بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

چند سالوں بعد تنخواہ کی رقم وصول ہونے کی صورت میں اس کی زکاۃ کا حکم


سوال

 میں سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھااور میں بیس ستمبر 2017 کو سعودی عرب سے واپس آیا ہوں،میرے کچھ  پیسے کمپنی کی طرف بقایا تھے جو کہ کچھ دن پہلے انہوں نے بھیجے ہیں، میرا سوال یہ ہے کہ مجھے ابھی کتنے سالوں کی  زکات ادا کرنا ہوگی؟  کمپنی پر میری چھ ماہ کی تنخواہیں بقایا تھیں۔

جواب

تنخواہ کی رقم جب تک وصول نہ ہوجائے وہ ملازم کی ملکیت میں نہیں آتی، بلکہ کمپنی کے ذمہ واجب الادا ہوتی ہے اور یہ دین ضعیف ہے، اس کے وصول ہونے کے بعد اس رقم کی گزشتہ سالوں کی زکاۃ  ادا کرنا لازم نہیں ہوتا۔

لہذا آپ کو جو چھ ماہ کی تنخواہ چند سالوں کے بعد وصول ہوئی ہے اس کی گزشتہ سالوں کی زکاۃ  ادا کرنا آپ پر لازم نہیں ہے۔ 

اور رقم وصول ہونے کے بعد یہ تفصیل ہے کہ  اگر آپ  پہلے سے صاحبِ  نصاب ہیں تو  آپ کے نصاب کا سال جب مکمل ہو تو اس وقت آپ کی ملکیت میں موجود دیگر رقم کے ساتھ اگر یہ رقم بھی پس انداز ہو تو اس رقم سے بھی زکاۃ  نکالنا لازم ہوگا چاہے رقم وصول ہونے کے  بعد سال مکمل نہ  بھی ہوا ہو، اور اگر  پہلے سے صاحبِ نصاب نہیں ہیں بلکہ اس رقم کے وصول کرنے سے صاحبِ نصاب بنے ہیں تو اس دن سے لے کر قمری حساب سے سال مکمل ہونے والے دن اگر آپ کے پاس نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت) کے برابر یا اس سے زائد نقد رقم یا زیورات یا مالِ تجارت موجود ہو تو  کل مالیت کا ڈھائی فیصد بطورِ زکاۃ  ادا کرنا لازم ہوگا۔

         فتاوی عالمگیری میں ہے:

"وأما سائر الديون المقر بها فهي على ثلاث مراتب عند أبي حنيفة - رحمه الله تعالى -: ضعيف، وهو كل دين ملكه بغير فعله لا بدلاً عن شيء نحو الميراث أو بفعله لا بدلاً عن شيء كالوصية أو بفعله بدلاً عما ليس بمال كالمهر وبدل الخلع والصلح عن دم العمد والدية وبدل الكتابة لا زكاة فيه عنده حتى يقبض نصاباً ويحول عليه الحول". (1/ 175،کتاب الزکوۃ، الباب الأول في تفسير الزكاة وصفتها وشرائطها، ط: رشیدیہ) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012200586

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں