بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

بیمار کے لیے وظیفہ


سوال

میں اپنی والدہ کے متعلق وظیفہ پوچھنا چاہتا ہوں، وہ آئے دن بیمار رہتی ہیں، پہلے پتھری کا مسئلہ تھا، 4، 5 سال تک اس کی تکلیف میں رہیں، پتے کا آپریشن کروایا، کچھ دن ٹھیک رہیں، پھر بیمار رہنے لگی ہیں، بہت تکلیف میں ہیں، پوری پوری رات نہیں سو پاتیں، کمر میں درد، پیٹ میں درد، پاؤں میں درد، نماز پڑھنے کا دل بھی نہیں کرتا، نماز پڑھنے کی بہت کوشش کرتی ہیں، لیکن پڑھتے پڑھتے سر درد، بے چینی ہونے لگتی ہے، برائے مہربانی کوئی وظیفہ بتا دیں!

جواب

اعمال پر ثابت قدمی کے لیے سب سے بنیادی اور اہم چیز انسان کا عزم ہے، اور پھر موافق ماحول، اس لیے عبادات اور اعمال کے لیے کسی وظیفے کی ضرورت نہیں، بس پختہ عزم اور پھر جہدِ مسلسل کی ضرورت ہے، اصلاحی مواعظ سننا اور پڑھنا اس میں ممد ومعاون ہوگا، نماز پڑھنے میں دل لگے یا نہیں، تلاوت میں لذت محسوس ہو یا نہیں، ہم ان اعمال کے پابند ہیں، مسلمان نیک اعمال رب کریم کی رضا کے لیے کرتاہے، خواہ اس میں لذت آئے یا نہ آئے، دل لگے یا نہیں۔ اس لیے پہلا کام تو یہ کیجیے کہ والدہ کے ادب کا پاس رکھتے ہوئے انہیں نماز اور تلاوت کی پابندی کا ماحوال میسر کروائیے۔

باقی بیماری کا علاج جیسے دوا سے ہوتاہے اسی طرح مسنون دعاؤں اور کلمات سے بھی اللہ تعالیٰ بیماریوں کو ٹالتے ہیں، علاج کے لیے درج ذیل امور پر عمل کیجیے:

1۔ صدقہ کرنا بہترین علاج ہے، حدیث شریف میں آتا ہے کہ اپنے مریضوں کا علاج  صدقہ سے کیا  کرو، صدقہ بیماری کو دور کرتا ہے۔ اس لیے حسبِ توفیق صدقہ ادا کرتے رہیں۔

جامع الأحاديث (11/ 277)
''تصدقوا وداووا مرضاكم بالصدقة؛ فإن الصدقة تدفع عن الأعراض والأمراض، وهي زيادة في أعمالكم وحسناتكم''. (البيهقي في شعب الإيمان عن ابن عمر)

ترجمہ: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: صدقہ دو اور اپنے مریضوں کا صدقے کے ذریعے علاج کرو ؛ اس لیے کہ صدقہ پریشانیوں اور بیماریوں کو دور کرتاہے اور وہ تمہارے اعمال اور نیکوں میں اضافے کا سبب ہے۔

2. روزانہ صبح نہار منہ سات دانے مدینہ منورہ کی عجوہ کھجور کھلائیں، ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کی والدہ کی بیماری بہت جلد ختم ہوجائے گی۔ حدیث شریف میں ہے:

''عن سعد قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: من تصبّح بسبع تمرات عجوة لم يضره ذلك اليوم سم ولا سحر. متفق عليه. وعن عائشة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: إن في عجوة العالية شفاء، وإنها ترياق أول البكرة. رواه مسلم.''

ترجمہ:حضرت سعد رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جو شخص صبح کے وقت عجوہ (کھجور) کے سات دانے کھائے اس دن اسے نہ تو زہر نقصان پہنچائے گا نہ ہی جادو۔ (بخاری ومسلم) اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک عالیہ (مدینہ منورہ کی بالائی جانب) کی عجوہ (کھجور) میں شفا ہے، اور اسے نہار منہ کھانا "تریاق" (زہرکا علاج) ہے۔ (مسلم)

3۔  مسنون دعاؤں کی کوئی مستند کتاب (مثلاً: مولانا محمد عاشق الٰہی صاحب کی کتاب "مسنون دعائیں") خرید لیجیے، اور اس سے صبح وشام حفاظت کی دعائیں اور بیماری وغیرہ کی دعائیں خود بھی پڑھنے کا اہتمام کریں اور والدہ سے بھی پڑھوائیں۔

4۔ "یا سلام" کا کثرت سے ورد کروائیں، امید ہے اللہ پاک جلد صحت سے نوازیں گے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909201343

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں