بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

دعا میں یہ کہنا کہ میرامرض فلاں کو لگ جائے


سوال

 اگر کوئی شخص یہ بات کہے کہ ’’اللہ تو مجھے شفا عطا فرما، اور میرا یہ درد فلاں انسان مثلاً کسی حکم ران یا کسی قادیانی یا کسی بھی درخت وغیرہ کو لگا دے‘‘  تو اس شخص کا ایسا کہنا درست ہے یا غلط ہے؟ 

جواب

اگر مذکورہ جملوں میں کسی ظالم بے دین حکم ران کو بد دعا دینا مقصود ہو یا کسی بد عقیدہ شخص کو بد دعا دینا مقصود ہو تو ایسی صورت میں مذکورہ جملے استعمال کرنا درست ہو گا۔ صحیح بخاری میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب مدینہ منورہ ہجرت کرکے تشریف لائے تو مدینہ منورہ کی فضا وبا آلود تھی، مہاجرین صحابہ کو بخار نے گھیر لیا، حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے پاس ان کی خبرگیری کے لیے آئی (اس وقت تک پردے کا حکم نہیں آیا تھا، اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے آزاد کردہ غلام تھے، اس لیے وہ ساتھ ہی تھے) اور دونوں کا حال پوچھا تو دونوں حضرات نے کچھ اشعار پڑھے، جن میں مدینہ کے بخار کی تکلیف اور مکہ مکرمہ کی یاد اور اظہارِ غم کے جذبات تھے، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ ﷺ کو جاکر خبر دی تو رحمۃ للعالمین ﷺ نے ان کی صحت کے لیے بھی دعا فرمائی اور فرمایا: اے اللہ! مدینہ منورہ کے مد اور صاع میں برکت عطا فرما اور اس کے بخار کو جحفہ میں منتقل فرمادے۔ (بخاری)

’’جحفہ‘‘ مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک مقام ہے، جو مکہ کے زیادہ قریب ہے، اس زمانے میں یہ مشرکین کا مرکز تھا، وہ یہاں جمع ہوتے تھے اور رسول اللہ ﷺ اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں کیا کرتے تھے، آپ ﷺ نے مدینہ کی فضا کے وبا سے پاک صاف ہونے کی دعا کے ساتھ اس وبا کو کفار کی طرف پھیرنے کی دعا فرمائی، اس لیے اگر بطورِ بددعا مذکورہ الفاظ استعمال کیے جائیں تو اجازت ہوگی، تاہم اس صورت میں بھی متعین زندہ شخص کا نام لیے بغیر کفار وغیرہ کے لیے عمومی الفاظ میں بددعا کردی جائے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004200430

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں