بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 جمادى الاخرى 1448ھ 18 نومبر 2026 ء

بینات

 

قرن اول سے قیاس کی چند مثالیں

  • موضوعصفر المظفر 1448ھ - اگست 2026ء
  • مصنفمولانا عصمت اللہ نظامانی
  • تاریخ01 / 08 / 2026

قرن اول سے قیاس کی چند مثالیں


فقہی اُصول اور شرعی دلائل میں ’’قیاس‘‘ کی جو اہمیت ہے، وہ کسی مُنصف مزاج شخص سے پوشیدہ نہیں، شریعت کے احکام کی ایک بہت بڑی تعداد قیاس کے ذریعے ہی ثابت ہوتی ہے، اسی لیے عہدِنبوی سے لے کر عصر حاضر تک جمہور فقہائے کرام اور مستند اہلِ علم ’’قیاس‘‘ کرتے آئے ہیں، اور اس کی ضرورت واہمیت کا برملا اعتراف کیا ہے، نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی صحابہ کرام ؓ نے قیاس کو ایک بنیادی اصول جانا، اور اس کے ذریعے احکام کو ثابت کیا اور ان پر عمل کیا۔
لیکن قیاس سے مسائل کا استنباط کرنے کے لیے علوم میں رسوخ وپختگی کے ساتھ گہری فقہی بصیرت، استنباطِ مسائل کا ملکہ اور قیاس کے منہج وطریقۂ کار سے آشنائی بھی ناگزیر ہے،یہی وجہ ہے کہ حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے بذات خود صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی اس سلسلے میں تربیت کی، اور انہیں قیاس واجتہاد کے ذریعے مسائل کا حل معلوم کرنے کا طریقہ بتلایا، جس کی وجہ سے صحابہؓ کے اندر قیاس کرنے کا ملکہ وصلاحیت پیدا ہوگئی تھی، اور انہوں نے بیسیوں مسائل کا اس کے ذریعے حل نکالا۔ زیرِ نظر مضمون میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فقہی قیاسات پر مختصر نظر ڈالی جائے گی، تاکہ پڑھنے والوں کو ان کے طریقۂ استدلال اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اندازِ تربیت سے واقفیت ہو اور مُنکرینِ قیاس پر بھی ضمناً رد ہوجائے، اور ان پر بھی قیاس کی اہمیت آشکارا ہو۔

نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا قیاس کے ذریعے مسئلہ سمجھانا

ایک مرتبہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا، اور عرض کیا کہ میری بہن نے حج کرنے کی نذر مانی تھی، اور اب اس کا انتقال ہوچکا ہے، لہٰذا اب کیا حکم ہے؟ تو آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لو كان عليہا دين أكنت قاضيہ؟‘‘ ، ’’اگر اس پر قرض ہوتا تو کیا تم وہ (بہن کی طرف سے)ادا کرتے؟‘‘ اس آدمی نے کہا کہ جی ہاں، میں ادا کرتا، تو اس پر آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’فاقض اللہ، فہو أحق بالقضاء۔‘‘ (۱) یعنی ’’اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرو، کیونکہ وہ ادا کیے جانے کے زیادہ حق دار ہے۔‘‘
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے حق اللہ کی قضا کے سلسلے میں حق العباد پر قیاس کر کے مسئلہ سمجھایا، وہ ایسے کہ جس طرح قریبی رشتہ دار کی وفات کے بعد اس پر لازم ایک حق کی ادائیگی کی جاتی ہے تو دوسرے حق یعنی حقوق اللہ کی بھی ادائیگی کرنی چاہیے۔
اس حدیث کے تحت علامہ ابن بطالؒ نے امام مہلبؒ سے نقل کیا ہے:
’’وقولہ: (أرأيت لو كان عليہا دين) ہو تمثيل من النبي (صلي اللہ عليہ وسلم) وتعليم لأمتہ القياس والاستدلال۔‘‘ (۲)
ترجمہ: ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد: ’’أرأيت لو كان عليہا دين‘‘ یہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے مثال بیان کرنا ہے اور اپنی امت کو قیاس واستدلال کی تعلیم دینا ہے۔‘‘

صحابیؓ کے قیاس سے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کا مسرور ہونا

نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت زید بن حارثہ اور ان کے فرزند اسامہ بن زید  رضی اللہ عنہما  سے بہت محبت تھی، خصوصاً اس لیے بھی کہ حضرت زیدؓ بچپن سے آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے زیرِکفالت اور ساتھ رہ رہے تھے، اور حضرت اسامہؓ تو عہدنبوی میں ’’حِبِ رسول‘‘ کے لقب سے مشہور ہوگئے تھے، یعنی رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کا محبوب ۔ لیکن ان باپ بیٹے کے رنگ میں بہت فرق تھا، حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کا رنگ سیاہ تھا، جبکہ ان کے والد حضرت زید رضی اللہ عنہ کا رنگ صاف اور گورا تھا، اس لیے جاہلیت میں کچھ لوگ ان کے نسب سے متعلق شک وشبہہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ 
ایک مرتبہ اپنے وقت کے بہترین قیافہ شناس شخص حضرت مجزز مدلجی رضی اللہ عنہ حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آئے، اس وقت دونوں باپ بیٹے یعنی حضرت زید اور اسامہ رضی اللہ عنہما  ایک چادر اوڑھے لیٹے ہوئے تھے، صرف ان کے پاؤں باہر سے نظر آرہے تھے، انہیں دیکھ کر مجزز مدلجی نے کہا: ’’إن ہٰذہ الأقدام بعضہا من بعض۔‘‘ یعنی’’ بیشک یہ پاؤں ایک دوسرے سے ہیں۔‘‘
نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کی بات سے بہت خوشی ہوئی، کیونکہ اس سے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کے نسب میں طعن کرنے والوں کو جواب مل گیا۔  ابوداود شریف کی روایت کے الفاظ ہیں:
’’قالت: دخل علي مسرورًا تبرق أسارير وجہہ۔‘‘ (۳)
’’حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس خوش ہوکر آئے، اس حال میں آپ کا چہرہ چمک رہا تھا۔‘‘
اس حدیث میں ایک صحابی مجزز مدلجی رضی اللہ عنہ نے حضرت زیدؓ اور اسامہؓ کے پاؤں دیکھ کر ان کے درمیان مشابہت پاکر ان دونوں کے ایک نسب ہونے کا کہا، اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس پر خوشی کا اظہار کیا۔ اگرچہ یہ قیاس فقہی نہیں ہے، تاہم دو مشابہ چیزوں میں ایک ہی حکم ثابت کیا جارہا تھا، تو اس میں بھی ایک گونا قیاس وعقل کا دخل ہے، جیسا کہ صاحب علامہ ابن القیم رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:
’’قاس مجزز المدلجيؓ وقاف وحكم بقياسہ وقيافتہ علی أن أقدام زيد وأسامۃ ابنہ بعضہا من بعض.‘‘ (۴)
ترجمہ: ’’مجزز مدلجیؓ نے قیاس کیا، اور قیافہ شناسی کی، اور اپنے قیاس وقیافہ شناسی کے مطابق حکم لگایا کہ حضرت زیدؓ اور ان کے بیٹے اسامہؓ کے پاؤں ایک دوسرے سے ہیں۔‘‘

حضرت عمار بن یاسر  رضی اللہ عنہ کا قیاس

حضرت عمار بن یاسر  رضی اللہ عنہ کو ایک مرتبہ دورانِ سفر غسل کی حاجت ہوئی، مگر ان کے پاس پانی موجود نہیں تھا، چنانچہ انہوں نے تیمم کیا،لیکن انہوں نے یہ سمجھ لیا کہ بوقتِ ضرورت تیمم جب وضو کا قائم مقام ہوتا ہے تو وضو کی ہیئت پر ہوتا ہے کہ چہرے اور دونوں بازؤوں پر مسح کیا جاتا ہے، لہٰذا غسل کے لیے تیمم بھی غسل کی ہیئت وشکل پر ہونا چاہیے، حضرت عمارؓ فرماتے ہیں:
’’وأما أنا فتمعكت فصليت، فذكرت للنبي صلي اللہ عليہ وسلم۔‘‘ (۵)
یعنی ’’میں زمین پر لوٹ پوٹ ہوا، اور نماز پڑھی، پھر نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آکر اس کا تذکرہ کیا۔‘‘
حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں عملی طور پر تیمم کرکے دکھایا، اپنے دونوں ہاتھ زمین پر مارے اور پھران میں پھونک لگاکر چہرہ کا مسح کیا، اور ہاتھوں (بازؤوں) کا مسح کیا۔
حضرت عمار بن یاسر  رضی اللہ عنہ نے غسل کے تیمم کی ہیئت کو غسل پر قیاس کیا، اور چونکہ یہ قیاس درست نہیں تھا، اس لیے نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں صحیح طریقہ بتلایا۔اس حديث کے تحت علامہ کرمانی  ؒ لکھتے ہیں:
’’وفي قصۃ عمارؓ جواز الاجتہاد في زمن الرسول صلي اللہ عليہ وسلم۔‘‘(۶)
ترجمہ: ’’حضرت عمارؓ کے قصہ میں نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اجتہاد کے جواز کا ثبوت ہے۔‘‘

حضرت عمرو بن عاص  رضی اللہ عنہ کا قیاس

حضرت عمرو بن عاص  رضی اللہ عنہ کو غزوہ ذات السلاسل میں ایک رات احتلام ہوا، اس رات ٹھنڈ بہت تھی اور انہیں ڈر ہوا کہ اگر پانی استعمال کریں گے تو جان جاسکتی ہے، لہٰذا انہوں نے تیمم کیا اور اپنے ساتھیوں کو فجر کی نماز پڑھائی، لوگوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا تو آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’يا عمرو! صليت بأصحابك وأنت جنب۔‘‘
ترجمہ: ’’اے عمرو! تم نے اپنے ساتھیوں کو نماز پڑھائی، حالانکہ تم جنبی تھے۔‘‘
چنانچہ حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کو عذر بتایا، جس کی وجہ سے میں نے غسل نہیں کیا تھا، اور میں نے مزید عرض کیا:
’’إني سمعت اللہ يقول: وَلَا تَقْتُلُوا اَنْفُسَكُمْ اِنَّ اللہَ كَانَ بِكُمْ رَحِيْمًا‘‘
’’میں نے اللہ تعالیٰ کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ’’اور اپنے آپ کو قتل نہ کرو، یقین جانو اللہ تم پر بہت مہربان ہے۔‘‘
’’فضحك رسول اللہ صلي اللہ عليہ وسلم ولم يقل شيئًا.‘‘ (۷)
ترجمہ: ’’رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم ان کی بات سن کر مسکرا دیے، اور انہیں کچھ نہیں کہا۔‘‘
اس حدیث سے واضح ہوا کہ حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے قیاس کرکے تیمم کیا تھا، کیونکہ قرآن پاک میں ٹھنڈ کی وجہ سے تیمم کرنے کا ذکر نہیں، بلکہ پانی موجود نہ ہونے کی صورت میں تیمم کی اجازت دی گئی ہے، لیکن حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے ساتھ پانی کی عدمِ دستیابی کا مسئلہ نہیں تھا، بلکہ ٹھنڈ کا مسئلہ تھا، چنانچہ انہوں اس آیت سے قیاس کرکے مسئلہ مستنبط کیا کہ جس طرح ہتھیار وغیرہ سے اپنے آپ کو قتل کرنا ممنوع ہے، اسی طرح ٹھنڈے پانی سے جان کو خطرہ ہونے کی وجہ اسے استعمال کرنا بھی صحیح نہیں ہوگا، اس لیے انہوں نے تیمم کیا۔

حضرت عبداللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ کا قیاس

۱: ایک مرتبہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم قضائے حاجت کے لیے تشریف لے گئے، اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے تین پتھر لانے کا فرمایا، حضرت عبداللہ بن مسعود کو دو پتھر ملے، لیکن تلاش کے باوجود تیسرا پتھر نہیں ملا، چنانچہ وہ تیسرے پتھر کے بجائے لید اُٹھا آئے، حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نے دو پتھر لیے، اور لید کو پھینک دیا، اور فرمایا:’’ ہٰذا ركس‘‘ (۸) اور اس سے استنجاء نہیں کیا جاسکتا۔ حضراتِ شارحینؒ نے بیان کیا ہے کہ’’رکس‘‘ کا مطلب ہے نجس چیز، جبکہ امام نسائیؒ فرماتے ہیں کہ ’’رکس‘‘ جنات کے کھانے کو کہتے ہیں۔ (۹)
یہاں حضرت عبداللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ نے پتھر پر گوبر کے خشک ٹکڑے کو قیاس کیا، کیونکہ جس طرح پتھر سے نجاست زائل ہوتی ہے، اسی طرح سوکھی لید سے بھی بظاہر نجاست سے صفائی ونظافت حاصل ہوسکتی ہے، اس لیے انہوں نے پتھر پر لید کو قیاس کیا، لیکن آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری وجہ سے لید کو استعمال نہیں کیا، کیونکہ وہ خود نجس یا جنات کا کھانا تھی۔
۲: حضرت عبداللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ سے ایک عورت کے بارے سوال کیا گیا کہ جس کے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا، لیکن اس نے اپنی بیوی کے لیے کوئی مہر مقرر نہیں کیا تھا، اور نہ اس سے ہمبستری کی تھی۔ لوگوں نے پوچھا کہ اب اس عورت کو مہر میں کیا ملے گا؟ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے اس مسئلہ میں بہت غور وفکر کیا، لوگ تقریباً مہینہ بھر اُن کے پاس آتے جاتے رہے، بالآخر ایک دن انہوں نے جواب دیا:
’’فإني أقول فيہا: إن لہا صداقًا كصداق نسائہا لا وكس ولا شطط وإن لہا الميراث وعليہا العدۃ، فإن يك صوابًا فمن اللہ وإن يكن خطأ فمني ومن الشيطان واللہ ورسولہ بريئان.‘‘(۱۰)
ترجمہ: ’’اس بارے میں میری یہ رائے ہے کہ اس عورت کا مہر اس کے خاندان کی عورتوں کے برابر ہوگا، نہ کم ہوگا اور نہ زیادہ، نیز اس کے لیےمیراث بھی ہوگی اور وہ عدت بھی گزارے گی۔ پس اگر یہ رائے درست ہے تو اللہ کی طرف سے ہے اور اگر غلط ہےتو وہ میری اور شیطان کی طرف سے ہے، اللہ اور اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس خطا سے بری ہیں۔‘‘
اس مسئلہ میں بھی حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے قیاس واجتہاد سے کام لیا، اور مہر لازم ہونے کے سلسلے میں موت کو جماع پر قیاس کیا، وہ ایسے کہ جس طرح جماع کے بعد طلاق ہونے کی صورت میں عدت واجب ہوتی، اور مکمل مہر بھی لازم ہوتا ہے، اسی طرح جماع سے پہلےموت کی صورت میں بھی عدت واجب ہوتی ہے، لہٰذا مہر بھی واجب ہونا چاہیے۔ اور چونکہ مہر مقرر نہیں تھا، اس لیے مہر مثل لازم ہوا۔

حضرت عبد اللہ بن عباس  رضی اللہ عنہما  کا قیاس

میراث کےایک مسئلہ ’’مقاسمۃ الجد‘‘ میں صحابہ کرامؓ میں کچھ اختلاف تھا،جس کا حاصل یہ ہے کہ دادا کی موجودگی میں متوفیٰ شخص کے بہن بھائی وراثت سے محروم ہوں گے یا وراثت پائیں گے؟ حضرت زید بن ثابت  رضی اللہ عنہ کے نزدیک انہیں بھی میراث سے حصہ ملے گا، جبکہ حضرت ابوبکر صدیق  رضی اللہ عنہ،  حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما  اور دیگر کئی صحابہ رضی اللہ عنہم دادا کی موجودگی میں میت کے بھائی بہنوں کے میراث سے محروم ہونے کے قائل تھے،چنانچہ حضرت ابنِ عباس  رضی اللہ عنہما  اس مسئلہ میں قیاس کا استعمال بھی کرتے تھے، اور فرماتے تھے:
’’ألا يتقي اللہ زيد، يجعل ابن الابن ابنًا، ولا يجعل أبا الأب أبًا۔‘‘ (۱۱)
ترجمہ: ’’زید بن ثابت اللہ تعالیٰ سے ڈرتا نہیں؟ وہ پوتے کو بمنزلۂ بیٹا قرار دیتا ہے، لیکن دادا کو باپ کے مرتبہ میں نہیں بناتا۔‘‘
یہاں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بھائی بہنوں کے لیے حاجب بننے میں دادا کو پوتے پر قیاس کرتے تھے کہ جس طرح پوتا حاجب بنتا ہے، جبکہ اس کے اور میت کے درمیان ایک واسطہ (بیٹے کا) ہے، اسی طرح دادا کو بھی حاجب ہونا چاہیے کہ اس کے اور میت کے درمیان بھی ایک واسطہ (والد کا) ہوتا ہے۔

صحابہؓ کی ایک جماعت کا قیاس کرنا

غزوۂ خندق کے موقع پر نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرامؓ سے فرمایا:
’’لا يصلين أحد العصر إلا في بني قريظۃ۔‘‘ (۱۲)
ترجمہ: ’’کوئی عصر کی نماز نہ پڑھے، مگر بنی قریظہ میں۔‘‘
پھر ہوا یوں کہ راستہ میں عصر کی نماز کا وقت ہوگیا تو صحابہ کرامؓ دو جماعتوں میں تقسیم ہوگئے، بعض نے کہا کہ حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی قریظہ سے پہلے عصر کی نماز پڑھنے سے منع کیا ہے، لہٰذا انہوں نے راستہ میں عصر کی نماز ادا نہیں کی، جبکہ دیگر صحابہؓ کہنے لگے کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل مقصد یہ تھا کہ بنوقریظہ میں جلد پہنچو، درمیان میں دوسری چیزوں میں مشغول نہ ہونا چاہیے، عصر کی نماز سے روکنا، اور بنوقریظہ میں ہی ادا کرنا بذاتِ خود مقصد نہیں تھا، لہٰذا انہوں نے راستے میں نماز ادا کی۔چنانچہ جب حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی کو بھی نہیں ڈانٹا۔ اس واقعہ میں دوسری جماعت نے قیاس واجتہاد سے کام لیا کہ جس طرح صلوٰۃ الخوف میں سواری پر نماز پڑھی جاسکتی ہے، اسی طرح یہاں بھی راستہ میں سواری پر نماز پڑھنا ممکن ہے، اس طرح نماز بھی بروقت ادا ہوگئی اور بنوقریظہ کی طرف جلد پہنچنے کے حکم پر بھی عمل ہوگیا۔
اس حدیث کی شرح میں امام نووی رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں:
’’ففيہ دلالۃ لمن يقول بالمفہوم والقياس۔‘‘(۱۳)
’’اس حدیث میں اس شخص کے لیے دلیل ہے جو مفہوم اور قیاس (سے استدلال) کا قائل ہے۔‘‘

خلاصۂ کلام

اسی طرح اور بھی بیسیوں مسائل ہیں جن میں جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اجتہاد کیا اور قیاس پر عمل کیا، جس سے یہ بات بالکل عیاں ہوجاتی ہے کہ ’’قیاس‘‘ بھی اصولِ شرع میں سے ایک اہم اصل ہے، بالخصوص جبکہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی بسااوقات قیاس کے ذریعے سائل کو مسئلہ سمجھایا، لہٰذا اس میں دورِ حاضر کے ان متشدد حضرات کے لیے بھی درس ہے جو علی الاطلاق قیاس کو ممنوع قرار دیتے ہیں، اور اس کی وجہ سے ائمہ کرام پر زبانِ طعن دراز کرتے ہیں۔

حواشی وحوالہ جات

۱-صحيح البخاري، (۸/۱۴۲)، كتاب الأيمان، باب من مات وعليہ نذر، رقم الحديث: ۶۶۹۹
۲-شرح صحيح البخاري لابن بطال، (۶/۱۶۲)، الناشر: مكتبۃ الرشد، الرياض
۳-سنن أبي داود، (۲/۲۴۸)، كتاب الطلاق، باب في القافۃ، رقم الحديث: ۲۲۷۰
۴-إعلام الموقعين لابن القيم، (۱/۲۰۴)، الناشر: دار الجيل، بيروت
۵-صحيح البخاري، (۱/۷۵)، كتاب التيمم، باب: المتيمم ہل ينفخ فيہما، رقم الحديث: ۳۳۸
۶-الكوكب الدراري للكرماني، (۳/۲۱۹)، الناشر: دار إحياء التراث العربي، بيروت
۷- سنن أبي داود، (۱/۱۳۲)، كتاب الطہارۃ، باب إذا الجنب البرد، رقم الحديث: ۳۳۴
۸- صحيح البخاري، (۱/۴۳)، كتاب الوضوء، باب: لايستنجي بروث، رقم الحديث: ۱۵۶
۹-سنن النسائي، (۱/۴۲)، الناشر: دار المعرفۃ، بيروت
۱۰-سنن أبي داود، (۲/۲۰۲)، كتاب النكاح، باب فيمن تزوج ولم يسم صداقاً حتی مات، رقم الحديث: ۲۱۱۸
۱۱-شرح صحيح البخاري لابن بطال، (۱۰/۳۶۲)، الناشر: مكتبۃ الرشد، الرياض
۱۲-صحيح البخاري، (۲/۱۵)، باب صلاۃ الطالب والمطلوب راكباً وإيماء، رقم الحديث: ۹۴۶
۱۳-شرح مسلم للنووي، (۱۲/۹۸)، الناشر:دار إحياء التراث العربي، بيروت