بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق دیتا ہوں، طلاق کی نیت کا اظہار


سوال

اپنے سسرال والوں کے ساتھ،ایک دن میں اپنی والدہ سے،اس بارے میں باتیں کر رہا تھا، گفتگو کے دوران میں نے اپنی والدہ سے پنجابی  میں کہا کہ:"فر میں اس طرا ں کرنا واں ،کہ اس کی طلاق دے چھڑنا ؟،( اردو ترجمہ :پھر میں ایسا کرتا ہوں اس کو طلاق دے دیتا ہوں ؟) میں نے طلاق دی نہیں ،بلکہ یہ کہا ہے کہ اس کو دے دیتا ہوں ،مطلب یہ  تھا کہ ان مسا ئل کا حل یہی ہے ،اس پر میری والدہ نے کہا کہ ایسا نہ کرنا ، لیکن بعد میں مجھے شک گزرا  کہ کہیں ان الفاظ سے کچھ نقصان تو نہیں ہو گیا ؟

میری نیت ان الفاظ سے یہ تھی کہ اب اس کا حل یہ ہے کہ میں اس کو (اپنی بیوی) کو طلاق دے دیتا ہوں ، ان الفاظ میں نے طلاق دینے کے ارادے کا اظہار کیا ہے ، یہ اسی طرح ہی ہے جیسے کوئی کہے : جب گھر کہ دروازے پر دستک ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے "میں جاتا ہوں"،لیکن ابھی گیا نہیں ہوتا ، اس سے ارادے کا اظہار ہوتا ہے کہ میں چلا جاتا ہوں ،لیکن ابھی گیا نہیں ہوتا! میں یہ چیز دے دیتا ہوں، لیکن ابھی دی نہیں ہوتی ، سوال :کیا ان الفاظ سے میری بیوی کو طلاق واقع ہوگئی ہے ؟وضاحت کر دیں۔

جواب

اگر واقعۃ سائل نے اپنی والدہ سے اپنی بیوی کے بارے میں یہ کہا کہ "پھر میں ایسا کرتا ہوں اس کو طلاق دے دیتا ہوں" اور اس سے طلاق دینا مقصد نہیں ، بلکہ طلاق دینے کی نیت کا اظہار کرنا تھا تو اس ے سائل کی بیوی پر طلاق واقع نہیں ہوئی۔

فتاوی شامی میں ہے:

بخلاف قوله طلقي نفسك فقالت أنا طالق أو أنا أطلق نفسي لم يقع لأنه وعد جوهرة

(كتاب الطلاق، باب تفويض الطلاق ۳/ ۳۱۹ ط: سعيد)

کفایت المفتی  میں ہے:

"اگر زید اقرار کرے کہ اس نے لفظ'دیتا ہوں' اس نیت سے کہا تھا کہ میں نے طلاق دی تو اس کی بیوی پر طلاق مغلظ پڑگئی ، لیکن اگر وہ یہ کہے کہ 'طلاق دیتا ہوں' سے مراد یہ تھی کہ طلاق دینے کا ارادہ تھا تو طلاق نہ ہوگی۔"(کفایت المفتی ، کتاب الطلاق 6 / 80 ط: دار الاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004201266

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں