بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 ذو الحجة 1441ھ- 12 اگست 2020 ء

دارالافتاء

 

موبائل فون پر بغیر وضو کے قرآنِ پاک کی تلاوت اور دینی کتب کا مطالعہ کرنے کا حکم


سوال

 میں نے" اسلام ون" کی ایپ موبائل فون میں کی ہوئی ہے،  جس میں قرآنِ پاک اور احادیث و سیرت النبی موجود ہیں ۔ کیا موبائل فون پر بغیر وضو کے تلاوت و دیگر مسائل کے مطالعہ کی شرعی طور پر اجازت ہے کیا؟

جواب

موبائل فون پر بغیر وضو کے تلاوت اور دیگر دینی کتب کا مطالعہ کرنا جائز ہے،  البتہ اگر اسکرین پر قرآن کریم  کھلا ہوا ہو  تو اسکرین کو  وضو کے بغیر چھونا جائز نہیں ہے، اس کے علاوہ  موبائل کے دیگر حصوں کو  مختلف  اطراف  سے چھونا جائز ہے، اسی طرح اگر کسی کتاب کا ایسا صفحہ کھلا ہوا ہو جس میں قرآنِ مجید کی آیت موجود ہو تو آیتِ قرآنی کو اسکرین پر بلاوضو چھونا جائز نہیں ہوگا۔

لیکن قرآنِ مجید مصحف میں دیکھ کر پڑھنا افضل ہے، اس لیے کہ مصحف کو دیکھنا، اس کو چھونا اور اس کو اٹھانا  یہ اس کا احترام ہے،  اور اس میں معانی میں زیادہ تدبر کا موقع ملتا ہے،  اور یہ سب ثواب کا ذریعہ ہے،  ظاہر ہے کہ یہ سب باتیں موبائل میں حاصل نہیں ہوتیں،  اور زیادہ ثواب والے کام  کو  چھوڑ  کر  کم ثواب والے کام کو اختیار کرنا خلافِ  اولی اور خلافِ تقوی ہے؛  اس لیے جہاں تک ہوسکے مصحف ہی سے پڑھا جائے، اگر کبھی ضرورت ہو تو موبائل سے پڑھ لیں،  ورنہ عام حالات خصوصاً مسجد میں  جہاں سہولت سے قرآن میسر بھی ہیں  وہاں موبائل کے بجائے مصحف سے قرآنِ مجید پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے، تاہم ثواب میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ نیز قرآنِ کریم کے ادب کا تقاضا یہ بھی ہے کہ موبائل میں غیر شرعی اشیاء (جان دار کی تصاویر اور ویڈیوز ، موسیقی وغیرہ)  محفوظ نہ رکھی جائیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201821

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

کتب و ابواب

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں