بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

میاں بیوی کے اموال کو جمع کرکے کل پر زکاۃ نکالنا


سوال

میری بیوی کی ملکیت میں سونے کا زیور ہے جو نصاب کی مقدار سے زیادہ ہے۔اس کے علاوہ میرے پاس نقدی وغیرہ ہے جو چاندی کے نصاب کو پہنچ جاتی ہے۔ میں زکاۃ  کا حساب اس طرح لگاتا ہوں کہ سونے کی کل قیمت،  بیوی کے پاس نقدی اور میرے پاس جو نقدی وغیرہ ہے سب کو جمع کر کے پوری رقم پر زکاۃ  نکالتا ہوں۔ کیا اس طرح دونوں کی زکاۃ  کا اکٹھا حساب لگانا ٹھیک ہے یا مجھے دونوں کا الگ الگ حساب کرنا ہو گا؟

جواب

واضح رہے کہ زکوۃ کا حساب لگانے کے لیے ضروری ہے کہ جس شخص کے مال کی زکاۃ  نکالی جا رہی ہو اس کا صاحبِ نصاب بننے کا دن اور تاریخ معلوم کی جائے اور جس دن وہ صاحبِ نصاب بنا تھا، اسی  دن کے ایک اسلامی (قمری) سال بعد اس کی املاک کو شمار کیا جائے اور  جتنا مال اس کی ملکیت میں ہو  اس کا حساب کر کے اس کی زکاۃ ادا کی جائے۔ دن متعین کرنا اس لیے ضروری ہے کہ انسان کی ملکیت آئے روز تبدیل ہوتی ہے، اور ملکیت میں کمی بیشی کی وجہ سے زکاۃ کی مقدار میں بھی کمی بیشی ہوگی۔

لہذا آپ اپنے اور اپنی اہلیہ کے صاحبِ نصاب بننے کی  تاریخ معلوم کریں، (جو بظاہر جدا جدا ہوگی، پھر) اسی تاریخ  کو اپنی اپنی زکاۃ کا حساب کر لیا کریں۔

اگر تاریخ معلوم نہ ہو سکے تو غور و فکر کر کے ایک دن طے کر لیں اور ہر سال اُسی دن زکاۃ  کا حساب لگا لیا کریں اور ایسی صورت میں دونوں کا  حساب ایک دن بھی کیا جا سکتا ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200968

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں