بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عمامہ نہ پہننے پر ملامت کرنا


سوال

ہمارے علاقے میں ایک صاحب امامت کے لیے پگڑی لازم مانتا ہے حتیٰ کہ اگر کوئی  بلا عمامہ امامت کے لیے آگے ہوجائے تو ہاتھ سے پکڑ کر کھینچ لیتا ہے۔  ایک دوسرے صاحب کا یہ دعویٰ ہے کہ پگڑی سنت ہے اور یہ مذکورہ شخص اس کو واجب یا فرض کا درجہ دیتا ہے اور اس طرح کرنے سے بندہ بدعت کا مرتکب ہوجاتا ہے کیا یہ صحیح ہے؟

جواب

عمامہ باندھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور بلا شبہ جو نماز عمامہ کے ساتھ ادا کی جائے گی اس کا ثواب بغیر عمامہ کے ادا کی جانے والی نماز کی بنسبت  زیادہ ہو گا، لیکن اس کو اس قدر ضروری اور لازم قرار دینا کہ جو شخص بغیر عمامہ کے نماز پڑھاتا ہو اس کو کھینچ کر پیچھے کر دیا جائے، درست نہیں، فقہاءِ کرام  نے بغیر عمامہ والی نماز کو بھی بلا کراہت درست لکھا ہے؛ اس لیے عمامہ نہ پہننے پر کسی کو ملامت کرنا اور امامت نہ کرانے دینا درست نہیں۔

ایسے شخص کو حکمت وتدبر کے ساتھ  شرعی مسئلہ سمجھا دیا جائے، ان شاء اللہ بات سمجھ آجائے گی۔

الفتاوى الهندية (1/ 59)
"والمستحب أن يصلي الرجل في ثلاثة أثواب: قميص، وإزار، وعمامة. أما لو صلى في ثوب واحد متوشحاً به تجوز صلاته من غير كراهة".

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 103)
"والسنة نوعان: سنة الهدي، وتركها يوجب إساءةً وكراهيةً كالجماعة والأذان والإقامة ونحوها. وسنة الزوائد، وتركها لا يوجب ذلك كسير النبي عليه الصلاة والسلام  في لباسه وقيامه وقعوده".

عمدة القاري شرح صحيح البخاري (21/ 307)
" وفي (كتاب الجهاد) لابن أبي عاصم: حدثنا أبو موسى حدثنا عثمان بن عمر عن الزبير ابن جوان عن رجل من الأنصار قال: جاء رجل إلى ابن عمر فقال: يا أبا عبد الرحمن} العمامة سنة؟ فقال: نعم، قال رسول الله صلى الله عليه وسلم لعبد الرحمن بن عوف: إذهب فاسدل عليك ثيابك وألبس سلاحك، ففعل ثم أتى النبي صلى الله عليه وسلم فقبض ما سدل بنفسه، ثم عممه فسدل من بين يديه ومن خلفه".
فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909202340

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں