بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رزق میں برکت کی دعا/ خواب میں پانی، کتا اور چیتا دیکھنا


سوال

1- میں گزشتہ بارہ برس سے جدہ شہر میں نوکری کرتا تھا اور اپنی فیملی کے ساتھ اللہ کی طرف سے عطا کی گئیں تمام نعمتوں کے ساتھ خوش زندگی گزار رہا تھا۔ رواں سال میں سعودی عرب کے نوکریوں کے حالات خراب ہونے کے باعث میں نے کینیڈا کی امیگریشن کا کیس اپلائی کردیا، اور جنوری میں فیملی کے ساتھ مکمل طور پر مزید اچھے مستقبل کے حصول کے لیے رہائش پذیر ہوگیا۔ میں آڈٹ کے پیشہ سے منسلک ہوں اور مجھے مسلسل نئی نوکریوں کی پیشکش آتی رہی  ہیں،  مگر کینیڈا آنے کے بعد میرے بہت اچھے انٹرویو ہوتے ہیں اور میرے تعلیم و تجربے کو باقاعدہ سراہا جاتا ہے،  مگر آخر میں بغیر وجہ بتائے نوکری دینے سے معذرت کرلی جاتی ہے۔ میرے جس کام میں پیسہ آنا ہو یا لگایا ہوا ہو ایک ایک کرکے وہ تمام راستے مکمل بند ہوگئے ہیں۔ میرے گھر میں مجھ سمیت تمام افراد نماز کے  پابند ہیں اور باقاعدہ اللہ کے ناموں کی تسبیحات اور قرآن بھی پڑھا جاتا ہے، اور ابھی تک اللہ پر یقینِ کامل ہے جو ہمیشہ پختہ رہے گا۔  آپ سے گزارش ہے کہ کوئی خاص آیت یا دعا سے راہ نمائی فرمادیں۔

2-  میں مسلسل تین دن سے خواب دیکھ رہاہوں۔ پہلے دن دیکھا کہ میرے گھر کی چھت کے ایک کونے سے پانی بہہ کر نیچے آرہا ہے اور پانی صاف ہے۔  دوسرے روز خواب میں دیکھا کہ ایک کُتا میرے پیچھے پڑا ہے اور میرے بائیں ہاتھ پر کاٹ لیا ہے۔  تیسرے روز خواب میں دیکھا کہ چیتا میرے پیچھے پڑا ہے اور جان بچانے کے لیے میں ایک پول پر چڑھ گیا ہوں۔

جواب

1- روزگار میسر ہونے اور بے روزگاری سے چھٹکارے کے لیے نمازوں کی پابندی، استغفار کی کثرت اور تلاوت وذکر کے اہتمام کے ساتھ ساتھ بقدرِ وسعت صدقہ دیا کریں،  نیز حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھولپوری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ حضرت حاجی امداد اللہ رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ جو شخص صبح کو ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کرے وہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہے گا اور فرمایا کہ بہت مجرب عمل ہے ،آیت یہ ہے:

{ اللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ} [الشوری: ۱۹] (معارف القرآن:جلد ۷ صفحہ ۶۸۷)

2- آپ نے جو تین مختلف خواب دیکھے ہیں ان میں سے پہلے کی خواب کی تعبیر یہ ہے کہ پانی علم کی علامت ہے اور پانی کا  صاف ہونا اچھے علم کی علامت ہے۔  دوسرے خواب سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی ہمشیرہ بے پردگی وغیرہ میں مبتلا ہے اور اس کی طرف سے بدنامی کا خدشہ ہے۔ تیسرے خواب کی تعبیر یہ ہے شاید آپ اللہ والوں  کی صحبت سے دور رہتے ہیں،دوری ختم کیجیے اور قرب اختیار کیجیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010201256

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں