بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 جمادى الاخرى 1448ھ 15 نومبر 2026 ء

بینات

 

حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن و جمال

  • موضوعصفر المظفر 1448ھ - اگست 2026ء
  • مصنفمولانا قاری محمد سلمان عثمانی
  • تاریخ01 / 08 / 2026

حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن و جمال


حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن و جمال کا کیا کہنا !!! اللہ جل شانہُ نے روئے زمین پر آپ سے حسین کسی کو پیدا ہی نہیں کیا،اس جہان میں آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی ثانی نہیں، نہ ہی قیامت تک کوئی آپ کا ثانی ہو سکتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن و جمال ایسا کہ چودہویں رات کا چاند بھی آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم صورت،سیرت اور کمالات میں گویا ہر چیز میں سردار ہیں،سرورِ دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالات و خصائص اور باطنی فضائل و محامد کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا بے مثل حسن و جمال بھی آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کا زِندہ جاوید معجزہ ہے، جس کا تذکرہ کم و بیش سیرت کی تمام کتب میں موجود ہے۔ یہی سبب ہے کہ ہم آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ مطہرہ کو جاننے کے ساتھ ساتھ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کی صورتِ طیبہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں، تاکہ سیرت کے ساتھ صورت سے بھی پیار پیدا ہو۔ شمس الدین شیرازی نے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن وجمال کو بیان کرنے میں زبان وبیان کی بے مائیگی کااظہار ان اشعار میں کیا: 

یَا صَاحِبَ الْجَمَالِ وَ یَا سَیِّدَ الْبَشَر

مِنْ وَّجْھِکَ الْمُـنِیْرِ لَقَدْ نُوِّرَ الْقَمَرُ
لَا یُمْکِنُ الثَّنَاءُ کَمَا کَانَ حَقُّہٗ

بعد از خدا بزرگ توئی، قصہ مختصر

ترجمہ: ’’اے صاحبِ جمال اور اے عالم بشریت کے سردار صلی اللہ علیہ وسلم ! آپؐ کے روشن کرنے والے رخِ انور کے فیضان سے چاند کو روشن کیا گیا ہے، آپؐ کی تعریف وتوصیف ممکن ہی نہیں ہے، جیساکہ اس کا حق ہے، المختصر یہی کہاجاسکتا ہے: اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد مخلوق میں سب سے اعلیٰ واَولیٰ آپؐ ہی کی ذات ہے۔‘‘
’’حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرۂ انور شمشیر کی مانند تھا؟ فرمایا: نہیں، بلکہ چاند کی طرح حسین وجمیل تھا۔‘‘                               (صحیح بخاری:۳۵۵۲)  
انہوں نے چاند سے تشبیہ دی کہ چاند میں چمک دمک بھی ہے اور گولائی بھی۔ حضرت جابرؓ بن سمرہ سے یہی سوال ہوا تو فرمایا: 
’’نہیں! بلکہ آپ کارخِ انور سورج اور چاند کی طرح روشن، چمکدار اور گولائی لیے ہوئے تھا۔‘‘ (مسلم:۲۳۴۴)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: 
’’میں نے نبی  صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر حسین وجمیل کسی اور کو نہیں پایا، یوں معلوم ہوتا کہ آپ کے رُخِ انور میں سورج رواں دواں ہو۔‘‘                                             (ترمذی:۳۶۴۸) 
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: 
’’میں چرخہ کات رہی تھی اور رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم میرے سامنے بیٹھے اپنے جوتے کو پیوند لگارہے تھے، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک پیشانی پر پسینے کے قطرے تھے، جن سے نور کی شعاعیں نکل رہی تھیں، اس حسین منظر کو دیکھ کر میں حیران رہ گئی، نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حیرت میں دیکھا تو فرمایا: کیوں حیران ہورہی ہو؟ میں نے کہا:آپ کی پیشانی پر پسینے کے قطرے ہیں، جن سے نور کی شعاعیں نکل رہی ہیں۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:یہ سن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے اور میری پیشانی پر بوسہ دیا اور فرمایا:اے عائشہؓ! جس طرح تونے آج مجھے خوش کیا ہے، اِس سے بڑھ کراللہ تعالیٰ تجھے خوشیاں عطا فرمائے۔‘‘                                           (سنن بیہقی: ۱۵۴۲۷) 
حضرت جابرؓ بن سمرہ بیان کرتے ہیں: 
’’ایک مرتبہ چاندنی رات میں مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا موقع ملا، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سرخ پوشاک زیب تن کررکھی تھی، میں کبھی آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے رُخِ انورپر نظر ڈالتا اور کبھی چاند کی طرف دیکھتا، کافی دیر یہی سلسلہ جاری رہا اوربار بار تجزیے کے بعدبالآخر اس نتیجے پر پہنچا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چودھویں کے چاند سے زیادہ دلربا اور حسین وجمیل ہیں۔‘‘                       (ترمذی: ۲۸۱۱) 
حضرت انس  رضی اللہ عنہ نے جمالِ مصطفیٰ  صلی اللہ علیہ وسلم کابیان ان محبت بھرے الفاظ میں کیا: 
’’نہ کسی ایسے ریشم کو چھونے کا اتفاق ہواہے جو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلی سے زیادہ ملائم ہو اور نہ ہی کوئی ایسی خوشبو سونگھی ہے جو حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشبو سے زیادہ معطر ہو۔‘‘             (صحیح بخاری) 
حضرت ابوحجیفہ  رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: 
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دست اقدس برف سے زیادہ خنک اورکستوری سے زیادہ خوشبودار تھا۔‘‘  (صحیح البخاری) 
حضرت جابربن سمرہ  رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ :
’’حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نمازفجر کے بعد اپنے کاشانۂ اقدس کی طرف روانہ ہوئے، میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں چل دیا۔ راستے میں بچوں نے آپ کی زیارت کا شرف حاصل کیا، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایک کرکے ان کے رخساروں پر دست اقدس پھیرتے جارہے تھے۔ آپ نے میرے رخساروں پر بھی دست اقدس پھیرا،میں نے آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے دست اقدس میں ایسی ٹھنڈک اورخوشبو کو محسوس کیا گویا آپ نے اپنے دست اقدس کو ابھی عطار کے صندوقچے سے نکالا ہو۔‘‘            (صحیح مسلم)
حضرت براء بن عازب  رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز کے حسن کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: 
’’میں نے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز عشاء میں سورئہ والتین والزیتون پڑھتے ہوئے سنا۔ میں نے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز سے زیادہ اچھی آواز کسی کی نہیں سنی۔‘‘                         (صحیح مسلم) 
حضرت جابر بن سمرہ  رضی اللہ عنہ ارشاد فرماتے ہیں: 
’’میں جب حضور انور  صلی اللہ علیہ وسلم کے رخِ انور کی زیارت کرتا تو مجھے یوں محسوس ہوتا جیسے آپ نے سرمہ لگارکھا ہے، حالانکہ آپ نے سرمہ استعمال نہیں کیا ہوتا تھا۔‘‘                      (جامع الترمذی) 
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: 
’’نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کے مرضِ وِصال کے زمانے میں ہم حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی امامت میں نماز ادا کررہے تھے کہ اچانک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حجرۂ مبارکہ کا پردہ اُٹھایا اور اپنے غلاموں کی طرف دیکھا تو ہمیں یوں محسوس ہوا گویا کہ آپ کا چہرۂ انور قرآن مجید کا ورق ہے۔‘‘  (بخاری:۶۸۰) 
حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ یہودیوں کے بڑے عالم تھے، تورات پر عبور حاصل تھا، وہ اپنے مسلمان ہونے کا واقعہ بیان کرتے ہیں :
’’جب رسول کریم  صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ تشریف لائے تو میں آپ کی تشریف آوری کی خبر سنتے ہی آپ کو دیکھنے کے لیے حاضر ہوا، میری نگاہ جونہی آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرۂ انور پر پڑی تو میں نے جان لیا کہ ایسا دلکش ودلربا چہرہ کسی جھوٹے انسان کا نہیں ہوسکتا۔‘‘                        (ترمذی: ۲۴۸۵)
حضرت حارث بن عَمرو سہمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: 
’’میں منٰی یا عرفات کے مقام پرنبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، میں لوگوں کو آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے جوق درجوق آتے ہوئے دیکھ رہا تھا، میں نے مشاہدہ کیا کہ بدو جب آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کے رُخِ انور کی زیارت کرتے تو بے ساختہ پکار اُٹھتے کہ یہ بڑا ہی مبارک چہرہ ہے۔‘‘     (ابودائود:۱۷۴۲)
نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
’’جس نے مجھے دیکھا، اُس نے حق کو دیکھا، کیونکہ شیطان میری صورت کو اختیار نہیں کرسکتا‘‘  (بخاری:۲۵۶۸) 
اللہ تعالیٰ ہم سب کو نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر چلنے کی توفیق نصیب فرمائے، آمین