بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 ذو الحجة 1447ھ 04 جون 2026 ء

bayyinat

 
 

نقدونظر ، تبصرہ وتعارف

نقدونظر ، تبصرہ وتعارف

 

آثار السنن مع التعلیق الحسن وتعلیق التعلیق

مؤلف: مولانا ظہیر احسن نیموی  رحمۃ اللہ علیہ ۔ صفحات: ۲۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ ویلفئیر اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، کراچی۔ رابطہ نمبر: 02135121955 
علامہ نیموی  رحمۃ اللہ علیہ کی معروف کتاب ’’آثار السنن‘‘ درسِ نظامی میں شاملِ نصاب ہے، اور حافظ ابن حجر  رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب ’’بلوغ المرام‘‘ کے اسلوب پر احادیثِ احکام کے موضوع سے متعلق اہم کتابوں میں سے ہے۔ اس کتاب میں فقہاء حنفیہ کے مستدلات یکجا کیے گئے ہیں، اور فقہ حنفی کے بارے میں ترکِ حدیث کے اتہام کو زائل کیا گیا ہے۔ افسوس کہ یہ کتاب ’’أبواب الطہارۃ‘‘ سے ’’أبواب الجنائز‘‘ کے آخر تک تالیف ہوسکی تھی کہ مؤلف  رحمۃ اللہ علیہ اس جہانِ فانی سے سفرِ آخرت پر روانہ ہوگئے، اور اس کام کو تشنۂ تکمیل چھوڑ گئے۔ اللہ تعالیٰ کتاب کے تکملہ کے لیے اسباب پیدا فرمائے، آمین!
’’آثار السنن‘‘ کے مختلف طبعات مارکیٹ میں ہیں، جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے شعبہ ’’مجلسِ دعوت وتحقیقِ اسلامی‘‘ نے اس کتاب کا ایک تحقیق وتصحیح شدہ نسخہ شائع کیا ہے، جس میں خود مؤلف کے نسخے اور علامہ محمد انور شاہ کشمیری  رحمۃ اللہ علیہ کے ملکیتی نسخے کی تصحیحات سے بھی مدد لی گئی ہے، لیکن اس طبع کے مقدمہ میں ذکر کیا گیا ہے کہ مارکیٹ میں موجود کتاب کے دیگر نسخوں میں اغلاط کی کثرت ہے۔ پیشِ نظر نسخہ مکتبۃ البشریٰ کا شائع کردہ ہے، اور اس کا سنِ طباعت ۱۴۴۶ھ / ۲۰۲۵ء ہے۔ یہ نسخہ بھی تحقیق وتصحیح شدہ ہے، اور ناشر کے مطابق اس کی تیاری میں دیگر نسخوں کے ساتھ ساتھ ’’مجلسِ دعوت وتحقیقِ اسلامی‘‘ کے طبع کردہ نسخے سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔ اس طبع کی خصوصیات درجِ ذیل ہیں:
1- مکمل احادیث پر اعراب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
2- تحقیقی کاموں میں سہولت کے لیے ترقیمِ احادیث میں مکمل کتاب کی احادیث کے رقمِ مسلسل کے ساتھ ہر باب کی احادیث پر مستقل نمبر بھی لگائے گئے ہیں۔ 
3- کتاب کے ضمن میں درج کتب اور ابواب کی بھی ترقیم کی گئی ہے۔  
4- عنوانات اور احادیث کے نمبروں کو سرخ رنگ کے ذریعہ ممتاز کیا گیا ہے۔ 
5- قواعدِ املاء اور علاماتِ ترقیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
6- کتاب کے گزشتہ طبعات میں موجود غلطیوں کی تصحیح کی رعایت رکھی گئی ہے۔ 
7- کتاب کا کاغذ اور جلد بندی عمدہ ہے۔ 
ہماری دانست میں تحقیق وتالیف اور درس وتدریس کے میدانوں میں مکتبۃ البشریٰ کے اس نسخے پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ اُمید ہے کہ اہلِ علم وتحقیق اور طلبۂ علم میں اس نسخے کو تداول حاصل ہوگا۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے