
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
شیخ محمد نَمْنَکَانی رحمۃ اللہ علیہ بنام حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ
۵ ؍ذیقعدہ ۱۳۷۳ھ موافق ۱۹۵۴ء
جناب برادرِ معظّم، مولانا سید محمد یوسف بنوری حفظہ اللہ وأدام توفيقہٗ لمرضاتہٖ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
بعد سلام، اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے اُمید ہے کہ آنجناب مع معزّز اہلِ خانہ کامل صحت وعافیت اور خوش حالی کے ساتھ ہوں گے۔ آپ نے میرے بارے میں دریافت فرمایا ہے، الحمدللہ سب خیریت ہے۔ حرمِ نبوی شریف میں آپ کے قریب وبعید اہداف ومقاصد کی تکمیل کے لیے دعاگو ہوں، اور جب کبھی مواجہہ شریفہ میں رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں سلام پیش کرنے کی غرض سے حاضری کا شرف حاصل ہوتا ہے تو آں محترم کی جانب سے بھی سلام عرض کرتا ہوں، اور آپ کے لیے نیک دعائیں کرتا ہوں۔ رب تعالیٰ اسلام اور مسلمانوں کے لیے آپ کی پاکیزہ زندگی میں برکت عطا فرمائے، آمین!
آنجناب کے علم میں لانا چاہتا ہوں کہ تاج کمپنی کی جانب سے ارسال کردہ مصاحف کے بکس میں محض ’’نصب الرایۃ‘‘ کا ایک نسخہ اور ’’بغیۃ الأریب‘‘ کے چار نسخے پہنچے ہیں، مصحف کا انگریزی ترجمہ نہیں ملا، بکس سے نہیں نکلا، شاید تاج کمپنی کی دوکان میں رہ گیا۔ یہ ضروری اطلاع ہوئی۔
آپ کو اور آنجناب کے متعلقین کو سلام، ہماری جانب بچے آپ کی دست بوسی کرتے ہیں، فضل اللہ مخدوم اور شیخ عبد الغفور صاحب (مدنی) آپ کو بہت سلام کہہ رہے ہیں۔ آپ کا بھائی محمد نمنکانی
پس نوشت: الحمدللہ میری صحت بہتر ہے، اور عصر تا مغرب دکان میں بیٹھتا ہوں، والحمد للہ علی ذٰلک!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۳۰ ؍ربیع الاول ۱۳۷۴ھ
جناب صاحبِ فضیلت وسیادت، مولانا الحاج سید محمد یوسف صاحب بنوری زید مجدُکم العالي!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
بعد سلام، اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے اُمید ہے کہ آنجناب اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ساتھ کامل صحت وعافیت سے ہوں گے، آپ نے ہمارے بارے دریافت فرمایا ہے، اللہ کا شکر ہے سب خیریت ہے، حرمِ نبوی شریف میں تمام مقاصدِ قریبہ وبعیدہ تک آپ کی رسائی کے لیے دعاگو ہیں، اللہ تعالیٰ اپنے کرم اور احسان سے انہیں پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔
والا نامہ آپ کی صحت وخوش حالی کی بشارت کے ساتھ موصول ہوا، اس پر اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا ہے۔
کتاب ’’البدايۃ والنہايۃ‘‘ کی قیمت ۸۰ ریال ہے، پاکستانی سبز روپے کے مطابق ۵۵ ریال کے مساوی اور جدید کے مطابق ۱۰۵ ریال ہے، موسمِ حج کے حساب کے اعتبار سے آپ مذکورہ کتاب کی قیمت کو بدل لیجیے گا۔ ’’شرحي صحيح مسلم الأُبّيوالسنوسي‘‘ کا ایک قدیم نسخہ ہمیں مصر میں ملا ہے، میں نے وہاں اپنے وکیل کو اس کی جلد بندی اور اپنی دیگر مطلوبہ کتب کے ساتھ ارسال کرنے کا آرڈر کردیا ہے، عنقریب کتاب پہنچ جائے گی، پھر اسے بذریعہ ڈاک ارسال کردوں گا یا موسمِ حج تک اپنے پاس محفوظ رکھ لوں گا۔ ترجمۂ قرآن انگریزی بھی ہمیں قریب میں پہنچ گیا ہے۔ آپ کا سلام شیخ عبد الغفور صاحب (مدنی)، منظور حسین صاحب اور مولوی بدر عالم صاحب (میرٹھی) کو پہنچادیا تھا، وہ سب حضرات آپ کو ہدیۂ سلام پیش کرتے ہیں۔ آنجناب کے علم میں لانا چاہتا ہوں کہ کتاب ’’فتح الملہم بشرح صحيح مسلم‘‘ کے دس نسخے میں نے مرحوم مولانا شبیر احمد (عثمانی) کے ایک خادم وشاگرد سے طلب کیے تھے، جو گزشتہ برس مؤلفِ کتاب شبیر احمد صاحب کے اہلِ خانہ کے ساتھ فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے آئے تھے، اور میں نے ان سے کہا تھا کہ مطلوبہ نسخے تاج کمپنی کے منتظمین کو بھیج دیجیے، وہاں سے یہ نسخے مطلوبہ مصاحف کے ساتھ ہمارے پاس آجائیں گے، اور مجھے قیمت بتادیجیے گا، تاکہ تاج کمپنی کے ذریعے تبادلہ کرکے مہیا کرسکیں۔ اُمید ہے آپ اس معاملے میں (ان صاحب کو) تاکید فرمائیں گے۔ یہ تو ضروری امور ہوئے۔ علم اور اہلِ علم کے لیے بعافیت رہیے، آمین! دعاگو : آپ کا بھائی محمد نَمْنَکانی اور ان کا بیٹا احمد
ضروری خدمتوں سے ہمیں عزت بخشیے!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۸؍ محرم الحرام ۱۳۷۷ھ
جناب صاحبِ فضیلت وسیادت، مولانا سید محمد یوسف بنوری!
اللہ تعالیٰ آپ کی حیاتِ طیبہ سے ہمیں مستفید فرمائے، آمین!
سلام واحترامِ مزید کے بعد اللہ تعالیٰ سے اُمید ہے کہ آنجناب، اہلِ خانہ اور متعلقین کامل صحت وعافیت کے ساتھ ہوں گے۔ آپ کا دعاگو بھی بخیریت ہے اور حرمِ نبوی شریف میں تمام اہداف ومقاصد تک رسائی کے لیے دعاگو ہے۔
مجھ سے خرید کردہ کتابوں کی قیمت ’’إرشاد الساري‘‘،و ’’الفتح الرّبّاني‘‘، اور ’’البدايۃ والنہايۃ‘‘ کی قیمت ۸۰ ریال اس جواب کی تاریخ تک مجھے نہیں پہنچی، نہ بینک کے ذریعے اور نہ ہی عطیہ بنت سید خلیل کے واسطے سے۔ اُمید ہے کہ آپ اپنے پاس رکھیں گے، اور آنجناب کو حرج محسوس ہو تو بوقتِ ضرورت آنجناب سے تبادلہ کرلیں گے۔ اس وقت حاملِ مکتوب کے ساتھ بمعرفت جناب محمد سعید صاحب آپ کی مطلوبہ کتابیں بھیج رہا ہوں، جو درج ذیل ہیں:
تفسير الفخر الرازي ۱۵۰ ریال عیني (عمدۃ القاري) شرح البخاري ۲۵۰ ریال
السيرۃ الحلبيۃ ۱۸ الحماسۃ ۱۱ قرش
توقع ہے کہ از راہِ کرم کتابوں کی وصول یابی کی اطلاع دیں گے۔ ’’کتاب الزھد‘‘ کے تقابل میں ہم جزوِ دوم تک پہنچ جائیں گے، بقیہ ان شاء اللہ مکمل کرلیں گے۔ کتابوں کے کارٹن کے اندر ’’بلوغ المرام‘‘ طبع نور محمد غیر مجلد بھی بندھی ہوئی موجود ہوگی، جو ہم نے غیر مجلّد ہونے کی بنا پر انہیں لوٹائی ہے، آپ سے کتب خانۂ تجارت نور محمد (مقابل آرام باغ کراچی) تک پہنچانے کی اُمید ہے۔
یہ تو ضروری امور ہوئے، اپنے ہاں اعزہ کو سلام پہنچائیے، اور ہمیشہ اللہ سبحانہ کی حفاظت میں رہیے۔ کتاب ’’فتح الملہم‘‘ کا ایک نسخہ تین جلدوں میں سید قرشی سے موصول ہوگیا ہے، آپ کا بے حد شکریہ!
دعاگو
آپ کا بھائی محمد نمنکانی، ان کا بیٹا اور فضل اللہ (مدینہ منورہ، باب الرحمۃ)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۵؍ جمادی الاولیٰ ۱۳۷۸ھ
جناب صاحبِ فضیلت، سید محمد یوسف بنوری محترم!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ سبحانہٗ سے اُمید ہے کہ آنجناب مع اہلِ خانہ واولاد کامل صحت وعافیت کے ساتھ ہوں گے۔ والحمد للہ علٰی ذلک!
میں سوریا اور مصر کے سفر پر تھا، الحمدللہ سلامتی سے لوٹ آیا۔ طویل عرصہ ہوا کہ سفری اُلجھن کی بنا پر آپ سے بذریعہ مکاتبت رابطہ نہیں ہوا، اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ ہمیں اس پاکیزہ شہر میں قریبی وقت ان شاء اللہ تعالیٰ یکجا فرمائیں گے، إنہٗ سمیع قریب مجیب! آپ کے علم میں لانا چاہتا ہوں کہ جن کتب کے بارے میں آپ نے دریافت کیا تھا، ان میں سے درج ذیل موجود ہیں:
أحکام القرآن لابن العربي (نادر) ۷۵ ریال الفتاوی الہنديۃ (نادر) ۲۵۰ ریال
تفسير طنطاوي جوہري البحر الرائق (نادر) ۸۰ ریال
آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستانی رائج روپے میں سو روپے یہاں ۷۵ ریال کے مساوی ہیں۔ ’’مجلسِ علمی‘‘ کراچی کی بعض مطلوبہ کتابیں میں نے دمشق اور مصر سے جمع کی ہیں، وہ میری کتابوں کے ساتھ جلد ہی مدینہ پہنچیں گی۔ آپ کے لیے خوش خبری ہے کہ میں نے تعلیق وتصحیح اور دو نسخوں (نسخہ ازہریہ اور نسخہ دار الکتب المصریۃ) سے مراجعت کے ساتھ علامہ سیوطی رحمۃ اللہ علیہ کی ’’تدریب الراوي‘‘ کی طباعت کا کام شروع کردیا ہے، اور اس کے بعد ہم حافظ (ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ ) کی ’’تہذيب التہذيب‘‘ کی طباعت شروع کریں گے، آنجناب سے اُمید ہے کہ توفیق وکامیابی کے لیے دعا فرمائیں گے۔
آپ کا سلام شیخ محمد بدرِ عالم صاحب (میرٹھی)، شیخ عبد الغفور صاحب (مدنی) کو، قاری عباس کو آپ کے جواب سمیت، اور فضل اللہ مخدوم کو پہنچادیا ہے، منظور حسین صاحب سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ یہ ضروری باتیں ہوئیں، آپ کے قریب موجود اعزہ کو میرا سلام، والسلام خیر ختام! آپ کا مُحب ِ مخلص
محمد نمنکانی اور ان کا بیٹا احمد
نوٹ: پیشگی شکریہ کے ساتھ درج ذیل کتب ڈاک یا کسی آنے والے کے ذریعے ارسال فرمانے کی درخواست ہے۔ مطبوعات ’’لجنۃ إحياء الأدب السندي‘‘ کراچی پاکستان:
۱؍ عدد ’’ذبّ ذبابات الدراسات‘‘ للعلامۃ عبد اللطيف بن محمد ہاشم السندي
۱؍ عدد ’’مکاتيب النبي صلی اللہ عليہ وسلم‘‘ لأبي جعفر الديبلي المحدّث
۱؍ عدد ’’أطراف البخاري‘‘ للشيخ محمد ہاشم السندي
۱؍ عدد ’’مقدمۃ کتاب التعليم‘‘ للإمام مسعود بن شيبۃ السندي