عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلیٰ حضرت مولانا عزیز الرحمٰن جالندھریؒ
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلیٰ
حضرت مولانا عزیز الرحمٰن جالندھریؒ
مجاہد ِ ملّت حضرت مولانا محمد علی جالندھریؒ کے فرزند ارجمند ،حضرت مولانا خیر محمد جالندھریؒ اور حضرت مولانا محمد یوسف بنوریؒ کے تلمیذ رشید ، حضرت شاہ عبدالقادر رائے پوریؒ اور حضرت مولانا خواجہ خان محمدؒ کے مسترشد، حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ کے خلیفہ مجاز، جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے قدیم فاضل اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلیٰ، مفکر ِختم نبوت حضرت مولانا عزیز الرحمٰن جالندھری رحمۃ اللہ علیہ ۱۴؍ صفر المظفر ۱۴۴۸ھ مطابق ۲۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء بروز بدھ بوقت شام، نشتر ہسپتال ملتان میں ۹۴ ؍سال کی طویل عمر گزار کر رحلت فرمائے عالمِ آخرت ہوئے، إنا للہ وإنا إلیہ راجعون ، إن للہ ما أخذ ولہ ما أعطیٰ وکل شيء عندہٗ بأجل مسمّٰی!
آپؒ ۱۹۳۲ء میں متحدہ ہندوستان کے صوبہ مشرقی پنجاب کے زرخیز خطہ جالندھر میں پیدا ہوئے۔ آپ کا تعلق آرائیںقوم سے تھا ،آباء اجداد کا پیشہ زراعت تھا ۔ آپؒ کے والد گرامی حضرت مولانا محمد علی جالندھریؒ امام العصر حضرت علامہ انور کشمیریؒ کے ممتاز شاگرد تھے ۔ مجلس احرار ِ اسلام کے سرگرم رہنما اور امیر شریعت حضرت مولانا سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کے قدیم رفقاء میں سے تھے۔ آپؒ نے پاکستان میں مجلس تحفظ ختم نبوت کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ مجلس کے پہلے ناظم اعلیٰ اور تیسرے امیر مرکزیہ رہے ۔
حضرت مولانا عزیز الرحمٰن جالندھریؒ نے حفظِ قرآن کریم مجدّدِ علم قراءت حضرت قاری رحیم بخش پانی پتی ؒ سے کیا، ہجرت کے بعد پاکستان میں حضرت قاری صاحب کی سب سے پہلی درس گاہ میں آپ شامل تھے۔ اس کے بعددرجہ کتب کی ابتدائی تعلیم جامعہ خیر المدارس ملتان میں حضرت مولانا خیر محمد جالندھریؒ، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد صدیق ؒ اور دیگر اساتذہ سے حاصل کی۔ دورہ حدیث شریف کے لیے آپ کراچی تشریف لائےاور ۱۹۵۷ء میں جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن سے فاتحۂ فراغ پڑھا۔ جہاں آپ کے اساتذہ کرام میں محدّث العصر حضرت علامہ سیّد محمد یوسف بنوریؒ، حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکیؒ ، حضرت مولانا محمد عبدالرشید نعمانیؒ جیسے جبال العلم شامل تھے۔اس کے بعد آپ ؒ نے مختلف مدارس میں تقریباً ۱۳ سال تدریس کی، جن میں مخزن العلوم خان پور بھی شامل ہے، جہاں ہدایہ اولین، سراجی، مرقاۃ اور دیگر علوم و فنون کی کتب زیرِ تدریس رہیں، لیکن پھر آپؒ اپنے والد گرامی حضرت مولانا محمد علی جالندھریؒکے ضعف کے باعث اوران کی جماعتی ذمہ داریوں کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے ان کے معاون کے طور پر مجلس تحفظ ختم نبوت کے دفتر مرکزیہ ملتان تشریف لے آئے اور یہاں آپؒ نے اپنے والد صاحب کے زیرِ تربیت رہ کر جماعتی کام کا طریقہ و سلیقہ سیکھا ، جس نے آپؒ کی صلاحیتوں کو جِلا بخشی ۔
آپ ؒنے حضرت شاہ عبدالقادر رائے پوریؒ، حضرت سائیں حماد اللہ ہالیجویؒ، حضرت مولانا خواجہ خان محمدؒ اور حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ سے مختلف اوقات میں اصلاحی تعلق قائم کیا۔ حضرت لدھیانوی شہیدؒ نے آپ کو خلافت و اجازتِ بیعت عطا کی۔
آپ ۱۹۷۰ء میں مجلس تحفظ ختم نبوت سے باقاعدہ وابستہ ہوئے۔ابتدا میں مرکزی خازن اور ناظمِ دفتر مرکزیہ ملتان کے مناصب پر کام کیا اور مجلس کے بے مثال مالی نظام کو مزید مستحکم کیا ۔ مجلس کے مالی نظام میں حد درجہ احتیاط، مکمل جانچ پڑتال اور کڑی نگرانی کرنا آپ کی پہچان تھی۔
جب تک صحت نے اجازت دی ، آپ ؒ ملک بھر کے تبلیغی دورے فرماتے اور عقیدہ ختم نبوت اور ردّ قادیانیت پر بیان فرماتے رہے۔مبلغین ختم نبوت کی سرپرستی اور ان کے تبلیغی کام کی نگرانی فرماتے ، لاکھوں کی تعداد میں لٹریچر مرتب کر کے شائع کروایا ۔ شہروں اور قصبات میں نئے جماعتی دفاتر قائم فرمائے، پرانے دفاتر میں نظام کی اصلاح کی ۔
حضرت مولانا عزیز الرحمٰن ؒ ۱۹۸۵ء میں مجلس کے مرکزی ناظم اعلیٰ مقرر ہوئے اور اس عہدے پر ۴۱ سال فائز رہے۔ سچ ہے کہ آپؒ نے اپنی دیانت داری، معاملات کی صفائی اور بیدار مغزی وغیرہ صفات سے اس وقیع عہدے کو بلند تر بنا دیا تھا ۔ اکابرینِ مجلس حضرت مولانا محمد علی جالندھریؒ، حضرت مولانا لال حسین اختر ؒ، حضرت مولانا محمد حیاتؒ،حضرت مولانا سیّد محمد یوسف بنوریؒ، حضرت مولانا خواجہ خان محمدؒ، حضرت مولانا عبدالمجید لدھیانویؒ، حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرؒاور حضرت مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی دامت برکاتہم کے زیرِ سایہ ۵۶ سالہ بھرپور جماعتی زندگی گزاری ۔
آپؒ چند سالوں سے بیمار تھے، ضعف و عوارض بھی لاحق تھے ، چند سال قبل اہلیہ اور ایک بیٹے کی وفات سے طبیعت متاثر تھی ، لیکن آخری وقت تک باقاعدگی سے دفتر تشریف لاتے رہے اور جماعتی کاموں کی نگرانی و سرپرستی فرماتے رہے ۔ انتقال سے قبل نشتر ہسپتال ملتان میں زیرِ علاج رہے اور وہیں آپ کا وصال ہوا ۔ پسماندگان میں تین صاحب زادے ہیں۔
آپ کی نمازِ جنازہ اگلے روز ۱۵؍ صفر المظفر ۱۴۴۸ھ مطابق ۳۰؍ جولائی بروز جمعرات شام ۶؍ بجے قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ حضرت مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی دامت برکاتہم نے پڑھائی۔ جنازے سے قبل وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکر یٹری مولانا قاری محمد حنیف جالندھری دامت برکاتہم اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا ۔ ملک کے طول و عرض سے ہزاروں مسلمانوں، سیکڑوں کارکنانِ ختم نبوت، مبلغین، علمائے کرام اور مختلف جماعتوں کے قائدین نے جنازے میں شرکت کی۔اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے ، آپ ؒ کے لواحقین اور عالمی مجلس کے تمام وابستگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ہم سب کو آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کام یاب و کامران فرمائے، آمین!

