بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تعلیق طلاق کی ایک صورت


سوال

میرا نکاح ہو چکا ہے، لیکن ابھی رخصتی نہیں ہوئی،  گھر کی بالائی منزل پر میری رہائش کا نیا مکان تعمیر ہوا ہے،  میرے بھائی مجھے کہتے ہیں، تو نے اتنا خرچہ کروا دیا ہے، اگر تو اتنا غیرت مند ہے تو اوپر نہ رہنا اس پر میں نے غصے میں آ کر یہ الفاظ کہے ہیں: 

 • اگر میری رخصتی اوپر ہو تو میری بیوی کو تین طلاق

 • اگر میری بیوی اوپر رہے تو اس کو تین طلاق

پوچھنا یہ ہے کہ:

1۔ کیا ان الفاظ کے کہنے سے اب بالائی منزل پر رہنے سے میری بیوی کو طلاق واقع ہو جائے گی ؟

2۔اگر رخصتی کہیں اور کروا لی جائے اور بعد میں رہائش بالائی منزل میں رکھ لی جائے  تو  کیا حکم ہے؟

 3۔ کیا اوپر والی منزل پر ایک رات قیام بھی نہیں کیا جاسکتا ؟

4۔ اگر میں دوسرا نکاح کرتا ہوں، تو  کیا ان الفاظ کا اثر دوسری بیوی پر بھی ہوگا ؟یا صرف اس بیوی پر جو ابھی میری منکوحہ ہے؟

5۔ کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے اور  میں بالائی منزل میں اپنی گھر والی کے ساتھ رہ سکوں ؟

جواب

1۔ جب آپ نے یہ کہا کہ ’’اگر میری رخصتی اوپر ہو تو میری بیوی کو تین طلاق، اگر میری بیوی اوپر رہے  تو اس کو تین طلاق‘‘   تواگر آپ کی رخصتی مذکورہ بالائی منزل پر  ہو یا آپ کی بیوی مذکورہ بالائی منزل پر رہے تو جب بھی پہلی دفعہ نکاح کے بعد رخصتی بالائی منزل پر ہو یا آپ  کی بیوی وہاں رہے تو بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوجائیں گی۔

2۔ اگر رخصتی کہیں اور کروا لی جائے اور بعد میں بیوی بالائی منزل میں رہے   تب بھی تینوں طلاقیں واقع ہوجائیں گی۔

3۔ اگر آپ کی بیوی اوپر والی منزل پر ایک رات بھی قیام کرےتو تینوں طلاقیں واقع ہوجائیں گی۔

4۔ اگر آپ دوسرا نکاح کرتے ہیں اور اوپروالی منزل میں رخصتی ہو تب تو تینوں طلاقیں واقع ہوجائیں گی، لیکن اگر رخصتی کہیں اور ہو اور آپ کی دوسری بیوی   اوپر منزل پر  رہائش اختیار کرے تو طلاق واقع نہیں ہوگی، بشرطیکہ  مذکورہ شرط میں بیوی سے آپ کی مراد آپ کی مذکورہ منکوحہ ہو ۔

5۔ ’’اگر میری بیوی اوپر رہے تو اس کو تین طلاق‘‘ ، جملے میں بیوی سے مرادآپ کی  منکوحہ ہے تو اسے ایک طلاق دے دی جائے، اگر  دونوں تنہائی میں نہیں ملے تو طلاق کے بعد، ورنہ عدت کے بعد آپ کی منکوحہ اوپر بالائی منزل میں رہائش اختیار کر لے اور پھر اس کے بعددونوں  دوبارہ نکاح کرلیں اور رخصتی مذکورہ بالائی منزل میں نہ ہو تو دوبارہ  اوپر رہنے کی وجہ سے طلاق نہیں ہوگی،البتہ آئندہ کے لیے دو طلاقوں کا حق حاصل ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144001200594

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں