بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تیجہ و چالیسویں میں شرکت اور شرکت کرنے والے شخص کی اقتدا کا حکم


سوال

ہمارے پنجاب میں بالخصوص اور ملک بھر میں بالعموم ہمارے اہل سنت والجماعت دیوبند کے واعظین اور مقررین بدعات اور رسومات والی محافل جیسا کہ ختم قل خوانی تیجہ، ساتواں، چالیسواں وغیرہ میں شرکت کرتے ہیں، کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہے؟  اور یہ بھی کہ ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا درست ہے؟

جواب

ایصالِ ثواب (تلاوت کا ہو یا دیگر نیک اعمال کا) وقت اور جگہ کی تعیین و تخصیص کے بغیر، ہر وقت اور ہر موقعہ پر کرنا جائز ہے، اور میت کو اس کا فائدہ پہنچتا ہے،  لیکن اس کے لیے تیسرے دن، ساتویں اور چالیسویں دن، اور سال کی تخصیص کرنا شرعاً  ثابت نہیں ہے، نیز موجودہ زمانہ میں تیجہ، چالیسواں اور برسی یا عرس میں اور بھی کئی مفاسد پائے جاتے ہیں؛ لہذا  یہ بدعت اور ناجائز ہے۔

اگر کوئی شخص دن اور تاریخ کی تخصیص نہیں کرتا اور نہ ہی وہاں ایسا عرف ہے، اور اس کو لازم اور ضروری نہیں سمجھتا،  بلکہ کبھی ایک آد ھ  بار کرلیتا ہے تو اس کی گنجائش ہوگی، لیکن آج کل عوام الناس نے ان دنوں کی تعیین کی ہوئی ہے، ہر میت پر اور ہر سال اس کا اہتمام خود اس کی تعیین کی دلیل ہے، پھر اس میں بسا اوقات مخلوط اجتماعات ہوتے ہیں، اور بسا اوقات پیسے دے کر قرآن خوانی کرائی جاتی ہے، یہ سب امور ناجائز ہیں، لہذا اس سے اجتناب ضروری ہے۔

چوں کہ تیجہ و چالیسواں بدعت اور ناجائز ہے؛ اس لیے اسے جائز سمجھتے ہوئے اس میں شریک ہونے والا گناہ گار ہے اور بدعتی ہے، نیز بدعتی امام کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی ہے؛  اس لیے کسی صالح اور متبعِ سنت امام کے پیچھے نماز پڑھنا لازم ہے۔البتہ اگر کہیں اور باجماعت نماز کا موقع میسر نہ ہو تو مذکورہ امام کی اقتدا میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنااکیلے نماز پڑھنے سے بہتر ہے، اسی طرح اگر کوئی دوسرا امام میسر ہونے کے باوجود اس کی اقتدا میں نماز ادا کی تو نماز کراہت کے ساتھ ادا ہوجائے گی، اس کا اعادہ لازم نہیں ہوگا۔ فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144106201308

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں