
بچوں کی ایسی تعلیم وتربیت جس سے وہ باعمل مسلمان بن جائیں ،والدین کے فرائض میں شامل ہے۔ قرآن کریم میں سورۂ لقمان میں بیان کردہ ترتیب سے معلوم ہوتا ہے کہ بچوں کی تعلیم وتربیت کا منہج اس طور پر ہونا چاہیے: ۱- عقیدہ کی تربیت، ۲-اعمال کی تربیت، ۳- ادائیگیِ حقوق کی تربیت، ۴-عام معاشرتی اور انسانی آداب کی تربیت۔ ان مراحلِ تربیت سے گزرنے کے بعد ایک مسلمان بچہ ان شاء اللہ ایک باعمل مسلمان ثابت ہوگا۔
ہمارے تعلیمی اداروں میں آج کل بچوں کی تربیت اور ذہن سازی سے عموماً غفلت برتی جاتی ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمارے چند رفقاء کے ذہن میں یہ خیال پیدا فرمایا کہ بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے کچھ مؤثر انتظام ہونا چاہیے، اس سلسلہ میں ان حضرات کی کاوش سے اسکولز وکالجز کی سالانہ تعطیلات میں ان بچوں کے لیے چالیس روزہ دینی واخلاقی تربیتی کورس کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، اور صالح مسجد صدر سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ کراچی، بلکہ پورے ملک میں مقبول ہوگیا اور ضرورت یہ محسوس ہوئی کہ اس سلسلہ کو منظم اور مرتب کیا جائے اور اس سلسلہ میں ہمارے جامعہ کے اساتذہ اور فضلاء نے بے حد کوشش فرمائی،یہ حضرات وقتاً فوقتاً اس سلسلہ میں مجھ سے بھی مشورہ فرماتے رہے، ان حضرات کی کوشش رنگ لائی اور تعلیم وتربیت کے نام سے ایک مختصر اور جامع کتاب تیار کی گئی جو نہ صرف یہ کہ بچوں کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرے گی، بلکہ تعلیمِ بالغان کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوگی، کیونکہ دین کی ابتدائی معلومات جو ایک مسلمان کے لیے ضروری ہیں اس کتاب میں موجود ہیں ۔
بندہ دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان حضرات کی اس خدمت کو اپنے دربار ِعالی میں قبول فرماکر ہدایت اور دنیا وآخرت کی کامیابیوں کا وسیلہ اور ذریعہ بنائیں، آمین