
مفتی عبدالقیوم صاحب۔ صفحات: ۳۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔اسٹاکسٹ: ادارۃ النور، دکان نمبر:۳، انور مینشن، جمشید روڈ، بالمقابل جامعہ بنوری ٹاؤن، کراچی۔ 03336444659
زیرِتبصرہ کتاب کے مؤلف مفتی عبدالقیوم صاحب ہماری جامعہ کے فاضل ومتخصص اور مدرسہ عارف العلوم کے استاذ، ایم فل کراچی یونیورسٹی ہیں۔ انہوں نے ہمارے ملک پاکستان میں رائج نکاح فارم سے متعلق مسائل کا تحقیقی اور تجزیاتی مطالعہ کرتے ہوئے نکاح کے احکام، مسائل اور تجاویز پر مشتمل یہ مجموعہ تیار کیا ہے۔ اس میں پاکستان میں رائج عائلی قوانین کی تدوین، تاریخ، اسباب وعوامل، خاندان کے تحفظ میں نکاح کا کردار، نکاح فارم میں موجود پچیس شقوں میں سے ہر ہر شق میں سے متعلقہ فقہی احکام ومسائل، نکاح فارم اور رجسٹریشن کی شرعی وفقہی حیثیت، نکاح فارم کا شرعی تجزیہ وتبصرہ وسفارشات جیسے اہم عناوین اور مضامین کو موضوعِ بحث بنایا ہے۔ ماشاء اللہ موصوف نے ایم فل کے لیے اس مجموعہ کو مقالہ کے طور پر کراچی یونیورسٹی میں بھی جمع کروایا اور اس پر اُنہیں ایم فل کی ڈگری بھی ملی ہے۔ کتابی دنیا میں یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک جدید اور نیا اضافہ ہے جو کہ ہر عالم اور نکاح خواں کے لیے خصوصاً اور ہر باذوق قاری کے لیے عموماً نعمتِ غیر مترقبہ ہے۔ کتاب‘ کاغذ، جلد اور طباعت ہر اعتبار سے قابلِ قدر ہے۔ البتہ پروف کی اغلاط کافی رہ گئی ہیں، اُمید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں اس کی تلافی کردی جائے گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کتاب کو قبولیت عطا فرمائے، آمین
جناب خان افسر صاحب (ایم اے عربی)۔ صفحات:۳۶۲۔ قیمت: ۳۰۰ روپے۔ ملنے کا پتا: گلستانِ کتابت، دکان نمبر:۴، جناح باغ، ایبٹ آباد۔ رابطہ نمبر: 03439477282
علمِ میراث اہم ترین علم ہے اور معاشرے میں عوام الناس کو سب سے زیادہ جن مسائل سے سامنا کرنا پڑتا ہے، ان میں وراثت کے مسائل بھی شامل ہیں۔ مؤلفِ محترم نے زیرِتبصرہ کتاب اس غرض سے تالیف فرمائی کہ عوام الناس کے سامنے یہ علم آسان ترین صورت میں پیش کیا جاسکے۔ وراثت سے متعلق حقوق اللہ اور حقوق العباد کیا ہیں، نیز دنیا سے جانے والے انسان کے ترکے میں کون سے احکام لاگو ہوتے ہیں۔ یہ کتاب اس جانب راہنمائی کرتی ہے، کتاب میں بعض مسائل نقشوں کی صورت میں بھی حل کردیے گئے ہیں۔ نیز کتاب کے دوسرے حصے میں یتیم پوتے کے وارث ہونے سے متعلق اخلافی اُمور پر تفصیلی بحث کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس تالیف کو مفید اور نافع بنائے، آمین
مفتی عبداللہ فردوس صاحب۔ صفحات: ۱۳۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: دارابن الفردوس، بخشالی، مردان، خیبرپختون خواہ۔ رابطہ نمبر:03025686853
زیرِنظر کتاب کے مؤلف نے دینی جامعات کے متخصصین اور یونیورسٹیوں کے ایم فل / پی ایچ ڈی اسکالروں کے لیے یہ کتاب تالیف کی ہے۔ متخصصین اور اسکالروں کو اپنے تحقیقی مقالوں کے لیے تحقیق وجستجو کن خطوط پر کرنی چاہیے، یہ کتاب اس کے لیے راہ نما ہے۔ کتاب کے بنیادی مباحث: تحقیق کے بنیادی اصول، انتخابِ موضوع کے طریقے، موضوع پر تحقیق کے اہداف، حدود،منہج، تحقیق کا طریقہ کار، حوالہ جات درج کرنے کا طریقہ، محقق کے اخلاقی اوصاف، مخطوطات کی تحقیق اور پہچان وغیرہ، جیسے اہم مباحث ہیں۔ کتاب اپنے موضوع پر عمدہ ہے، البتہ پروف کی اغلاط کافی رہ گئی ہیں، اُمید ہے کہ آئندہ تصحیح کردی جائے گی۔
افاداتِ علم وحکمت (عمدۃ النعم من إفادات العلوم والحکم)
حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃ اللہ علیہ ۔ تخریج، تنقیح، تلخیص: مولانا محمد اقبال رنگونی صاحب۔ صفحات جلد اول: ۲۶۴۔ ناشر: محمود پبلی کیشنز، اسلامک ٹرسٹ، لاہور۔ رابطہ نمبر: 03024284770
جسٹس (ر) علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃ اللہ علیہ (پی ایچ ڈی، لندن)نے اسلامک اکیڈمی آف مانچسٹر اور برطانیہ میں دوسرے مقامات پر کچھ اہم عنوانات پر ۲۵ بیانات فرمائے تھے، یہ عنوانات حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا مقام ومرتبہ ، علمِ غیب خاصۂ خداوندی، عقیدۂ توحید، قرآن کریم کی حفاظت، فدک اور مسئلۂ وراثت، حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ پر لگائے الزام کی حقیقت، حج اور قربانی اور واقعۂ معراج النبیؐ، جیسے چیدہ چیدہ مباحث ہیں۔ مولانا محمد اقبال رنگونی مدظلہ نے ان خطبات کی تلخیص وترتیب دے کر انہیں عوام الناس خصوصاً اہلِ علم کےلیے پیش کیا ہے۔ اُمید ہے کہ اس محنت کی قدردانی کی جائے گی۔
الانتخاب لحفظ أحادیث النصاب
مولانا لقمان علی حقانی صاحب۔ صفحات: ۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتا: مکتبہ رشیدیہ، جی ٹی روڈ، بیسمنٹ سردار پلازہ، اکوڑہ خٹک، خیبرپختون خواہ۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے یہ خوش آئند فیصلہ کیا کہ درجہ ثانیہ سے لے کر دورہ حدیث تک کے تمام طلبہ ہر ہر درجہ میں کم از کم چالیس احادیث زبانی حفظ اور یاد ہونی چاہئیں اور ان کا امتحان بھی لیا جائے گا، اس لیے موصوف مؤلف نے صحیح مسلم، مشکاۃ المصابیح، کتاب الآثار، ریاض الصالحین، آثار السنن اور زاد الطالبین سے چالیس چالیس احادیث جمع کرکے ۲۴۲ ؍احادیث پر مشتمل یہ باحوالہ اور مستند مجموعہ تیار کیا ہے، جو کہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے ایک خاصے کی چیز ہے۔ اُمید ہے طلبہ اس کی قدر افزائی فرمائیں گے۔