
تالیف: مفتی محمد شفیق عارف زید مجدہٗ(استاذ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن)۔ صفحات ۳۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ رابطہ کا پتہ: جامع مسجد بنگلورٹاؤن، بنگلور ٹاؤن، ٹیپوسلطان روڈ، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03332266410
زیرِتبصرہ کتاب کا موضوع اپنے عنوان سے ہی واضح ہے کہ قرآن کریم میں مذکور اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی کو جمع کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں جن آیات میں اپنے بندوں کو کسی کام کا حکم فرمایا ہے یا کسی کام سے منع فرمایاہے، یہ کتاب ان تمام آیات کا مجموعہ ہے۔ آیات کے ساتھ ان کا ترجمہ اور تشریح بھی دی گئی ہے۔ آیات کا ترجمہ حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی بیان القرآن سے اور مختصر تشریح عموماً تفسیر عثمانی سے نقل کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر کسی اور تفسیر کی تشریح باحوالہ نقل کی گئی ہے۔ دین و شریعت کے پانچ اہم شعبوں کی مناسبت سے کتاب کو پانچ ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے: بابِ اول: ایمانیات۔ بابِ دوم: عبادات۔ بابِ سوم: معاملات۔ بابِ چہارم: اخلاقیات۔ بابِ پنجم:معاشرت۔ ہرباب میں پہلے اوامر اور پھر نواہی کو ذکر کیا گیا ہے۔
کتاب کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس کی فہرستیں دو بنائی گئی ہیں، ایک فہرست عنوانات و موضوعات کے اعتبار سے ہے اور دوسری فہرست حروفِ تہجی کے اعتبار سے ہے۔ حضرت مفتی صاحب نے خیرخواہی کے جذبہ سے تمام انسانوں اور مسلمانوں کی سہولت کی خاطر اللہ تعالیٰ کے فرامین کو یکجا کردیا ہے ۔ کتاب کا مقصد اللہ تعالیٰ کے بندوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات سے آگاہی فراہم کرنا اور ان پر عمل کرنے کی ترغیب و تحریص ہے۔ کتاب کا کاغذ اعلیٰ، طباعت دو رنگہ، سیٹنگ اور ڈیزائننگ عمدہ، ٹائٹل دیدہ زیب اور جلد مضبوط ہے۔دعا ہےکہ اللہ تعالیٰ مفتی صاحب کی اس کاوش و محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، صدقۂ جاریہ بنائے اور کتاب کو تمام انسانوں کے لیے مفید اور نافع بنائے۔ آمین
تالیف: مفتی محمد شفیق عارف زید مجدہٗ(استاذ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن)۔ صفحات ۲۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ رابطہ کا پتہ: جامع مسجد بنگلورٹاؤن، بنگلور ٹاؤن، ٹیپوسلطان روڈ، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03332266410
زیرِتبصرہ کتاب میں احادیثِ مبارکہ سے اوامر و نواہی کو تلاش کرکے جمع کیا گیا ہے۔ جن احادیث میں کسی کام کا حکم فرمایا گیا ہے یا ترغیب دی گئی ہے یا کسی کام سے منع فرمایا گیا ہے، یہ کتاب ان ان احادیث کا مجموعہ ہے۔ احادیث کا انتخاب مشہور اور مقبول کتاب ’’معارف الحدیث‘‘ (مؤلفہ: مولانا محمد منظور نعمانی رحمۃ اللہ علیہ )سے کیا گیا ہے، احادیث کا ترجمہ اور مختصر تشریح بھی ’’معارف الحدیث‘‘ سے ہی لی گئی ہے۔
کتاب درج ذیل بارہ مرکزی عناوین و ابواب پر مشتمل ہے: ۱:کتاب الایمان، ۲: کتاب الرقاق، ۳: کتاب الاخلاق، ۴: کتاب الطہارۃ، ۵: کتاب الصلوٰۃ، ۶: کتاب الزکوٰۃ، ۷: کتاب الصوم، ۸: کتاب الحج، ۹: کتاب الاذکار والدعوات، ۱۰: کتاب المعاشرۃ والمعاملات، ۱۱: نکاح و ازدواج اور اس کے متعلقات، ۱۲: کتاب المعاملات۔
ہرباب و عنوان کے تحت پہلے اوامر اور پھر نواہی کو ذکر کیا گیا ہے۔
کتاب کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس کی فہرستیں دو بنائی گئی ہیں، ایک فہرست عنوانات و موضوعات کے اعتبار سے ہے اور دوسری فہرست حروفِ تہجی کے اعتبار سے ہے۔
کتاب کا مقصد انسانوں کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے دیے گئے احکامات اور نواہی سے آگاہی فراہم کرنا اور ان پر عمل کرنے کی ترغیب و تحریص ہے۔حضرت مفتی صاحب نے خیرخواہی کے جذبہ سے تمام انسانوں اور مسلمانوں کی سہولت کی خاطر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین کو یکجا کردیا ہے، اس مجموعہ کی بنا پر اوامر و نواہی پر مشتمل احادیث کو بڑی بڑی کتابوں سے تلاش کرنے کی محنت اور وقت صرف کرنے سے بچت ہوگئی، گویا یہ کتاب ہزاروں صفحات کے مطالعہ سے بے نیاز کرتی ہے۔ کتاب کا کاغذ اعلیٰ، طباعت دو رنگہ، سیٹنگ اور ڈیزائننگ عمدہ، ٹائٹل دیدہ زیب اور جلد مضبوط ہے۔دعا ہےکہ اللہ تعالیٰ مفتی صاحب کی اس کاوش و محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، صدقۂ جاریہ بنائے اور کتاب کو تمام انسانوں کے لیے مفید اور نافع بنائے۔ آمین