بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

چاچا کی بیٹی کو گود لے کر پالنا


سوال

میرے چاچا کی پرسوں بیٹی پیدا ہوئی ہے، میری کوئی اولاد نہیں ہے، اب وہ مجھے دینا چاہتے ہیں  تاکہ اپنی بچی سمجھ کر پالوں، اب شریعت میں کرنا جائز ہے کہ نہیں ؟

جواب

جس طرح اپنے بچے کو خود اپنے پاس رکھ کر اس کی پرورش کرنا جائز ہے، اسی طرح کسی اور کو گود دینا بھی جائز ہے، لیکن شریعتِ مطہرہ میں لے پالک اور منہ بولے بیٹے کی حیثیت حقیقی اولاد  کی طرح نہیں ہے،  اور کسی کو منہ بولا بیٹا بنانے سے وہ حقیقی بیٹا نہیں بن جاتا اور نہ ہی اس پر حقیقی اولاد والے احکام جاری ہوتے ہیں،  البتہ گود میں لینے والے کو  بچے کی  پرورش، تعلیم وتربیت  اور اسے ادب واخلاق سکھانے کا ثواب ملتا ہے،  جاہلیت کے زمانہ  میں یہ دستور تھا کہ لوگ لے پالک اور منہ بولے اولاد کو حقیقی اولاد کا درجہ دیتے تھے ، لیکن اسلام نے اس تصور ورواج کو ختم کرکے یہ اعلان کردیا کہ منہ بولی اولاد حقیقی اولاد نہیں ہوسکتی۔ اور لے پالک اور منہ بولی اولاد کو ان کے اصل والد کی طرف منسوب کرنا ضروری ہے۔  جب رسولﷺ نے زید بن حارثہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنا ”متبنیٰ“ (منہ بولا بیٹا)   بنایا اور لوگ ان کو ”زید بن محمد“ پکارنے لگے تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں:

{وَمَا جَعَلَ أَدْعِيَاءَكُمْ أَبْنَاءَكُمْ ذَلِكُمْ قَوْلُكُمْ بِأَفْوَاهِكُمْ وَاللَّهُ يَقُولُ الْحَقَّ وَهُوَ يَهْدِي السَّبِيلَ  ادْعُوهُمْ لِآبَائِهِمْ هُوَ أَقْسَطُ عِنْدَ اللَّهِ فَإِنْ لَمْ تَعْلَمُوا اٰبَاءَهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ فِي الدِّينِ وَمَوَالِيكُمْ وَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ فِيمَا أَخْطَأْتُمْ بِهِ وَلَكِنْ مَا تَعَمَّدَتْ قُلُوبُكُمْ وَكَانَ اللَّهُ غَفُورًا رَحِيمًا }   [الأحزاب: 4، 5]

ترجمہ: اور تمہارے منہ بولے بیٹوں کو تمہارا (سچ مچ کا) بیٹا نہیں بنادیا یہ صرف تمہارے منہ سے کہنے کی بات ہے اور اللہ حق بات فرماتا ہے اور وہی سیدھا راستہ بتلاتا ہے ، تم ان کو ان کے باپوں کی طرف منسوب کیا کرو یہ اللہ کے نزدیک راستی کی بات ہے اور اگر تم ان کے باپوں کو نہ جانتے ہو تو وہ تمہارے دین کے بھائی ہیں اور تمہارے دوست ہیں اور تم کو اس میں جو بھول چوک ہوجاوے تو اس سے تم پر کچھ گناہ نہ ہوگا، لیکن ہاں دل سے ارادہ کر کے کرو (تو اس پر مؤاخذہ ہوگا)، اور اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے۔ (از بیان القرآن)

اس آیت کے نازل ہونے کے بعد صحابہ کرام حضرت زید رضی اللہ تعالی عنہ کو ان کے والد کی طرف منسوب کرکے ”زید بن حارثہ“  کے نام سے پکارنے لگے۔

  اس سے معلوم ہوا کہ  کسی  بچے کو گود لینے سے وہ حقیقی بیٹایا بیٹی نہیں بنتے، نہ ہی ان پر حقیقی بچوں والے احکامات جاری ہوتے ہیں، البتہ   اگر کوئی شخص کسی  بچے کو  لے کر اس  غرض سے اپنے پاس رکھے کہ میں اس کی تربیت  وپروش کروں گا، اور اسے بیٹے کی طرح رکھوں گا، اوراس کے اخراجات ومصارف  اٹھاؤں گا، اور اس کے حقیقی والد سے اس کی نسبت منقطع نہ کرے   تو یہ جائز ہے۔

لہذا آپ کے لیے اپنے چاچا کی بیٹی کو گود لینا اور اس کی پرورش کرنا جائز ہے، لیکن چوں کہ وہ حقیقی اولاد نہیں ہوگی، اس لیے  وہ بچی بالغ ہونے کے بعد آپ کے لیے نامحرم ہوجائے گی، اس کو محرم بنانے کے لیے یہ صورت اختیار کی جاسکتی ہے اس بچی کو  رضاعت کی مدت (دوسال) میں ایسی کوئی عورت دودھ پلادے جس کی وجہ سے اس کے اور آپ کے درمیان محرمیت کا رشتہ قائم ہوجائے، مثلاً  آپ کی بہنوں میں سے کوئی دودھ پلادے تو آپ اس لڑکی کے رضاعی ماموں بن جائیں گے، یا آپ کے بھائی کی بیویوں میں سے کوئی دودھ پلادے تو آپ اس لڑکی کے رضاعی چاچا بن جائیں گے اور یہ آپ کے لیے محرم ہوجائے گی۔

اسی طرح اس کو اس کے حقیقی والد کے نام ہی کے ساتھ پکارا جائے، سسرکاری دستاویزات اور تعلیمی ریکارڈ میں بھی اس کے حقیقی والد کا نام درج کرایا جائے ، ہاں بطور سرپرست کے آپ اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔

نیز واضح رہے کہ مذکورہ بچی اپنے حقیقی والد کی تو وارث بنے گی، لیکن آپ اگر اس کو گود لے لیں تو  آپ کے ترکہ میں اس کا  اولاد ہونے کی حیثیت سے حق وحصہ نہیں ہوتا۔ ہاں اپنی زندگی میں بطورِ گفٹ اسے کوئی چیز دی جاسکتی ہے اور اسی طرح  اگر وہ بچی آپ کی شرعی وارث نہ بن رہی  ہو تو اس کے حق میں ایک تہائی ترکہ تک کی وصیت کی جاسکتی ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200854

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں