بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

3 جمادى الاخرى 1448ھ 14 نومبر 2026 ء

بینات

 

نقدونظر ، تبصرہ وتعارف 

  • موضوعصفر المظفر 1448ھ - اگست 2026ء
  • مصنفادارہ
  • تاریخ01 / 08 / 2026

نقدونظر ، تبصرہ وتعارف 

الحصن الأعظم اردو شرح الحزب الأعظم

تالیف: نور الدین ملا علی قاری  رحمۃ اللہ علیہ ۔ ترجمہ: مولانا بدر عالم میرٹھی  رحمۃ اللہ علیہ ۔ تخریج وتحقیق مع فضائل: ڈاکٹر مولانا ظفر نیاز صاحب۔صفحات: ۴۹۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ المصباح، اردو بازار، لاہور۔ رابطہ نمبر: 03009483488
ملا علی قاری  رحمۃ اللہ علیہ دسویں اور گیارہویں صدی کے مشہور عالم گزرے ہیں، ان کی زندگی کا بیشتر حصہ مکہ مکرمہ میں بسر ہوا ہے، مختلف علوم وفنون کے ماہر اور متعدد مفید کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی کتابوں میں ’’الحزب الأعظم‘‘ کو بھی بےپناہ مقبولیت حاصل ہوئی، اس کتاب میں ادعیۂ ماثورہ کا قیمتی ذخیرہ یکجا گیا ہے، اس بنا پر زمانۂ تالیف سے یہ کتاب عوام وخواص کے معمولات کا حصہ رہی ہے۔ کتاب کو ہفتہ کے دنوں کی مناسبت سے سات منزلوں پر تقسیم کیا گیا ہے، اس ترتیب کا فائدہ یہ ہے کہ روزانہ ایک منزل پڑھنے سے کتاب میں مذکور تمام دعائیں ایک ہفتہ میں مکمل پڑھی جاسکتی ہیں۔ پہلی منزل قرآن مجید کی دعاؤں، اسمائے حسنیٰ، اور دعا کی قبولیت وغیرہ کلمات پر مشتمل ہے۔دوسری سے چھٹی منزل میں احادیث میں ذکر کردہ مسنون دعائیں شامل کی گئی ہیں اور ساتویں منزل میں صلاۃ وسلام اور درود شریف کے اذکار و اَوراد ہیں۔ 
اس کتاب پر عربی زبان میں مختلف جہتوں سے کام ہوچکے ہیں۔ اردو زبان میں بھی ’’الحزب الأعظم‘‘ کے مختلف ترجمے شائع ہوئے ہیں، ان میں مولانا بدر عالم میرٹھی  رحمۃ اللہ علیہ (تلمیذ حضرت مولانا محمد انور شاہ کشمیری  رحمۃ اللہ علیہ ) کا ترجمہ سلاست وروانی اور عام فہم ہونے کی بنا پر مقبول ہے۔
پیشِ نظر کتاب ’’الحصن الأعظم‘‘  میں کتاب کی دعاؤں کی تخریج اور حسبِ ضرورت تشریح کی گئی ہے، دعاؤں کے فضائل و عنوانات کا اضافہ کیا گیا ہے اور اعراب کی درستی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جناب ڈاکٹر مولانا ظفر نیاز صاحب (اسسٹنٹ پروفیسر میو ہسپتال، لاہور) نے معتمد اہلِ علم کی نگرانی اور مشاورت کے ساتھ یہ کام کیا ہے، متعدد علماء کی تقریظیں بھی کتاب کی ابتدا میں درج ہیں۔ کتاب دورنگہ طباعت اور عمدہ کاغذ و سیٹنگ کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ اُمید ہے کہ اہلِ ذوق اس تحقیق اور عمدہ طباعت کی قدردانی کریں گے۔