
صوبہ خیبر پختونخوا، جو پہلے ہی ایک عرصہ سے امن و امان کی مخدوش صورت حال اور دہشت گردی کے عفریت کا شکار تھا، نیز حکومتی اداروں کی ناکامی اور نااہلی بھی وہاں اپنے عروج پر ہے، اب رفتہ رفتہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہر سال سیلاب کی خوف ناک شکلوں کی لپیٹ میں نظر آتا ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل پھٹنے، آسمانی بجلی گرنے اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے تباہی مچی ہوئی ہے، جس سے سیکڑوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں لاپتہ ہوگئے۔ درجنوں مکانات منہدم، طلبہ، بچے اور خواتین سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے، کئی گاؤں صفحۂ ہستی سے مٹ گئے، رابطہ پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔ سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا، بونیر کے بارہ سے زیادہ دیہات شدید متاثر ہوئے، جس کےباعث یہاں دیگر علاقوں کی بنسبت اموات زیادہ ہوئیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں سیلابی ریلوں سے مختلف وادیوں میں تباہی پھیلنے سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں رابطہ کے کئی پل تباہ ہونے سے شاہراہ ِقراقرم اور شاہراہِ بلتستان سمیت تمام بین الاضلاع رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوگئیں،ادھر چلاس میں فصلیں، مکانات، باغات، واٹر چینل تباہ ہوگئے۔ آزاد کشمیر کی وادیِ نیلم میں سیلابی ریلے دریا پر بنے متعدد رابطہ پل بہا لے گئے، جہاں مختلف حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بھاری پہاڑی پتھروں کی زد میں آکر سات مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، یہاں بھی ملبے تلے دب کر دس افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے۔ صوابی میں بھی کافی جانی اور مالی نقصان ہوا ۔ ایسے تمام متأثرین ہماری دعاؤں، ہمدردی اور تعاون کے مستحق ہیں۔
مزید یہ کہ ایسی حالت میں ہماری حکومت اور پوری قوم کو اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہو جانا چاہیے اور ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ اور استغفار کرنا چاہیے، تاکہ ان ناگہانی آفات اور بلیات سے ہماری حفاظت ہو ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کے حال پر رحم فرمائے۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ سیلاب میں شہید ہونے والوں کی مغفرت فرمائے، اُن کے پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور جس مقصد کے لیے ہم نے یہ ملک حاصل کیا تھا، اس مقصد کو حاصل کرنے اور ہمارے حکمرانوں کو قرآن و سنت کے نفاذ کی توفیق عطا فرمائے، اور ہم سب کو صراطِ مستقیم پر چلنے کی ہمت، قوت اور طاقت نصیب فرمائے، آمین بجاہ سید المرسلین!
وصلّی اللہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ سیّدنا محمّد وعلٰی آلہٖ وصحبہٖ أجمعین !