بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جہیز میں ملا ہوا سامان اور لڑکے والوں کی طرف سے بطور تحفہ ملنے والے سونے کا حکم


سوال

میرے شوہر نے مجھے شادی کے پہلے سال میں ہی طلاق دے دی ہے، لیکن وہ میرے جہیز کا سامان نہیں دے رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ پہلے سونا (جومجھے ولیمہ کے دن سلامی (تحفہ) کے طور پر ملا تھا)  واپس کرو ، پھر میں جہیز واپس کروں گا، جب کہ شادی کے بعد وہ سونا ساس نے مجھے دے دیا تھا کہ یہ اب تمہارا ہی ہے، اور مجھ سے یہ بھی کہا جاتا تھا کہ اس کی زکات بھی خود نکالو،  ورنہ اس سونے میں سے کچھ بیچ کر زکات ادا کرنا، تو کیا وہ سونا میرا ہے یا میں اپنے شوہر کو دے دوں ؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں جہیز  جو آپ کے گھر والوں نے آپ کو دیا ہے وہ تو آپ کی ملکیت ہے، آپ کے سابقہ شوہر کو وہ جہیز کا سامان آپ کو واپس کردینا چاہیے، جو سونا  نکاح کے بعد شوہر یا اس کے گھر والوں کی طرف سے آپ کو دیا گیا تھا اس کا حکم یہ ہے کہ  جو  اگر وہ سونا  تحفہ کی صراحت کے ساتھ دیا گیا تھا تو اس صورت میں اس پر لڑکی کی ملکیت ہوگی، واپسی کے مطالبہ کا اختیار نہ ہوگا، اور اگر دیتے وقت فقط استعمال کے لیے دینے کی صراحت کی گئی ہو تو اس صورت میں لڑکے والوں کو طلاق کے وقت مذکورہ سونے کا مطالبہ کرنے کی اجازت ہوگی.اور اگر سونا دیتے وقت کسی بات کی تصریح نہ کی گئی ہو تو ایسی صورت میں لڑکے کے خاندان کے عرف کا اعتبار ہوگا، پس اگر جدائی کی صورت میں لڑکے کے گھرانے میں سونا واپس کرنے  اور لینے کا رواج ہو تو اسی کے مطابق عمل کیا جائے گا،  تاہم اگر لڑکے کے خاندان میں اس حوالے سے کوئی رواج نہ ہو تو عرف عام کا اعتبار کرتے ہوئے سونے کو لڑکی کی ملکیت قرار دیا جائے گا اور لڑکے والوں کو مطالبہ کی اجازت نہ ہوگی۔ 

مذکورہ صورت میں اگر واقعۃً  آپ کی ساس نے آپ کو یہ کہہ کر وہ سونا دے دیا تھا کہ اب یہ تمہارا ہی ہے اور یہ بھی کہا تھا کہ اس کی زکات تمہیں ہی ادا کرنی ہے تو پھر یہ سونا آپ کی ملکیت ہے، سابقہ شوہر کو اس کے مطالبے کا حق نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144106201130

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں