بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق معلق سے بچنا ممکن نہیں


سوال

( 1) مجھے کچھ پیسوں کی ضرورت تھی میں نے اپنی والدہ محترمہ سے مانگے ، انہوں نے نہیں دیے، غصے میں تکرار پر میں نے ان کو کہا: اللہ کی قسم میں اگر اپنی کمائی میں سے آپ کو پیسے دوں گا مجھ پر میری بیوی طلاق ہے ۔ اب میری والدہ بہت بیمار رہتی ہیں اور گھر میں واحد کفیل ہوں، اب میں قسم توڑنا چاہتا ہوں اس کا حل بتا دیں۔

(2) دوسری مرتبہ پھر یہ کہا : اگر میں اپنے والد صاحب کی جائیداد میں سے حصہ لوں، مجھ پر میری بیوی طلاق ہے۔ اور والدین زندہ ہیں، ایک چھوٹا بھائی اور چار بہنیں ہیں، بہنیں اور بھائی سب شادی شدہ ہیں، اور میں ابھی بھی اپنے والدین کے ساتھ رہ رہا ہوں، ان دونوں مسئلوں کے بارے میں کچھ بتا دیں، آپ کی عین نوازش ہوگی۔

جواب

١ ) صورتِ مسئولہ میں اگر آپ براہِ راست اپنی والدہ کو کچھ  رقم دیں گے تو  مذکورہ الفاظ کی وجہ سے آپ کی بیوی پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہو جائے گی جس کے بعد  آپ کو رجوع کا حق حاصل ہوگا ۔ تاہم اگر  آپ براہِ راست اپنی والدہ کو رقم نہیں دیتے، بلکہ رقم کا مالک کسی اور فرد کو بنا دیتے ہیں اور وہ اپنی مرضی سے  رقم آپ کی والدہ کو دے دیتا ہے تو اس صورت میں آپ کی بیوی کو طلاق نہیں ہوگی۔

٢)  مسئولہ صورت میں فی الحال والدصاحب کے ساتھ رہنے کی وجہ سے آپ کی بیوی پر طلاق واقع نہیں ہوگی، البتہ اگر  آپ اپنے  والد کی جائیداد  سے حصہ لیں گے تو  حصہ لیتے ہی آپ کی بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہو جائے گی، تاہم عدت کے دوران اپنی بیوی سے رجوع کرنے کا شرعاً حق حاصل ہوگا ، اور عدت کے دوران رجوع نہ کرنے کی صورت میں عدت مکمل ہوتے ہی آپ کی بیوی بائنہ(آپ کے نکاح سےآزاد) ہو جائے گی، البتہ باہمی رضامندی سے نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرنا جائز ہوگا۔

فتاوی ہندیہ" میں ہے:

"وإذا  أضافه  الی الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقاً ". ( ١/٤٢٠ ط :  رشیدیه)

سائل کو چاہیے کہ گفتگو کے دوران احتیاط کرے، اور آئندہ طلاق کے الفاظ سے ہرگز استعمال نہ کرے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143905200026

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں