میرا بیٹا بروز بدھ 5:55pm پر پیدا ہوا ہے، تو اس کا ساتواں دن منگل کو ہوگا یا بدھ کو؟
شرعی دن صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک ہوتا ہے، اور ہر رات، آنے والے دن میں شامل ہے، اس اعتبار سے سورج غروب ہونے کے بعد بچہ پیدا ہو تو آنے والا بعد کا دن اس کی ولادت کا دن شمار ہوگا۔
لہذا صورتِ مسئولہ میں بچے کی ولادت بدھ والے دن 5:55pm پر ہوئی، اور آج کل (یعنی سردی کے دنوں میں) تقریبًا پورے پاکستان میں یہ غروب کے بعد کا وقت ہے، اس لیے یہ جمعرات کی رات شمار ہوگی، اس حساب سے بچہ کی ولادت کا ساتواں دن بدھ ہوگا، اس میں بچے کے سر کے بال اتارنا، عقیقہ کرنا اور نام رکھنا مستحب ہوگا۔
البتہ اگر سائل کے علاقے میں ان دنوں میں 05:55pm پر سورج غروب نہیں ہوتا تو یہ بدھ کا دن شمار ہوگا، اور اس حساب سے ساتواں دن منگل ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
fatwa_number : 144204200536
darulifta : Jamia Uloom Islamiyyah Allama Muhammad Yousuf Banuri Town