بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 جمادى الاخرى 1448ھ 15 نومبر 2026 ء

بینات

 

حضرت مولانا محمد طیب کشمیری  رحمۃ اللہ علیہ

  • موضوعصفر المظفر 1448ھ - اگست 2026ء
  • مصنفمحمد اعجاز مصطفیٰ
  • تاریخ01 / 08 / 2026

حضرت مولانا محمد طیب کشمیری  رحمۃ اللہ علیہ 

جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے قدیم فاضل ، جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے متخصص، حضرت بنوریؒ سے فیض یافتہ، حضرت مولانا محمد اسحاق سندیلویؒ کے شاگردِ رشید، شہید ِ اسلام حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ کے ماہنامہ بینات کے امور میں معاون، جامع مسجد سبیل والی کے امام و خطیب حضرت مولانا محمد طیب کشمیری رحمۃ اللہ علیہ اس دنیائے رنگ و بو میں ۷۹؍ سال رہ کر ۱۱؍ ذوالحجہ ۱۴۴۷ ھ مطابق ۲۸؍ مئی ۲۰۲۶ ء بروز جمعرات عالَم عقبیٰ کو سدھار گئے ۔ إنا للہ وإنا إلیہ راجعون، إن للہ ما أخذ ولہ ما أعطیٰ وکل شيء عندہٗ بأجل مسمّٰی ! 
مولانا طیب بن سکندرخان آزاد کشمیر کے گاؤں غنی آباد بانڈیاں میں ۰۳-۱۲-۱۹۴۷ ء کو پیدا ہوئے ۔ آپ کے چچا محترم مولانا امیر الزمان صاحب فاضل دارالعلوم دیوبندکاآپ کی تعلیم اور تربیت میں کلیدی کردار رہا۔ ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی، پھر وسطانی درجات کی دینی تعلیم کے حصول کے لیے آزاد کشمیر کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم پلندری میں داخلہ لیا، یہاں ابتدائی چار درجات پڑھنے کے بعد آپ پنجاب کی معروف دینی درسگاہ جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ تشریف لے گئے اور ۱۹۶۹ ء میں وہاںسے دورۂ حدیث مکمل کر کے فارغ التحصیل ہوئے ۔ ۱۹۷۰ ء میں کراچی تشریف لے آئے اور جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن میں دو سالہ تخصص فی الدعوۃ والارشاد مکمل کیا۔ حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ سے بھی استفادہ کیا۔ ۱۹۷۲ءسے ۱۹۸۰ءتک جامعہ کے رسالے ماہنامہ بینات میں حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ کے ساتھ بطور معاون کام کیا۔۱۹۷۰ ء سے ۲۰۲۴ ء تک گرومندرچورنگی پر واقع سبیل والی مسجد میں ۵۴ سال امامت و خطابت کی ذمہ داری نبھائی، مشہور تھا کہ آپ نماز باجماعت میں کبھی تاخیر نہیں کرتے تھے اور ہمیشہ وقت پر جماعت کھڑی کرنے کا اہتمام کرتے تھے ۔ 
آپ کے مشہور اساتذہ میں حضرت مولانا محمد یوسف خاں پلندری ، حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر اور مولانا محمد اسحاق سندیلوی w شامل ہیں ۔ آپ چار سال آزاد کشمیر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر رہے اور ۴؍ سال اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر رہے۔
 مولانا باغ و بہار شخصیت تھے۔ آپ کی مجلس میں بیٹھنے والا ہر فرد ایسا گرویدہ بن جاتا کہ وہ مجلس کبھی بھول نہ پاتا۔ چٹکلوں ، لطیفوں اور برمحل اور برموقع جملوں سے آپ کی مجلس کشت ِزعفران رہتی۔ اعلیٰ علمی ذوق،تحقیقی مزاج، گفتگو میں علم کی گہرائی، دلوں کو موہ لینے والی سادگی کا نمونہ تھے۔ طرزِ زندگی اور مزاج میں انکساری اور عاجزی کی جھلک دکھائی دیتی تھی۔آپ علماء کی دینی و سیاسی تحریکوںخصوصاً تحریک آزادی کشمیر اور علماء کی تاریخ اورخدمات کے حوالے سے انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے تھے ۔آپؒ کے علمائے کشمیر کے تعارف پر خصوصی نمبرز اور اور اہم شخصیات کے انٹرویوز وغیرہ ریکارڈ کا حصہ بنے،تاریخ دارالعلوم دیوبند میں علمائے کشمیر کا تعارف اور خدمات شامل کرواناآپ ہی کا کارنامہ ہے ۔آپؒ کا کتب خانہ علمی و تحقیقی کتب و اخبارات و جرائد کا ایک مخزن ہے، کراچی سے نعمان پورہ باغ تک نایاب کتابوں کے سیکڑوں قلمی نسخوں اور کتب کے حواشی پر آپ کے تحقیقی نوٹس ثبت ہیں۔ فاضلِ دار العلوم دیوبند مولانا امیر الزمان ؒ ان کے چچا و سسر تھے، ان کے بعد آپؒ قاسم العلوم نعمان پورہ باغ کے مہتمم بنے۔ تقریر وتحریر اور تدریس‘ ہرفن میں خصوصی ملکہ اور صلاحیت رکھتے تھے۔ آپ کی کاوشوں سے بہت سا علمی ذخیرہ وجود میں آیا اور محفوظ ہوا۔ مولانا طیب کشمیریؒ بہت سے اوصاف واخلاق میں اپنے ہم عصروں سے ممتاز اور منفرد تھے ۔
حضرت مولانا موصوف صاحبِ مطالعہ آدمی تھے۔ ماہنامہ بینات کے آپ ابتداء ہی سے قاری تھے ، جب بھی کوئی مضمون یا اداریہ آپ کو پسند آتا تو آپ فون فرماکر حوصلہ افزائی فرماتے تھے۔ آپ فرماتے تھےکہ حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ نے اختلافِ امت اور صراط مستقیم تصنیف فرمائی تو اس کے مواد وغیرہ جمع کرنے کی ذمہ داری میری لگائی گئی تھی ، اور آپ نے مسلسل اس کو وقت دے کر بہت ہی مختصر وقت میں کتاب تیار کرلی۔ اس کے علاوہ بہت سے علمی وتحقیقی وتاریخی مقالات قلم بند کیے، خاص طور پر تحریک ختم نبوت کشمیرپر ان کا تفصیلی مقالہ دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مقالات یکجا شائع ہوجائیں تو خاصے کی شے ہوگی۔
آپ کی زندگی مجاہدانہ گزری ہے ، آپ نے اپنی زندگی میں کئی حوادثات کا سامنا کیا ، لیکن ہمیشہ صابراور قانع رہے۔ دو جوان بیٹے اور اہلیہ آپ ؒ کی زندگی میں فوت ہوئے، جن کا صدمہ آپ کو بہت ہی مضمحل اور کمزور کر گیا، لیکن اس غم اور صدمہ کو آپ نے پہاڑ کی طرح برداشت کیا ، کچھ عرصہ بیمار رہنے کے بعد ۱۱؍ ذو الحجہ ۱۴۴۸ھ مطابق ۲۸؍ مئی ۲۰۲۶ ءبروز جمعرات جان جان آفرین کے سپرد کر دی ۔ آپ کا جنازہ سبیل والی مسجد میں ہوا اور پھر کشمیر لے جایا گیا، جہاں ان کے آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ 
آپ کے پسماندگان میں چاربیٹے ، بھائی اور بھتیجے موجود ہیں۔ اللہ رب العزت موصوف کی کامل مغفرت فرمائے ، آپ کی خدمات کو قبول فرمائے اور آپ  کے لواحقین، شاگردوںاور تمام متعلقین، اعزہ و اقرباء کو صبر جمیل نصیب فرمائے، آمین! 
قارئینِ بینات سے حضرتؒ کے لیے ایصالِ ثواب کی درخواست ہے ۔