بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قسطوں کی ادائیگی کے دوران کرایہ ادا کرنا


سوال

کیا فرما تے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متیں مسئلہ ذیل کے سلسلے میں:

ایک کمپنی ہے جو بائیک خرید کر کرائے پر چلاتی ہے اور جس شخص سے کمپنی گاڑی لیتی ہے اس سے یہ معاہدہ ہوتا ہے کہ 12مہینے تک آپ کو  آپ کی گاڑی کی قیمت قسطوں میں ادا کردیں گے، اور بارہ مہینوں کا کرایہ بھی آپ کو دیں گے، جیسے  ہر مہینے  5000  کی قسط اور  4000 روپے کا کرایہ کمپنی اس شخص کو  دے گی جس سے گاڑی خریدی ہے،  اس گاڑی والے کو ایک سال میں تقریباً  50000  روپے کی بچت ہوگی،  اگر کوئی نقصان ہوا تو کمپنی اس کی ذمہ دار ہو گی،  کیا اس طرح کی ڈیل کرنا شریعت کی رو سے صحیح ہے یا نہیں؟

جواب

مذکورہ معاملہ شرعاً درست نہیں ہے؛ کیوں کہ اس معاملہ میں بیک وقت ایک ہی عقد میں دو مختلف معاملات (بیع: یعنی خرید و فروخت اور اجارہ: یعنی کرایہ داری) کو جمع کیا جارہا ہے (یعنی کمپنی جس شخص سے گاڑی لے رہی ہے، اس سے بیک وقت ایک ہی چیز میں بیع اور اجارہ دونوں کا معاملہ ہورہا ہے)، جو کہ شرعاً درست نہیں ہے؛ نبی کریم ﷺ نے ایک معاملہ کے اندر دوسرے کو داخل کرنے سے منع فرمایا ہے۔

صحيح ابن حبان - مخرجا (11/ 399):

"عَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ أَنَّهُ قَالَ: «لَا تَحِلُّ صَفْقَتَانِ فِي صَفْقَةٍ، وَأَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، لَعَنَ آكِلَ الرِّبَا، وَمُوكِلَهُ، وَشَاهِدَيْهِ، وَكَاتِبَهُ»".

نیز  اس معاملہ کو دوسرے پہلو سے دیکھا جائے تو اس میں ایک بات قابلِ اشکال یہ بھی ہے کہ یہاں بیع ایسی شرط کے ساتھ مشروط ہے جس میں بائع (گاڑی کے سابق مالک) کا فائدہ ہے، یعنی گاڑی کا مالک اس شرط پر بیچ رہاہے کہ خریدار ایک سال تک اس کا کرایہ مجھے دے گا، جب کہ کمپنی جب اس بائیک کو خرید لیتی ہے تو  اس بائیک کی مالک بن جاتی ہے، اگرچہ ساری قسطیں ادا نہ بھی کی ہوں، تو پھر ماہانہ کرایہ ادا کرنے کا مطلب یہ ہوا کہ کمپنی اپنی ہی مملوکہ چیز کا کرایہ (مشروط طور پر) ادا کر رہی ہے، جو کہ درست نہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143908200763

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں