بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

دکان دار کا دفتر کے ملازم کو خریداری کرنے پر اصل بل سے زیادہ کا بل بناکر دینے کا حکم


سوال

  کوئی آدمی کسی دکان پہ جا کر 10 روپے کی چیز خرید کر 15 یا اس سے زیادہ کا بل بنواتا ہے ۔ اور وہ کہتا ہے کہ مجھے میری کمپنی یا سیٹھ کرایہ نہیں دیتا یا وہ کہتا ہے کہ میری تنخواہ کم ہے گزارا نہیں ہوتا تو دوکان دار زیادہ کا بل بنا کر اس کو دےدیتا ہے؛ کیوں کہ مارکٹ میں کمپٹیشن بہت ہے، گاہک کسی اور کے پاس چلا جائےگا ۔ اس صورتِ حال میں دوکان دار کا زیادہ بل بناکر اس کو دینا جائز ہے یا نہیں؟ دوکان دارکی کمائی حرام ہوئی یا نہیں؟ یا دوکان دار گناہ گار ہوگا یا نہیں؟ اللہ کے ہاں جواب دہ ہوگا یا نہیں؟

جواب

کسی کمپنی یا شخص کا ملازم جو کمپنی یا شخص کے لیے کوئی چیز خریدتا ہے تو اس ملازم کی حیثیت وکیل کی ہوتی ہے، اور وکالت کی بنیاد امانت پر ہوتی ہے، چنانچہ وکیل اپنے موکل کے لیے جو چیز جتنے روپے کی خریدے گا اتنے ہی پیسے اپنے موکل سے لے سکتا ہے،  اس سے زیادہ پیسے بتاکر لینا جھوٹ اور خیانت پر مبنی ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے، ملازم کو تو اپنے کام کی تنخواہ ملتی ہے،  اس  لیے اس کا تو ویسے بھی کمیشن یا اجرت لینے کا کوئی حق نہیں بنتا ہے، لیکن اگر اسے اپنی تنخواہ کم لگتی ہو تو وہ مالک سے پہلے سے طے کرلے کہ میں اگر باہر سے یہ سامان لینے جاؤں گا تو اتنا کرایہ یا اجرت لوں گا، ایسا کرنا جائز ہے، لیکن بغیر کچھ طے کیے زیادہ بل بنواکر دھوکے اور جھوٹ کے ذریعہ سے زیادہ پیسے وصول کرنا جائز نہیں ہے اوردوکان دار کا زیادہ کا بل بناکر دینا بھی ناجائز ہے۔

چوں کہ ملازم کا زیادہ بل بنواکر زیادہ پیسے لینا ناجائز اور گناہ کا کام ہے، اس  لیے دکان دار کا اس کے لیے اصل بل سے زیادہ کا بل بناکر اس کو دینا بھی ناجائز اور گناہ کا کام ہے، کیوں کہ یہ گناہ کے کام میں معاونت ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں  نیکی اور تقوی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرنے اور گناہ کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرنے کا حکم فرمایا ہے۔  اگر دکان دار اصل مقدار سے زیادہ پیسوں کا بل بناکر ملازم کو دیتا ہے تو اس سے اس کی کمائی تو حرام نہیں ہوگی، لیکن چوں کہ یہ گناہ کے کام میں معاونت ہے،  اس لیے ایسا کرنے سے دکان دار  گناہ گار بھی ہوگا اور اللہ تعالیٰ کے یہاں جواب دہ بھی ہوگا، لہٰذا اسے اس طرح کے کاموں سے بچنا چاہیے۔

درر الحکام في شرح مجلة الأحکاممیں ہے:

"(إذا شرطت الأجرة في الوكالة وأوفاها الوكيل استحق الأجرة، وإن لم تشترط ولم يكن الوكيل ممن يخدم بالأجرة كان متبرعاً. فليس له أن يطالب بالأجرة) يستحق في الإجارة الصحيحة الأجرة المسمى. وفي الفاسدة أجر المثل ... لكن إذا لم يشترط في الوكالة أجرة ولم يكن الوكيل ممن يخدم بالأجرة كان متبرعاً، وليس له أن يطلب أجرة. أما إذا كان ممن يخدم بالأجرة يأخذ أجر المثل ولو لم تشترط له أجرة". (الکتاب الحادي عشر: الوکالة، الباب الثالث، الفصل الأول، المادة:۱۴۶۷ ،ج:۳؍۵۷۳،ط:دارالجیل) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012200508

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں