
تالیف: حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلوی رحمۃ اللہ علیہ ۔ صفحات :۲۲۲۔ عام قیمت:۲۷۰۔ رعایتی قیمت:۲۴۳۔ ناشر وملنے کا پتہ: زمزم پبلشرز، گوالی نمبر:۳، دوکان نمبر:۲، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03098204773
زیرِتبصرہ کتاب ’’تعلیم الاسلام‘‘ مقبول ومعروف کتاب ہے، شاید ہی کوئی طالب علم یا عالم دین ہوجو اس کتاب کو نہ جانتا ہو۔ مفتیِ اعظم ہند حضرت مفتی کفایت اللہ دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے مبارک ہاتھوں سے لکھی گئی اس کتاب کا نفع عام و تام ہے، اللہ تعالیٰ نے اسے بہت قبولیت و شہرت اور اِفادیت سے نوازاہے۔ کئی زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا جاچکا ہے۔ بنیادی طور پر یہ کتاب بچوں کے لیے لکھی گئی ہے، مگر کتاب میں مذکور عقائد ومسائل ایسے ہیں کہ بڑے بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ تعلیمِ بالغان کے لیے بھی یہ کتاب مفید انتخاب ہوسکتی ہے۔ کتاب چار حصوں پر مشتمل ہے، اس میں تمام بنیادی عقائد ، ارکانِ اسلام اور اہم عبادات کے مسائل مذکور ہیں۔
زمزم پبلشرز نے حسبِ عادت وروایت اس کتاب کو خوبصورت سیٹنگ کے ساتھ دورنگہ شائع کیا ہے۔ ٹائٹل بھی دیدہ زیب ہے، مگر کاغذ کچھ ہلکا لگایا گیا ہے۔
اس ایڈیشن کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے آخر میں مفتی محمد شفیع عثمانی رحمۃ اللہ علیہ کی چالیس حدیث اور مولانا محمد عاشق الٰہی بلند شہری رحمۃ اللہ علیہ کی مسنون دعاؤں کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس ایڈیشن کی اِفادیت مزید بڑھ گئی ہے۔
مولانا وحید الزمان قاسمی کیرانوی رحمۃ اللہ علیہ ( سابق استاذ لغتِ عربی، دارالعلوم دیوبند)۔ صفحات جزء اول : ۷۴۔ صفحات جزء ثانی: ۹۶۔ صفحات جزء ثالث : ۱۲۰۔ ناشر وملنے کا پتہ: زمزم پبلشرز، گوالی نمبر:۳، دوکان نمبر:۲، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03098204773
عربی مدارس کے ابتدائی درجات میں زیرِ تعلیم عزیز طلبہ کی استعدادِ عربیت کو جِلا بخشنے کے لیے مؤلف محترم نے یہ عمدہ کاوش پیش کی ہے، جو اس وقت تین حصوں میں طبع ہوئی ہے، البتہ مؤلف کا ارادہ اُسے چار حصوں تک پہنچانے کا ہے۔ موصوف نے پاک و ہند کے طلبہ کی نفسیات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صر ف و نحو کے قواعد اور لغوی و ادبی اصول پر اسباق مرتب کیے ہیں، اور ہر سبق کے بعد تمرین بھی شامل کی ہے۔ طلبہ کے لیے بہت مفید سلسلہ ہے۔ مکتبہ زمزم نے حسبِ روایت طباعت و اشاعت میں عمدگی کا بھرپور خیال رکھا ہے ۔
خلاصۃ نور الیقین في سیرۃ سید المرسلین ﷺ
تلخیص: استاذ عمر عبدالجبارؒ۔ صفحات جزء اول:۶۸۔ صفحات جزء ثانی: ۸۸۔ صفحات جزء ثالث: ۶۴۔ ناشر وملنے کا پتہ: زمزم پبلشرز، گوالی نمبر:۳، دوکان نمبر:۲، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03098204773
شیخ محمد الخضری بک المصریؒ نے قرآن کریم اور احادیثِ نبویہ کی روشنی میں سیرتِ نبوی پر مذکورہ بالا کتاب عربی زبان میں تالیف فرمائی تھی۔ اسے عوام و خواص میں خاصی مقبولیت حاصل ہوئی، جس کی بنا پر شیخ عمر عبدالجبارؒ نے عربی مدارس کے ابتدائی درجات کے طلبہ کے لیے اس کی تلخیص فرمائی ہے ۔ کتاب تین حصوں میں تقسیم ہے : پہلے حصے میں حیاتِ نبوی کا مکی دور اور دوسرے حصے میں ہجرت سے وصالِ نبوی تک کے واقعات سہل اور دل نشیں انداز میں رقم کیے گئے ہیں، جب کہ تیسرا حصہ خلفائے راشدینؓ کے مبارک احوال پر مشتمل ہے۔ ہر سبق کے آخر میں سوالات اور اس سبق کا خلاصہ بھی درج ہے۔ مکتبہ زمزم کراچی نے بہترین کاغذ، عمدہ طباعت،اور رنگین اشاعت کا یہ حسین مرقع سیرتِ نبوی کے شایانِ شان شائع کیا ہے۔ اُمید ہے کہ طلبۂ علم اس سے استفادہ کریں گے ۔