
جامعہ کے اُستاذ و رفیق ’’شعبہ بینات‘‘ اور الغفار مسجد صدر، کراچی کے امام وخطیب مولانا محمد فاروق صدیقی صاحب رحمۃ اللہ علیہ ۴؍ ربیع الثانی ۱۴۴۷ھ مطابق ۲۸؍ ستمبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار کو تقریباً ۶۳ سال کی عمر میں انتقال کرگئے، إنا للہ وإنا إلیہ راجعون، إن للہ ما أخذ ولہٗ ما أعطی وکل شيء عندہٗ بأجل مسمّٰی۔ اللّٰہم اغفر لہ وارحمہ وعافہ واعف عنہ وأکرم نزلہ ۔ آمین۔
مولانا مرحوم نے تقریباً ۳۰ سال تک جامعہ میں ماہنامہ بینات کی کمپوزنگ کی خدمت انجام دی اور کئی سال سے تدریس سے بھی وابستہ تھے۔ کچھ عرصہ سے علیل تھے، وقتِ موعود آپہنچا۔مولانا کا آبائی تعلق بنگلہ دیش کے ضلع فینی (چٹاگانگ)سے تھا ۔ مولانا نے اپنے پیچھے بیوہ، دو صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ ایک صاحبزادے جامعہ کے فاضل اور دوسرے دورۂ حدیث کے طالب علم ہیں۔جامعہ کی انتظامیہ، اساتذہ اور تمام عملہ مولانا کے پسماندگان سے تعزیت کرتے ہیں، دُکھ کی اس گھڑی میں اُن کے لیے دعاگو ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، جملہ دینی خدمات کو قبول فرمائے، تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے، آمین ثم آمین۔