بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عدالتی خلع شرعاً معتبر کب ہوتا ہے؟


سوال

وکیل صاحبان اور جج صاحبان یہ کہتے ہیں کہ عدالت کی طرف سے جو خلع کی ڈگری جاری ہوتی ہے اُس سے ایک طلاق ہو جاتی ہے. اگر خلع کے لیے جو شرائط ہیں وہ عورت عدالت میں ثابت نہ کر سکے اور شوہر کو عدالت کیس کے لیے بُلا لے،  لیکن وہ عدالت نہ جائے اور عدالت بیوی کو خلع کی ڈگری دے دے تو کیا اس ڈگری سے ایک طلاق ہوجاتی ہے یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ خلع دیگر عقودِ  مالیہ کی طرح ایک عقدِ مالی ہے، جس میں بیوی اپنے مہر کے عوض شوہر کے نکاح سے خلاصی حاصل کرتی ہے،  پس جس طرح   دیگر عقودِ  مالیہ میں عاقدین یا ان کے وکلاء کی جانب سے ایجاب و قبول شرعاً  ضروری ہوتا ہے،  بالکل اسی طرح  میاں و بیوی یا ان کے وکلاء کی جانب سے خلع میں ایجاب و قبول شرعاً ضروری ہوتا ہے، پس اگر کسی ایک جانب سے قبول نہ پایا جائے تو شرعاً  کسی کو ان کے درمیان خلع کے ذریعہ  تفریق کا فیصلہ صادر کرنے کا حق نہیں ہوتا۔

البتہ اگر شوہر کی جانب سے حقیقتاً زیادتی و ظلم کیا جا رہا ہو اور بیوی شرعی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے عدالت میں شوہر کی جانب سے کی جانے والی زیادتی و ظلم کو ثابت کردیتی ہے تو شریعت نے عدالت کو مجاز قرار دیا ہے کہ وہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فسخِ  نکاح کا فیصلہ صادر کرسکتی ہے اگرچہ عدالت کی جانب سے شوہر کو بلاوا بھیجنے پر بھی وہ عدالت حاضر نہ ہوا ہو، جس کے نتیجہ میں ایک طلاقِ بائن واقع ہوجائے گی اور شوہر کو رجوع کا حق نہ ہوگا، عدت مکمل ہونے کے بعد عورت آزاد ہوگی۔

باقی شوہر کے حاضر نہ ہونے پر اگر عدالت یک طرفہ طور پر خلع کا فیصلہ صادر کردیتی ہے تو ایسا خلع شرعاً معتبر نہ ہوگا۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"إزَالَةُ مِلْكِ النِّكَاحِ بِبَدَلٍ بِلَفْظِ الْخُلْعِ، كَذَا فِي فَتْحِ الْقَدِيرِ". (الْبَابُ الثَّامِنُ فِي الْخُلْعِ وَمَا فِي حُكْمِهِ وَفِيهِ ثَلَاثَةُ فُصُولٍ، الْفَصْلُ الْأَوَّلُ فِي شَرَائِطِ الْخُلْعِ وَحُكْمِهِ وَمَا يَتَعَلَّقُ بِهِ، ١ / ٤٨٨) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012200705

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں