بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دورانِ نماز دانوں سے خون نکلنا


سوال

میرے چہرے پر بہت سارے دانے ہیں، اکثر نماز میں ان سے خون نکلتاہے، اس حال میں نماز توڑدوں یا نہیں؟

جواب

اگر نماز کے دوران دانوں سے خون نکل کر ٹپک جائے یا اپنے مقام سے بہہ کر اس جگہ تک پہنچ جائے  جس کا دھونا وضو یا غسل میں فرض یا واجب ہے تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، دورانِ  نماز ایسا ہونے سے نماز بھی فاسد ہوجائے گی اور دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھنا لازم ہوگا۔

اگر دانوں  سےخون مسلسل بہتاہو اور ایک نماز کا مکمل وقت اس طرح گزر جائے کہ وضو سے فراغت کے بعد  خون  نکلے بغیر فرض نماز پڑھنےکابھی موقع نہ ملے تو اس صورت میں آپ معذورکہلائیں گے،اورمعذوری اس وقت تک شمار ہوگی جب تک ایک نماز کےمکمل وقت میں ایک دفعہ بھی یہ عذر  پایا جائے۔ایسی صورت میں آپ ایک نماز کے وقت میں ایک دفعہ وضو کرکے پھر اس وضو سے اس نماز کے وقت کے ختم ہونے تک جس قدر فرائض ونوافل چاہیں ادا کرسکتے ہیں، اور وقت کے ختم ہوتے ہی  وضوٹوٹ جائے گا، دوسری نماز کے لیے دوبارہ وضو کرنا پڑے گا ۔ اوراگر خون اس قدر مسلسل نہیں بہتا تو  شرعی معذور نہ ہونے کی بنا پر ہر مرتبہ وضو ٹوٹنے کے بعد دوبارہ وضو کرنا لازم ہوگا۔جیساکہ اوپر لکھ د یاگیاہے۔(فتاوی شامی 1/134)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200119

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں