بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حسین بن منصور حلّاج کو پھانسی کیوں دی گئی؟


سوال

شاہ منصور کو پھانسی کیوں دی گئی؟ کیا انہوں نے کوئی شرک کیا؟

جواب

’’حسین بن منصور الحلّاج‘‘  فارس کی بستی طور میں پیدا ہونے والے ایک مشہور صوفی ہیں، اکابرِ دیوبند  کے نزدیک ان پر کفر کا فتوی دینا بے جا ہے، وہ اولیاء اللہ میں سے تھے، البتہ مغلوب الحال تھے؛ اس لیے معذور تھے۔ اُس وقت دفعِ فتنہ کے لیے انہیں قتل کیا گیا۔ 

مفتی رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں:

’’منصور معذور تھے، بے ہوش ہوگئے تھے،  ان پر فتویٰ کفر کا دینا  بے جا ہے،  ان کے باب میں سکوت چاہیے،  اس وقت دفعِ  فتنہ کے واسطے قتل کرنا ضرور تھا‘‘۔ (فتاوی رشیدیہ)

ایک اور سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:

” بندہ کے نزدیک وہ ولی تھے۔۔.‘‘ الخ (ایضا)

حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :

”میری رائے ابن منصور سے متعلق یہ ہے کہ وہ اہلِ باطل میں سے  تو نہیں، اور ایسے اقوال (اور احوال جن سے ان کا صاحبِ باطل ہونے کا وہم ہوتا ہے) یا غلط ہیں، یا مؤول ہیں، یا قبل الدخول فی الطریق ایسے حالات ہوں،  مگر اس کے ساتھ ہی کاملین میں سے نہیں ، مغلوب الحال ہیں، اس لیے معذور ہیں“.  (القول المنصور،  ص88،ط: مکتبہ دارالعلوم)

 ان کے عقائد، ان کے اقوال اور ان کی تاویلات، ان پر کفر کا فتوی اور اس کے عوامل  اور علماء کی اس بابت آراء چوں کہ ایک تفصیل طلب اور انتہائی دقیق موضوع ہے، جو یہاں تفصیل کا متحمل نہیں ہے، ان تمام چیزوں کی کماحقہ تفصیل کے لیے حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی ایماء پر   حضرت مولانا ظفر احمد عثمانی رحمہ اللہ کی لکھی ہوئی  کتاب” القول المنصور فی ابن منصور۔ المعروف ب سیرت منصور حلّاج“ کا مطالعہ کیا جائے، یہ بازار میں دست یاب ہے، اور اس میں اس مسئلہ سے متعلق مکمل تفصیل ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144103200469

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں