بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اگر آج کے بعد آپ لوگوں سے بات کی تو میری بیوی کو تین طلاق ہوجائےگی


سوال

میں نے اپنی بھابھیوں سے کہا کہ اگر آج کے بعد میں نے آپ لوگوں سے بات کی تو میری بیوی کوتین طلاق ہو جائے گی، مگر ایک دن باہر جاتے ہوئے میں نے اپنی بھابھیوں کو سلام کردیا تو کیا تین طلاق واقع ہوئی یا نہیں؟ اور کیا سلام کرنا بات کرنے میں شامل ہے یا نہیں؟ اور اب کیا میں یہ اپنی طلاق کی قسم واپس لے سکتا ہوں یا نہیں ؟

جواب

سلام کرنا بات کرنے میں داخل ہے؛ لہذا صورتِ مسئولہ میں تینوں طلاق واقع ہوچکی ہیں، رجوع بھی جائز نہیں، اور تجدیدِ نکاح کی بھی اجازت نہیں۔ الا یہ کہ بیوی عدت گزار کر دوسری جگہ نکاح کرلے، اور دوسرے شوہر کا انتقال ہوجائے یا وہ حقوقِ زوجیت ادا کرنے کےبعد از خود طلاق دے دے، اور اس کی عدت بھی گزر جائے، پھر آپ کے لیے اس سے نکاح جائز ہوگا، تاہم دوسرا نکاح کرانے میں آپ کا شریک ہونا جائز نہیں ہوگا۔ 

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وَإِذَا أَضَافَهُ إلَى الشَّرْطِ وَقَعَ عَقِيبَ الشَّرْطِ اتِّفَاقًا". ( الْفَصْلُ الثَّالِثُ فِي تَعْلِيقِ الطَّلَاقِ بِكَلِمَةِ إنْ وَإِذَا وَغَيْرِهِمَا، ١ / ٤٢٠)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وَلَوْ مَرَّ الْحَالِفُ عَلَى جَمَاعَةٍ فِيهِمْ الْمَحْلُوفُ عَلَيْهِ فَسَلَّمَ الْحَالِفُ عَلَيْهِمْ حَنِثَ وَإِنْ لَمْ يَسْمَعْ الْمَحْلُوفُ عَلَيْهِ، كَذَا فِي فَتَاوَى قَاضِي خَانْ. فَإِنْ نَوَى الْقَوْمَ دُونَهُ لَمْ يَحْنَثْ فِيمَا بَيْنَهُ وَبَيْنَ اللَّهِ تَعَالَى وَلَا يَدِينُ فِي الْقَضَاءِ، كَذَا فِي الْبَدَائِعِ. وَلَوْ سَلَّمَ عَلَى قَوْمٍ فُلَانٌ فِيهِمْ حَنِثَ وَإِنْ لَمْ يَعْلَمْ وَلَوْ اسْتَثْنَاهُ بِأَنْ قَالَ: السَّلَامُ عَلَيْكُمْ إلَّا عَلَى فُلَانٍ لَمْ يَحْنَثْ وَلَوْ قَالَ: إلَّا عَلَى وَاحِدٍ وَعَنَاهُ صُدِّقَ كَذَا فِي الْعَتَّابِيَّةِ". ( كِتَابُ الْأَيْمَانِ وَفِيهِ اثْنَا عَشَرَ بَابًا، الْبَابُ السَّادِسُ فِي الْيَمِينِ عَلَى الْكَلَامِ، ٢ / ٩٧ - ٨٨) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144105200214

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں