کے ) عیوب کی تلاش میں رہتے ہیں، اور ان کی کمزوریوں کے درپے رہتے ہیں، اور اپنی ابحاث میں کوئی ایسی بات نہیں لاتے جس سے حنفیہ کو فائدہ پہنچے اور جانتے بوجھتے اپنے علم کے خلاف بات کرتے ہیں۔ یہ رویہ ان کے بلند رتبے کے لائق نہیں، اور حاشا میں حافظ ابن حجرؒ کے مرتبے میں کمی کروں جس کے وہ مستحق ہیں۔ یہ تو ثابت شدہ حقائق وواقعات ہیں۔ باحث ناقد پر انہیں جاننا لازم ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں معاف فرمائیں اور ان کی سیئات کو حسنا ت سے بد ل دیں، آمین۔‘‘
’’قال الشیخ البنوريؒ : ومن دأبہٖ في کتبہٖ - ولا سیما فتح الباري - أنہٗ یغادر حدیثًا في بابہٖ یکون مؤیدًا للحنفیۃ مع علمہٖ، ثم یذکرہٗ في غیر مظانہٖ لئلا ینتفع بہ الحنفیۃ۔ ‘‘ (مصدر سابق، ص:7)
’’شیخ بنوریؒ فرماتے ہیں : حافظ ابن حجرؒ کی اپنی کتابوں خصوصاً فتح الباري میں عادت ہے کہ وہ حنفیہ کی مؤید حدیث کو جانتے ہوئے بھی اس کے باب میں ذکر نہیں کرتے، پھر اسے غیرمظان میں ذکرکرتے ہیں، تاکہ اس سے حنفیہ کو فائدہ نہ پہنچے۔‘‘ (مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: ملفوظات محدث کشمیریؒ، ص: 124، 125۔ الامام ابن ماجہ وکتابہ السنن، ص:244، 245۔ فیض الباری :2/476، 4/129، 130۔ نفحۃ العنبر، ص:64، 65)
لہٰذا حافظ ابن حجرؒ کے کلام سے استفادہ کرتے ہوئے ان کے اس رویے کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔
شروح سے متعلق ایک اہم طرز کی وضاحت ضروری ہے۔ پہلے مصنفین کی عادت ہے کہ وہ کسی اعتراض اور اس کے جواب کے ضعف وقوت کی طرف مخصوص الفاظ سے اشارہ کرتے ہیں، چنانچہ بعض افاضل کا قول ہے کہ لفظ تأمل سے جواب قوی کی طرف، فتأمل سے جواب ضعیف کی طرف اور فلیتأملسے جواب اضعف کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔ لفظ لقائل سے سوالِ اقویٰ کی طرف اشارہ ہوتا ہے، اس کے جواب میں أقول یا نقول لاتے ہیں۔ فإن قلت سے سوال قوی کی طرف اشارہ ہوتاہے، اس کے جواب میں قلت یا قلنا لاتے ہیں۔ لفظ فإن قیل سے سوال ضعیف کی طرف اشارہ ہوتا ہے، اس کے جواب میں أجیب یا یقال لاتے ہیں۔ لفظ لایقال سے سوال اضعف کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔ اس کے جواب میں لأنا نقول لاتے ہیں۔ (کلیات ابی البقاء، ص:287، 288)
شارحینِ ہدایہ بھی جابجا یہ الفاظ استعمال کرتے ہیں، لہٰذاان کا فرق ملحوظ رکھنا چاہیے۔ ابو البقاء نے اس طرح کی اور اصطلاحات بھی ذکر کی ہیں، فلیراجع۔
7 - ہدایہ میں حدیث کا حوالہ اور سند کیوں نہیں؟
حضرت تھانویؒ فرماتے ہیں :
’’صاحبِ ہدایہ حدیث کے حافظ تھے، اس لیے ان کو حدیث کے حوالہ کی ضرورت نہ تھی اور اس وقت پتہ کے لیے اتنا ہی کافی ہوتا تھا کہ حدیث میں آیا ہے، مگر اس زمانہ میں چونکہ تدین نہیں رہا، حوالہ میں صفحہ، سطر سب کچھ لکھنا چاہیے، تا کہ دوسرا دیکھ سکے۔‘‘ (ملفوظات حکیم الامت :14/123، 124)
مولانا عثمانی ؒ فرماتے ہیں :
’’ ویدل علی کونہٖ محدثا حافظا للحدیث کثرۃ ما أودعہٗ في کتبہٖ لاسیما الہدایۃ من الأحادیث۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کل حدیث قال فیہ الحافظان غریب لم نجدہ وجدت الکثیرمنہ - وللہ الحمد- في کتاب الخراج للإمام أبی یوسف، وفي کتاب الآثار لہٗ، وفي کتاب الآثار للامام محمد بن الحسن، وفي کتاب الحجج لہٗ رحمۃ اللہ علیہما۔‘‘ (أبوحنیفۃ وأصحابہ المحدثون، ص:211، 212)
’’امام مرغینانیؒ کے محدث، حافظِ حدیث ہونے کی دلیل ان کی کتابوں خصوصاً ہدایہ میں بکثرت احادیث ہونا ہے۔ ۔۔۔ جن حدیثوں کے بارے میں زیلعیؒ اور ابن حجرؒ فرماتے ہیں کہ: غریب ہیں، ہمیں نہیں ملیں، الحمد للہ، ان میں سے بہت سی مجھے مل گئی ہیں۔ امام ابویوسفؒ کی ’’کتاب الخراج‘‘ اور ’’کتاب الآثار‘‘میں اور امام محمد بن حسنؒ کی ’’کتاب الآثار‘‘ اور ’’کتاب الحجج‘‘ میں، رحمۃ اللہ علیہما۔‘‘
مولانا نعمانی ؒفرماتے ہیں :
’’شمس الائمہ سرخسی کی مبسوط، ملک العلماء کاسانی کی بدائع الصنائع اور شیخ الاسلام مرغینانی کی ہدایہ، کہ ان تینوں کتابوں میں جس قدر احادیث وآثار آئے ہیں وہ اصل میں متقدمین ائمہ احناف ہی کی کتابوں سے منقول ہیں جن کو ان حضرات نے اپنے ائمہ کے اعتماد پر اختصار کے پیش نظر بلاذکر حوالہ وسند درج کردیا ہے، چنانچہ حافظ قاسم بن قطلوبغا ’’منیۃ الألمعي‘‘ کے مقدمہ میں لکھتے ہیں :
’’ إن المتقدمین من علمائنا رحمہم اللہ کانوا یملون المسائل الفقہیۃ وأدلتہا من الأحادیث النبویۃ بأسانیدہم کأبي یوسف في کتاب الخراج والأمالي، ومحمد في کتاب الأصل والسیر، وکذا الطحاوي والخصاف والرازي والکرخي إلا في المختصرات۔ ثم جاء من اعتمد کتب المتقدمین وأوردوا لأحادیث في کتب من غیر بیان سند ولامخرج، فعکف الناس علی ہٰذہ الکتب۔‘‘
ترجمہ: ’’ہمارے علمائے متقدمین، اللہ ان پر رحم فرمائے مسائلِ فقہیہ اور ان کے دلائل کا احادیث نبویہ سے اپنی اسانید کے ساتھ املاء کراتے تھے، جیسا کہ امام ابویوسفؒ نے ’’کتاب الخراج‘‘ اور ’’أمالي‘‘ میں اور امام محمدؒ نے ’’کتاب الأصل‘‘ اور ’’کتاب السیر‘‘ میں اور اسی طرح امام طحاوی، خصاف، ابوبکر رازی اور کرخی نے اپنی اپنی تصانیف میں کیا ہے۔ البتہ مختصرات کی املاء اس سے مستثنیٰ ہے۔ بعد میں وہ حضرات آئے جنہوں نے متقدمین کی کتابوں پر اعتماد کیا اور ان حدیثوں کو بغیر سند اور حوالہ کے اپنی تصانیف میں درج کیا، پھر لوگ انہی تصانیف پر متوجہ ہوگئے۔‘‘
حقیقت یہ ہے کہ ان حضرات کو اپنے ائمہ کی کتابوں پر ویسا ہی اعتماد تھا جیسا امام بغویؒ اور شاہ ولی اللہؒ کو صحاحِ ستہ پر تھا۔ اور جس طرح امام بغویؒ نے ’’مصابیح السنۃ‘‘ میں اور شاہ ولی اللہ ؒنے ’’حجۃ اللہ البالغۃ‘‘ میں ان کتابوں کی روایات کو بلاحوالہ وسند درج کر دیا ہے، اسی طرح ان حضرات نے اپنے ائمہ کی روایات کو اپنی تصانیف میں جگہ دی ہے۔ بعد ازاں جب فتنۂ تاتار میں اسلامی دنیا کی اینٹ سے اینٹ بج گئی اور بلادِ عجم سے لے کر دار الخلافہ بغداد تک مسلمانوں کے جتنے علمی مراکز تھے ایک ایک کرکے تباہ وبرباد ہوگئے تو متقدمین کا علمی سرمایہ بہت کچھ ضائع ہوگیا اور بہت سی کتابیں جو پہلے متداول تھیں اس فتنہ میں بالکلیہ معدوم ہوگئیں۔ یہی وجہ ہے کہ متأخرین حفاظِ حدیث کو جنہوں نے ہدایہ وغیرہ کی احادیث کی تخریج کی ہے۔ متعدد روایات کے بارے میں تصریح کرنا پڑی کہ یہ روایت ان لفظوں میں ہم کو نہ مل سکی، کیونکہ اربابِ تخریج نے ان روایات کو متقدمین ائمہ حنفیہ کی تصانیف میں تلاش کرنے کے بجائے محدثین مابعد کی ان کتابوں میں تلاش کیا جو ان کے عہد میں متداول تھیں۔
اس سے بعض لوگوں کو صاحبِ ہدایہ کے متعلق قلتِ نظر اور ان حدیثوں کے متعلق ضعف کا شبہ ہونے لگا۔ اور تعجب ہے کہ شیخ عبد الحق دہلویؒ بھی اسی غلط فہمی کا شکار ہیں، چنانچہ ہدایہ اور اس کے مصنف کی نسبت اپنے خیالات کا اظہار ان لفظوں میں کرتے ہیں : ۔۔۔۔۔ حالانکہ نہ تو صاحب ہدایہ کا شغل حدیث میں کم تھا، کیونکہ وہ خود بہت بڑے محدث اورحافظ الحدیث تھے اور نہ جو حدیثیں وہ بیان کرتے ہیں وہ ضعیف ہیں، کیونکہ وہ سب اگلے ائمہ کی کتابوں سے منقول ہیں۔ خود ہم نے متعدد روایات کو دیکھا ہے کہ حافظ زیلعیؒ اور حافظ ابن حجر عسقلانیؒ وغیرہ مخرجینِ احادیثِ ہدایہ ان کے بارے میں بہ صراحت لکھتے ہیں کہ وہ ان کو نہ مل سکیں، حالانکہ وہ روایات ’’کتاب الآثار‘‘ اور ’’مبسوط امام محمد‘‘ وغیرہ میں موجود ہیں۔ اوریہ کچھ ہدایہ ہی کی خصوصیت نہیں، خود صحیح بخاری کی تعلیقات میں بھی بہت سی ایسی روایتیں موجود ہیں، جن کے بارے میں حافظ ابن حجرؒ نے یہی تصریح کی ہے، جس کی اصلی وجہ وہی ائمہ متقدمین کی کتابوں کا فقدان ہے۔ ورنہ ا مام بخاریؒ یا صاحب ہدایہ کی شان اس سے کہیں بڑھ کر ہے کہ ان کے متعلق کسی نے بے اصل روایت کے بیان کرنے کا شبہ بھی ظاہر کیا ہو۔
علامہ محمود بن سلیمان کفویؒ نے ’’کتائب أعلام الأخیار من فقہاء مذہب النعمان المختار‘‘ میں صاحب ہدایہ کے متعلق ان کے ترجمہ میں تصریح کی ہے کہ: ’’ کان إمامًا فقیہًا حافظًا محدثًا مفسرًا‘‘ اور حافظ قرشیؒ نے ’’الجواہر المضیۃ‘‘ میں لکھا ہے :
’’ رحل وسمع ولقي المشائخ وجمع لنفسہٖ مشیخۃ کتبتہا وعلقت منہا فوائد۔‘‘
یعنی ’’انہوں نے طلبِ حدیث میں رحلت کی، حدیث کا سماع کیا، مشائخ سے ملے اور اپنا مشیخہ جمع کیا، جس کو میں نے بھی نقل کیا ہے اور اس سے فوائد کو اخذ کیا ہے۔ ‘‘
مشیخہ وہ کتاب ہے جس میں مؤلف اپنے شیوخ کے حالات اور ان کی مرویات واجازات کو جمع کرتا ہے۔ (امام ابن ماجہ اور علم حدیث، ص:196 - 198 مع حاشیہ ) اس بارے میں مزید تفصیل کے لیے دیکھیے : المدخل الی علوم الحدیث الشریف، ص:139 - 141، 147۔ فتاویٰ بینات : 2/64 - 78۔ اعلاء السنن: 12/181۔ تدوین فقہ واصول فقہ، ص: 127 حاشیہ۔ نظام تعلیم وتربیت :1/117، 118۔ حادیث احکام اور فقہائے عراق۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ہدایہ کی جو حدیث متداول کتب حدیث میں نہ ملے، اسے حنفیہ متقدمین کی کتب میں تلاش کرنا چاہیے، چنانچہ حا ل ہی میں مولانا یوسف شبیر احمد کی کتاب ’’العنایۃ في تحقیق الأحادیث الغریبۃ في الہدایۃ ‘‘ شائع ہوئی ہے۔ 2 جلدوں میں ہے۔ اس میں مزید 80 غریب احادیث کی تخریج ہے۔
اور یہ بھی پیش نظر رہنا چاہیے کہ کسی فقہی مذہب کے پیروکار کے لیے حدیث کے ثبو ت کا مدار در اصل اس کے امام مجتہدؒ کے قبول کرنے اور دلیل لینے پر ہے۔ دیکھیے : ’’کشف الغمۃ للشعراني‘‘ : 1/30، 31، مجموع فتاوی ابن تیمیۃ : 20/238، 239۔ الاقتصاد في التقلید والاجتہاد ، ص:55 - 60، تعلیقات الشروط الأئمۃ الستۃ للکوثري، ص:18 ، ح:2۔ فتح الملہم :1/179۔ المدخل إلی علوم الحدیث الشریف ، ص:198 - 218 مع حاشیہ۔ قواعد فی علوم الحدیث ، ص:117۔
8 - ہدایہ پڑھانے کا طریقہ
حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب فرماتے ہیں:
’’دلائل کے بیان کے وقت جس قدر ممکن ہو، اصولِ فقہ کے قواعد کا اجراء کرایا جائے۔ حلِ کتاب کے لیے عنایہ اور کفایہ کو بنیاد بنایا جائے، اور دلائل کی تفصیل کے لیے فتح القدیر اور بنایہ للعینی سے مدد لی جائے۔‘‘ (درسِ نظامی کی کتابیں کیسے پڑھیں اور پڑھائیں؟ ص:39)
سبق میں سب مقدمات ترتیب سے ذکر کرکے دلیل کی پوری تقریر کرنی چاہیے۔ ظاہریت کی یلغار کو روکنے کے لیے اس وقت کی اہم ضرورت ہے کہ دلیلِ سمعی کا خلاصہ ہدایہ کے سبق میں بتایا جائے۔ دلیل سمعی معلوم کرنے کے لیے کتب کی ایک فہرست ملاحظہ ہو: المدخل إلٰی علوم الحدیث الشریف، ص:181 - 188۔ ہدایہ سے پہلے اصولِ فقہ اور اصولِ حدیث اچھی طرح پڑھ لینا چاہیے، تاکہ ہدایہ میں ان کا اجراء ہوسکے۔
ان کے ساتھ ایک اور چیز کا اضافہ ہونا چاہیے، وہ یہ کہ جوباب مکمل ہو، اس کے بارے میں طلبہ کو کچھ سوالات دیے جائیں، جن کے جوابات کتاب اور اس کی شروح وغیرہ کی مدد سے لکھیں، تا کہ انہیں اسلامی قانون کو واقعات پر منطبق کرنے کا سلیقہ آئے۔ اس کے بغیر فقہ پڑھنے کا پورا فائدہ نہیں ہوتا۔ دیکھیے : ’’التلخیصات العشر: ص ح، ناصح الطلبۃ ملحقہ حقوق العلم :ص102، 103۔ ان امور کی رعایت تب ہی ہوسکتی ہے کہ طلبہ قابل ہوں، استاذ باذوق ہو اور ادارے کا تعاون ہو۔
حضر ت نانوتویؒ نے ایک دفعہ حضرت تھانویؒ سے ان کے طالب علمی کے دو ر میں فرمایا تھا : دیکھو! ایک تو پڑھنا ہوتا ہے اور ایک گننا۔ محض پڑھنا کافی نہیں، گننے کی ضرورت ہے، پھر تمثیلاً فرمایا کہ: ایک عالم تھے، جنہوں نے ہدایہ کو حفظ کرلیا تھا۔ ان سے ایک دوسرے عالم نے جو ہدایہ کے حافظ تو نہ تھے، لیکن ہدایہ کو خوب سمجھ کر پڑھا تھا، ایک مسئلہ کا ذکر کیا۔ حافظ ہدایہ نے پوچھا: یہ مسئلہ کس کتاب میںلکھا ہے؟ انہوں نے کہا: ہدایہ میں۔ انھوں نے کہا: ہدایہ تو مجھے حفظ یاد ہے، اس میں تو کہیں بھی نہیں۔ اس پر غیر حافظِ ہدایہ نے کہا: یہ مسئلہ ہدایہ ہی کا ہے، اگر کتاب ہوتو میں اس میں دکھا سکتا ہوں، چنانچہ کتاب منگائی گئی، اور انہوں نے اس کے اندر ایک عبارت نکال کر دکھائی جس میں وہ مسئلہ بعینہ تو مذکور نہ تھا، لیکن اس سے بہ استنباطِ قریب مستنبط ہوتا تھا، جس کی تقریر کے بعد حافظِ ہدایہ کو ماننا پڑا کہ واقعی یہ ہدایہ ہی کا مسئلہ ہے اوربہت افسوس کے ساتھ کہنے لگے کہ: بس جی حقیقت میں ہدایہ کو تم ہی نے پڑھا ہے، ہم نے گویا پڑھا ہی نہیں ، محض حفظ کرلینے سے کیا ہوتا ہے ؟حضرت نانوتویؒ نے یہ واقعہ بیان کرکے فرمایا : بس یہ فرق ہے پڑھنے اور گننے میں۔ (اشرف السوانح : 1/138، 139۔ نیز دیکھیے: ملفوظات حکیم الامت : 15/135، 136)
9 - ہدایہ کا امتحان لینے کا طریقہ
حضرت تھانویؒ فرماتے ہیں:
’’میری رائے امتحان کے بارہ میں یہ ہے کہ امتحان تقریری ہونا چاہیے۔ تقریر میں بہت جلد قلعی کھل جاتی ہے، اور اگر کسی مصلحت سے تحریری ہو بھی تو اس کی لطیف صور ت یہ ہے کہ طالب علم کو کتاب دے دی جائے اوراس کے شروح وحواشی جو مانگے سب دے دیے جائیں اور کہہ دیا جائے کہ فلاں مقام حل کرکے لاؤ، مگر کسی سے مدد مت لو، کیونکہ مقصود تو یہ دیکھنا ہے کہ کتاب جو پڑھی ہے اسے سمجھ بھی گئے؟ یہ دیکھنا نہیں کہ یہ کتاب کا حافظ بھی ہے یا نہیں؟ اس میں طلباء کو بھی سہولت اور امتحان کا مقصود بھی حاصل، اور متعارف طریق میں تو پوری مصیبت ہے ۔۔۔۔۔ نیند خراب، تندرستی خراب، جب تک ساری کتاب حفظ نہ ہو امتحان دے ہی نہیں سکتا۔ ان تجارب کی بنا پر میں جس زمانہ میں کانپور تھا، امتحان کے متعلق نہایت سہل قواعد وضوابط مقرر کیے تھے۔ اس سے اعلیٰ درجہ کی قابلیت حاصل ہوتی ہے۔ اب اپنا اختیار نہیں، مشورہ ہی کیا تیر چلائے گا؟ چنانچہ مدارس میں جو آج کل امتحان کا طرز ہے کہ ساری کتاب محفوظ ہو تب امتحان دے سکتے ہیں، اس کے متعلق میںنے اہل مدارس کو رائے دی، مگر ایک نے بھی نہیں سنی!‘‘ (ملفوظات حکیم الامت :4/247)
اس سے واضح ہوا کہ ہدایہ یاد کرانے کے بجائے اچھی طرح سمجھا کر پڑھا دینا اصل مقصود ہے، اور امتحان میں بھی زبانی دلائل پوچھنے کی ضرورت نہیں، پوری عبارت دے کر اس کا حل دریافت کرنا چاہیے۔ یہی درست طریقہ ہے:
بینی اندر خود علوم انبیاء
بے کتاب وبے معید و اوستا
یعنی ’’کتاب، معاون اور استاذ کے بغیر اپنے اندر انبیاء کے علوم دیکھو گے - ‘‘
یہ حالت تقویٰ کا ثمرہ ہے جو اہل تقویٰ کی صحبت اور تربیت کے بغیر نہیں آتا۔
10 - ہدایۃ اور بدائع الصنائع کا تقابل
امام مرغینانی ؒ(م:593ھ) کے ہم عصر امام کاسانی ؒ(م:587ھ) ہیں۔ بدائع الصنائع ان کی مشہور ومعروف کتاب ہے۔ ہدایہ اور بدائع دونوں فقہ حنفی کی بنیادی اور مستند کتابیں ہیں۔ ہدایہ کی اہمیت اور فضیلت اوپر معلوم ہوئی۔ بدائع کے بارے میں حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ فرماتے ہیں:
’’جزئیات تو زیادہ شامی میں ہیں، مگر اصول اورفقہ کی لم زیادہ بدائع میں کہ اس سے مناسبت ہوجائے تو فقہ میں طبیعت چلنے لگے۔‘‘ (تذکرۃ الخلیل :ص294)
نیز فرمایا :
’’واقعی یہ شخص(کاسانی ) فقیہ تھا اور اللہ تعالیٰ نے اس کو فقہ ہی کے واسطے پیدا فرمایا تھا۔‘‘ (مصدر سابق)
پھر فرمایا:
’’مفتیوں کی عادت یہ ہے کہ صر ف استفتاء آنے کے وقت کتابیں دیکھتے ہیں، اس سے کام نہیں چلتا اور جواب میں بہت غلطی ہوجاتی ہے، کیونکہ اس وقت جلدی میں ایک جگہ کو دیکھ کر جواب لکھ دیتے ہیں، حالانکہ دوسرے مقام میں اس مسئلہ کے اندر تفصیل معلوم ہوتی ہے، جس سے اس واقعہ مسئولہ کا حکم بدل جاتا ہے۔ پس فقہ سے مناسبت پیدا کرنے کے لیے شامی اور بدائع کو بالاستیعاب دیکھنا چاہیے۔ ہمارے حضرت گنگوہیؒ نے شامی کو کئی بار بالاستیعاب ملاحظہ فرمایا ہے۔‘‘ (مصدر سابق)
حضرت کشمیریؒ ’’بدائع‘‘ کے بارے میں فرماتے ہیں :
’’کتاب بدیع إن طالعہ عالم بالغور والإمعان لصار فقیہ النفس، وہو أنفع للمدرسین والمؤلفین منہ للمفتین۔‘‘ (تراجم ستۃ من فقہاء العالم الإسلامي، ص: 39)
’’بدائع بے مثال کتاب ہے، اگر کوئی عالم اسے غور وامعان سے مطالعہ کرے تو فقیہ النفس بن جائے۔ یہ مدرسین اور مؤلفین کے لیے مفتیوں سے زیادہ مفید ہے۔ ‘‘
بدائع کی عبارت ہدایہ کی نسبت سہل اور واضح ہے۔ اس میں مسائل تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں، اس لیے بدائع مطالعہ کے لیے بہت مفید ہے۔ ہدایہ کے مسائل کی تشریح کے لیے اس سے استفادہ کرنا چاہیے، لیکن درسی کتاب بننے کے لائق ہدایہ ہی ہے، کیونکہ ذہن کی تربیت اسی سے ہوتی ہے۔ نیز بدائع تومطالعے سے حل ہوجاتی ہے۔ مفتی عبد الشکور ترمذیؒ فرماتے ہیں :
’’جو شخص محنت سے سمجھ کر ہدایہ کی چاروں جلدیں پڑھ لے، اس کو فقہ سے خوب مناسبت بلکہ مہارت پیدا ہوجاتی ہے۔‘‘ (حیاتِ ترمذی، ص:127)
ہٰذا و رحم اللہ الفقہاء والعلماء أجمعین، آمین

