بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سبق یاد نہ ہو یا سمجھ نہ آئے تو اس کے لیے کیا کیا جائے؟


سوال

اگر ہم کو سبق یاد  نہ ہوتا ہو یا سمجھ نہ آئے تو کیا کرنا چاہیے؟

جواب

حافظہ کی تیزی میں زیادہ کردار اوراد و وظائف کے بجائے گناہوں سے اجتناب اور یک سوئی کا ہوتا ہے، گناہوں سے حافظہ کم زور ہوتا ہے؛ اس لیے ہر طرح کے گناہ سے بچنے کا اہتمام نہایت ضروری ہے،  دوسری چیز جس کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے وہ یک سوئی ہے، تعلیم کے دوران ایسی کوئی بھی مشغولیت جو  توجہ تقسیم یا منتشر کردے  (مثلاً موبائل وغیرہ ) حافظہ کو غیر معمولی طور پر متاثر کرتی ہے۔

ہمارے اکابر سےذہانت کی تقویت کے اسباب سے متعلق یہ بھی منقول ہے کہ نہار منہ کشمش اور بادام کااستعمال حافظہ کے لیے مفید ہے، مسواک کا پنج گانہ نماز سے پہلے وضو میں استعمال اور کثرتِ تلاوتِ قرآن مجید  و استغفار سے باطن روشن ہوتا ہے، جو قوتِ حافظہ کا باعث ہے۔حصولِ علم میں مسلسل محنت ، بلاعذر ناغہ نہ کرنا قوتِ حافظہ کے لیے اچھے اعمال ہیں۔

 حافظہ اور ذہانت پر کم نیند اور بے خوابی زہر کا اثر کرتی ہے، اس سے ذہنی الجھن پیدا ہوتی ہے، لہٰذا  نیند پوری کرنے کے اہتمام کے ساتھ دوپہر کے اوقات میں قیلولہ کی عادت ڈالیں، اس سے ذہن بیدار رہنے کے ساتھ حافظہ بھی اچھا ہوتاہے۔

ان اسباب کو اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ سبق یاد کرنے کے لیے محنت بھی کریں، سبق سمجھ نہ آئے تو استاذ سے احترام سے درخواست کرکے دوبارہ سمجھنے کی کوشش کریں، ورنہ کلاس کے ذی استعداد طالب علم کے ساتھ تکرار کی ترتیب بنائیں، اور سبق سے پہلے سبق کا مطالعہ کرکے جائیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا بھی مانگتے رہیں،  اور   ہر نماز کے بعد وہ اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر گیارہ مرتبہ  يَا قَوِيُّ  پڑھنے کا اہتمام کریں، فجر اور مغرب کی نماز کے بعد سات سات مرتبہ  ’’رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ وَيَسِّرْلِيْ أَمْرِيْ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِيْ يَفْقَهُوْا قَوْلِيْ، رَبِّ زِدْنِيْ عِلْماً‘‘ پڑھیں، اور جس وقت سبق یاد کرنے بیٹھے تو پرسکون ماحول میں بیٹھیں جہاں ذہنی انتشار کے اسباب نہ ہوں اور یاد کرنے سے پہلے تین تین بار ’’رَبِّ زِدْنِيْ عِلْمَا‘‘ اور ’’رَبِّ يَسِّرْ وَ لاَ تُعَسِّرْ وَ تَمِّمٍ بِالْخَيْرِ‘‘ پڑھنے کا اہتمام کر یں ،اللہ کی ذات سے امید ہے کہ فائدہ ہوگا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201904

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں