دین خیر خواہی کا نام ہے
دین خیر خواہی کا نام ہے
حضرت تمیم داری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
’’أن النبي صلی اللہ علیہ وسلم، قال: الدین النصیحۃ ، قلنا لمن؟ قال : لِلہ ولکتابہٖ ولرسولہٖ ولأئمۃ المسلمین وعامتہم۔‘‘ (صحیح مسلم، باب الدین النصیحۃ : ۱/۵۴، ط:قدیمی)
ترجمہ: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دین خیرخواہی کا نام ہے (یعنی نصیحت اور خیر خواہی اعمالِ دین میں سے افضل ترین عمل ہے یا نصیحت اور خیر خواہی دین کا ایک مہتم بالشان نصب العین ہے) ہم نے ( یعنی صحابہؓ نے) پوچھا کہ یہ نصیحت اور خیر خواہی کس کے حق میں کرنی چاہیے؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: اللہ کے لیے، اللہ کی کتاب کے لیے، اللہ کے رسول کے لیے، مسلمانوں کے ائمہ کے لیے اور تمام مسلمانوں کے لیے۔‘‘
مدارِ اسلام: یہ حدیث ان احادیث مبارکہ میں سے ہے جن کو مدار اسلام قرار دیا گیا ہے۔
دینِ اسلام: حدیث میں دين سے مراد دينِ اسلام ہے۔
النصيحۃ کا معنی: نصیحت کا معنی ہے اخلاص، خیر خواہی اور خیر و بھلائی کے کام میں حتی الوسع کوشش کرنا۔
أئمۃ المسلمين سے مراد: ائمہ مسلمین سے مراد علماء کرام، حکام اور اہلِ حل وعقد ہے۔
عامتھم سے مراد: عامتھم سے تمام مسلمان مراد ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے لیے نصیحت ہونے کا مطلب: اس کا مطلب یہ ہے کہ بندہ اللہ کے ساتھ مخلص ہو، اس کی وحدانیت و صفاتِ کمال کا صدقِ دل سے اس طور پہ اعتراف کرے کہ کسی طرح بھی شرک کا احتمال باقی نہ رہے۔
ہمہ وقت ظاہری و باطنی طور پر اللہ کی بندگی اختیار کرے، خوشحالی اور تنگ دستی ہر حال میں اس کی طرف رجوع کرے اور توبہ واستغفار کو لازم پکڑے۔
ولكتابہٖ کا مطلب: اس کی کتاب کے لیے نصیحت کا مطلب یہ ہے کہ اس کے الفاظ ومعانی کو یاد کرے اور غور وفکر کرے اور دل وجان سے اس کے احکام پہ عمل پیرا ہونے کی کوشش کرے۔
ولرسولہٖ کا مطلب: اللہ تعالیٰ کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے لیے نصیحت کا مطلب یہ ہے کہ اس کی نبوت کی تصدیق کرے، جو کچھ وہ لے کر آئے ہیں اور اس کی دعوت دی ہے اسے قبول کرے، اوامر ونواہی میں اس کی اطاعت کرے، اس کے فیصلوں کے آگے سرتسلیم خم کرے، اس کی تعظیم وتوقیر واحترام کے ساتھ اس کی سنت کو زندہ کرے اور اس کی نشر واشاعت و تبلیغ کا اہتمام کرے۔
ولأئمۃ المسلمين کا معنی ومطلب: ائمہ مسلمین کے لیے نصیحت کا مطلب یہ ہے کہ خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم اور بعد کے حکام کی جائز کاموں میں اطاعت کرنا، ان کی معیت میں کفار سے جہاد کرنا، اسلامی حکومت کے زیرِ انتظام زکوۃ ادا کرنا، جب تک کفر بواح نہ ہو‘ ان کے خلاف خروج وبغاوت نہ کرنا۔
علماء کرام کے لیے نصیحت کا مطلب: علماء کرام کے لیے نصیحت کا مطلب یہ ہے کہ ان کی طرف سے کی گئی دینی رہنمائی کو قبول کرنا اور ان کا ادب واحترام کرنا۔
وعامتھم کا معنی؛ عامۃ المسلمین کے لیے نصیحت کا مطلب یہ ہے کہ ان کے لیے وہی پسند کرے جو خود اپنے لیے پسند ہو، اور جو اپنے لیے ناپسندیدہ ہو تو اسے ان کے لیے بھی ناپسند کرے، اور ان کی اصلاح اور دینی تعلیم تربیت کی فکر کرے، ان کو نیکی کا حکم کرے اور برائی سے منع کرے، ان کے آبرو کی حفاظت کرے، بڑوں کا احترام کرے، چھوٹوں سے شفقت کا معاملہ کرے۔

